• 25 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ مالٹا کا چوتھا جلسہ سالانہ 2022ء

جماعت احمدیہ مسلمہ میں جلسہ سالانہ کو نمایاں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ جلسہ سالانہ کا باقاعدہ آغاز قادیان دارالامان میں بانیٴ جماعت احمدیہ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے وقت میں ہوا۔ یہ جلسہ ہر سال خاص ایام میں دینی علوم کو حاصل کرنے، نئے شامل ہونے والے احباب جماعت سے تعارف اور تعلق بڑھا نے اور فوت شدگان کے لئے دعائیں کرنے کی غرض سے رکھا گیا تھا۔ اس جلسہ کی کامیابی کے لئے اور اس سے حاصل ہونے والے دور رس اثرات کے لیے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے خاص دعائیں کی ہیں۔ انہی دعاوں کا وارث بننے کے لیے ہر ملک میں مختلف حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکزی جلسہ کی یاد میں اپنا اپنا قومی جلسہ منعقد کیا جاتا ہے۔ جلسہ سالانہ مالٹا بھی اسی وحدت کی ایک کڑی ہے۔

اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم اور ہمارے پیارے حضور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سےجماعت احمدیہ مالٹا کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ موٴرخہ 30؍اکتوبر 2022ء بروز اتوارکو گونزی ہال، کیتھولک انسٹی ٹیوٹ، فلوریانا، مالٹا میں منعقد کر نے کی توفیق ملی۔ جلسہ خاص طور پر دو نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلی نشست خالصتاً مقامی جماعت کے ارکان کے لیے مختص تھی جس میں اختصار کے ساتھ اسلامی تعلیمات اور تزکیہ نفس جیسے تعلیمی اور تربیتی موضوعات پر گراں قدر روشنی ڈالی گئی۔ دوسری نشست میں مالٹا کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے زیر تبلیغ افراد کو شرکت کرنے اور پرامن اجتماع کو یادگار بنانے کی دعوت دی گئی تھی۔

اس سال کے جلسہ سالانہ کا موضوع ’’خلافت، نظام اور اطاعت‘‘ تھا۔ پہلی نشست کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ وقاص احمد صاحب کو ملی۔اس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام ’’محمود کی آمین‘‘ میں سے ناصر محمود صاحب نے چند اشعار پیش کئے۔

جلسہ سالانہ مالٹا 2022ء کے لیے پیارے حضور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا نے انگریزی اور اردو ترجمہ کے ساتھ پڑھ کر سنایا۔ جماعت احمدیہ مالٹا کے اراکین نے درج ذیل موضوعات پر کمال حاصل تقاریر پیش کیں۔

نعمان عاطف صاحب نے ’’نماز ہماری پہچان ہے‘‘ کے عنوان پر انگریزی، رؤف بابر صاحب نے ’’مالی قربانی کی اہمیت و براکات‘‘ کے عنوان پر اردو، کاشف حیدر صاحب نے ’’تبلیغ ہماری اجتماعی ذمہ داری‘‘ کے عنوان پر انگریزی، مصور احمد صاحب نے ’’مغربی معاشرہ اور تربیت کے تقاضے اور ذرائع‘‘ کے عنوان پر اردو اور محمد احمد ادریس صاحب نے ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ کے عنوان پر انگریزی زبان میں تقریر کی۔ اس سیشن کی آخری تقریر خاکسار لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا کی تھی جس کا موضوع ’’خلافت، نظام اور اطاعت‘‘ تھا۔ اپنی تقریر کے اختتام پر خاکسار نے ایک بار پھر حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام پڑھ کر سنایا۔پہلی نشست کے بعد نماز ظہر اور عصر باجماعت ادا کی گئیں۔

دوسرا اجلاس

’’امن کے لیے ایک ساتھ-Together for Peace‘‘

کے موضوع پر منعقد ہوا جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ وقاص احمدصاحب نے حاصل کی۔ جری اللہ خالد صاحب نے نشست کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے اور جلسہ سالانہ کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔

اس اجلاس میں Happy Parenting Malta کی صدر مکرمہ میری گاؤچی صاحبہ، یونیورسل پیس فیڈریشن مالٹا کے صدر مکرم برائن کورلیت صاحب، مہاجر خواتین کی تنظیم کی صدرمحترمہ عمائمہ الامین عامراور کیتھولک پادری مکرم الفرید ویلا صاحب نے معاشرے میں قیام امن کے حوالہ سے تقاریر کیں۔

اس اجلاس کی اختتامی تقریر خاکسار لئیق احمد عاطف مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا نے ’’آنحضرت ﷺ اور امن عالم‘‘ کے عنوان پر پیش کی۔ خاکسار نے قیام امن کے حوالہ سے قرآن پاک اور آنحضرت ﷺ کے اسوہٴ حسنہ کی روشنی میں راہنماء اصول پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ خاکسار نے اپنی تقریر کا اختتام سیدنا خلیفہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے پیغام اور دعا کے ساتھ کیا جس میں پیارے آقا نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ میں دنیا کو قیام امن کی طرف توجہ دلائی۔ حضور انور نے فرمایا۔ ’’میری پرزور درخواست اور دنیا کو یہ پیغام ہے کہ ہمیں اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر معاشرے میں امن قائم کرنے کے لیے انتھک محنت کرنی چاہیے تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بچا سکیں… امن کے قیام میں ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ جہاں بھی ظلم ہو یا ناانصافی ہو، ہمیں اس کی مذمت کرنی چاہیے… امن کی اس کوشش میں مسلمانوں، عیسائیوں، یہودیوں، ہندوؤں اورسکھوں سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے… مذہبی لوگوں کو اپنے اپنے طریق کے مطابق خدا کی مدد اور رحمت مانگتے ہوئے پرجوش طریق اور دلی جذبہ سے دنیا میں حقیقی اور پائیدار امن کے قیام کے لئے دعا کرنی چاہیے۔ میں دل کی گہرائیوں سے دعا کرتا ہوں کہ دنیاہر قسم کی تباہی اور بربادی سے بچ جائے۔ میں دعا کرتا ہوں کہ جنگ اور خونریزی کے طویل سائے جو ہمارے اوپر منڈلا رہے ہیں کے بجائے امن اور سلامتی کے لازوال نیلے آسمان کی راہیں استوار ہوں۔ اللہ تعالیٰ دنیا پر رحم فرمائے۔‘‘

(بیت الاکرام مسجدکے افتتاح کے موقع پر خطاب بمقام ڈیلاس، ٹیکساس امریکہ مؤرخہ 8؍اکتوبر 2022ء)

دعا کے ساتھ اس جلسہ سالانہ کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا۔

اس جلسہ سالانہ کے کل شاملین کی تعداد60تھی۔ مقامی جماعت مالٹا سے تعلق رکھنے والے 29افراد مرد، عورت، بچے اور جوان شامل ہوئے اور 31زیر تبلیغ غیر مسلم اور غیر احمدی احباب نے شرکت کی۔ خدائے رب العزت سے دعا ہے کہ آئندہ بھی سالانہ جلسہ بھرپور رنگ میں منانے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں قیمتی نصائح پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم مصور احمد صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ مالٹا کو افسر جلسہ سالانہ مقرر فرمایا تھا۔ مکرم حسن بشیر صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کو بطور نائب افسر جلسہ سالانہ خدمت کی توفیق ملی۔ اس جلسہ سالانہ کی تیاری اور جلسہ کے انتظامات میں افسر، نائب افسر جلسہ سالانہ اور ان کی ٹیم کے ممبران حافظ وقاص احمد صاحب، رؤف بابر صاحب، جری اللہ خالد صاحب، شبیر احمد صاحب، تنویرالظفر صاحب، محمد احمد ادریس صاحب، ناصر محمود صاحب، کاشف حیدر صاحب، احمد حمزہ صاحب اور نعمان عاطف صاحب نےخصوصی تعاون کیا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء فی الدنیا ولآخرۃ

حضور انور ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام

پیارے احباب جماعت احمدیہ مسلمہ مالٹا

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَ بَرَ کَاتُہ

مجھے بہت خوشی ہے کہ آپ مؤرخہ 30؍ اکتوبر 2022ء کو اپنا چوتھا جلسہ سالانہ منعقد کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو نمایاں کامیابی سے ہمکنار کرے اور تمام شرکاء کو بے پناہ روحانی برکتیں حاصل ہوں اور آپ نیکی، طہارت اورتقویٰ میں ترقی کرنے والے ہوں۔

حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بیعت میں داخل ہونے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہم پر جو خاص انعامات ہوئے ہیں ان میں سے ایک جلسہ سالانہ کا قیام ہے۔ یہ ایک منفرد موقع ہے جو ہمیں اس قابل بناتا ہے کہ ہم اپنے روحانی اور اخلاقی معیار کو بہتر بنانے اور اپنے مذہبِ اسلام کے بارے میں اپنے علم میں اضافہ کرنے والے ہوں۔ جلسہ سالانہ ہمیں نیکیوں میں ترقی کرنے اور اللہ کا قرب حاصل کرنے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ لہٰذا ہر فرد جو جلسہ میں شرکت کرنے کی سعادت حاصل پارہا ہے، خواہ وہ مرد ہو یا عورت، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ جلسہ کوئی عام تقریب یا میلہ یا تہوار نہیں ہے بلکہ یہ ایک ایسا پروگرام ہے جس کا واحد مقصد ہمیں اس قابل بنانا ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کر سکیں۔

میں آپ کو خلافت احمدیہ کےالٰہی نظام کی خاص اہمیت کی طرف توجہ دلاتا ہوں جو بے شمار نعمتوں کا سرچشمہ ہے۔ آپ کو خلیفۃ المسیح کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی بھرپور جدوجہد اور کوشش کرنی چاہیے اور ہمیشہ مخلص اور وفادار رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ آپ اپنے بچوں کو بھی خلافت کی اہمیت سمجھائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی آنے والی نسلیں ہمیشہ کے لیے خلافت کی بابرکت راہنمائی، حفاظت، ڈھال،قیادت اور سرپرستی سے مستفید ہوں۔ یاد رکھیں اسلام کا مستقبل اور عالمی امن کا قیام بہت بڑا انحصارخلافت احمدیہ پر ہے۔

میں آپ کونصیحت کرتا ہوں کہ ہمیشہ نظام جماعت کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ اگر آپ متحد رہیں گے تو ہی آپ آگے بڑھ سکتے ہیں اور ترقی کرسکتے ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ آپ جماعت کے تمام پروگراموں کی مکمل حمایت اور نفاذ کے لیے، نظامِ جماعت کے ساتھ اطاعت اور تعاون کے جذبے سے، اور کامیابی کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عہد کریں۔

اس کے علاوہ، یہ بھی ضروری ہے کہ افرادِ جماعت ہمیشہ احترام اور خیر سگالی کے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو کریں۔ باہمی محبت اور بھائی چارے کی نصیحت کرتے ہوئے حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام فرماتے ہیں:
’’آپس میں اخوت اور محبت کو پیدا کرو اور درندگی اور اختلاف کو چھوڑ دو۔ ہر ایک قسم کے ہزل اور تمسخر سے مطلقاً کنارہ کش ہو جاؤ کیونکہ تمسخر انسان کے دل کو صداقت سے دور کر کے کہیں کا کہیں پہنچا دیتا ہے۔ آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ عزت سے پیش آؤ۔ ہر ایک اپنے آرام پر اپنے بھائی کے آرام کو ترجیح دیوے۔ اللہ تعالیٰ سے ایک سچی صلح پیدا کرلو اور اس کی اطاعت میں واپس آجاؤ… ہر ایک آپس کے جھگڑے اور جوش اور عداوت کو درمیان میں سے اٹھا دو کہ اب وہ وقت ہے کہ تم ادنیٰ باتوں سے اعراض کر کے اہم اور عظیم الشان کاموں میں مصروف ہو جاؤ۔‘‘

(ملفوظات جلد1 صفحہ266-268)

میں آپ کو نصیحت کرتا ہوں کہ کثرت سے دعائیں کریں کیونکہ اللہ کی مدد کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔ اللہ کی نصرت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کی عبادت کے تقاضوں کو پورا کریں اور اپنی پنجوقتہ نمازوں کا خیال رکھیں۔ جلسہ کے دوران بھی فضول یا غیر متعلقہ باتوں میں الجھنے کی بجائے پوری توجہ اللہ کے ذکر پر مرکوز رکھیں۔ آپ مسلسل درود و استغفار کا ورد کرتے رہیں اوردعاؤں میں مشغول رہیں۔ تمام حاضرین کو یاد رکھنا چاہیے کہ آپ کا مقصد اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنا ہے اور آپ کو دنیا کے معاملات پر اپنے ایمان کو مقدم رکھنا چاہیے۔

آخر میں، میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے جلسہ کو نمایاں کامیابی سے عطا کرے اور آپ کو اپنے ایمان کو مضبوط اور تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو نیکی، تقویٰ اور طہارت میں بڑھنے، اسلام احمدیت اور انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی پیدا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب پر فضل فرمائے۔

والسلام
مرزا مسرور احمد
خلیفۃ المسیح الخامس

(رپورٹ:لئیق احمد عاطف۔ مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ مالٹا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 نومبر 2022

اگلا پڑھیں

سیّدنا حضرت امیر المؤمنین کا دورہ امریکہ 2022ء (قسط 19۔ حصہ اول)