• 4 مئی, 2024

الفضل کے حوالے سے ماہ نومبر میں موصول ہونے والی قارئین کی (قسط نمبر12)

الفضل کے حوالے سےماہ نومبر میں موصول ہونے والی قارئین کی آراء و تبصرے
قسط نمبر12

• علم و عرفان کا بحر قلزم
الفضل آن لائن لندن پرتبصرہ کرنا ایسا ہی ہے کہ علمی دریا میں بہتی ناؤ سے اگر ایک جگ روحانی سیرابی کی خاطر لے لیا جائے تو دریا کی حیثیت پرکیا اثر پڑے گامگر اس سے سیراب ہونے والے کو نئی حیات نصیب ہوگی۔ اللہ تعالیٰ اس علمی دریا کو روانی کے ساتھ بہنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس دریا کے پانی سے روحانی کھیت ہمیشہ سیراب ہوں اور عوام الناس کوصحت مند روحانی کھیتی میسر ہو آمین۔ اس دسترخوان پرجو میوے موجود ہیں ان سے لطف اندوز ہونے کے بعد وہ میوے خدا کرے ہمارے لئے جنت کے میوے بن جائیں آمین۔پیارے حضور انور کے بیرونی دورہ جات کی مفصل رپورٹینگ اور اس کے اثرات دوستوں کی زبانی سُننے یا الفضل میں پڑھنے کو ملتے ہیں الحمدللہ۔ دیگر مضامین، منظوم کلام، فقہی مسائل اور ان کا حل، ہمارے علم میں اضافے کا موجب ہیں۔ اللہ تعالیٰ کےپاک کلام، حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد، حضرت سلطان القلم کے فرمودات اور امام وقت کا فرمان پڑھنے سے دل میں ایمانی قوت اور مضبوطی پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ نیکی میں آگے بڑھنے کی توفیق ملتی ہے۔ اللہ تعالیٰ جماعت کے اس اہم آرگن کو مزید ترقیات سے نوازے۔آمین۔

ایک اور مکتوب میں لکھتے ہیں۔
خاکسار روزنامہ الفضل کی تحریرات پر مختلف آراء دیکھتا ہے۔ بلاشبہ اس میں لکھنے والے علم کا بیش بہا خزانہ لئے ہوئے ہیں۔ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کی رہنمائی میں یہ روزنامہ بہترین خدمت دینیہ بجا لا رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے مزید ترقیات سے نوازے۔ آمین۔ حضور انورکے دورہٴ امریکہ کی اقساط پڑھ کر دل اللہ تعالیٰ کی حمد سے بھر جاتا ہے۔ لکھنے والے کمال کا لکھتے ہیں او ر خاکسار پڑھ کر سوچتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نہایت قابل ذہن لکھاری جماعت کو عطا کئے ہیں۔ خدا تعالیٰ ان کی تحریروں سے ہم سب کوفیض پہنچاتا رہے۔ آمین۔

(اے آر بھٹی۔میلبورن، آسٹریلیا)

• میوہ ہائے دین
موٴرخہ 27 اکتوبر 2022ء کو شائع ہونے والا مضمون جومکرمہ منصورہ فضل من آف قادیان کے شعر کے مصرع پہ تھا اگر میں یہ کہوں تو بے جا نہ ہوگا کہ محترمہ منصورہ نے میرے منہ کی بات بیان کردی۔ میں یہ اس لئے نہیں کہہ رہا کہ انہوں نے بڑی جرأت کی اور بڑا سچ بیان کیا۔

بلکہ دین کے میوے کے طور پر بیان کرکے ایک بات سمجھائی کہ کھانےکی طرح جلدی جلدی کرنے کی بات نہیں، یہ سمجھ سمجھ کر مزہ لے لے کر سمجھنے اور بیان کرنے کی بات ہے۔سچ ہے کہ دنیائے ادب کا ایک بڑا طبقہ اخبار الفضل کا شدت سے انتظار کرتا اور تسکین روح پاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس روحانی و علمی مائدہ سے بھر پور استفادہ کی توفیق دے آمین۔

(ڈاکٹر نصیر احمد طاہر۔ ساوتھ ویلز یوکے)

• بہترین اداریہ
موٴرخہ 20 اکتوبر کے شمارے میں اداریہ بعنوان ’’ایک انگریزی محاورے پر طبع آزمائی‘‘ پڑھا۔ واقعی ہماری زندگی ہماری اپنی لکھی تحریر ہے اس میں تصحیح یاتوسیع کر کے ہی ہم خود کو بہتر کرتے ہیں۔ اچھا تحریر کریں گے تو آخرت میں بھی داد ملے گی اور ہمارے بعد آنے والے بھی شوق اور عقیدت سے پڑھیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق دے۔ آمین۔

(عائشہ چوہدری۔جرمنی)

• پرانی یادیں تازہ ہوگئیں
موٴرخہ 5 نومبر 2022ء کے شمارے میں ذیشان محمود صاحب کا مضمون ’’ایک گمنام استانی بشری داؤد مرحومہ‘‘ پڑھا تو پرانی یادیں تازہ ہو گئیں۔ بشری باجی ہماری کراچی جماعت کی شہزادی تھیں۔ جب بھی وہاں کا چکر لگے ان کی قبر پر دعا کی توفیق ملتی ہے۔ اللہ تعالیٰ الفضل کو بہت ترقیات عطا فرمائے اور آپ سب کو جزائے خیر دے۔ آمین۔

(عظمی مومن)

• علمی مائدے کا دسترخوان
خدا تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی خواہش کہ تعلیم اور دعا کے موضوع پر کتاب یا رسالہ لکھا جائے کو پورا کرنے کی سعادت ادارہ الفضل آن لائن کو نصیب ہوئی ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ۔ اللہ تعالیٰ اس کاوش کو قبول فرمائے اور اس عظیم کام میں تعاون کرنے والے تمام افراد کو اس کا اجر عظیم عطا فرمائے اور تمام قارئین کو اس علمی اور روحانی مائدہ سے بھرپور استفادہ کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

ایک اور مکتوب میں لکھتی ہیں۔
بہت عمدہ مضمون ہے۔ پہلے ہماری شاعرہ مکرمہ منصورہ فضل من نے اتنا عمدہ کلام لکھ کر کمال کیا ہے پھر آپ نے اس کی وضاحت کر کے اس مصرعے کو مزیدچار چاند لگا دئے ہیں ماشاءاللّٰہ۔ مضمون سے متعلقہ تصویر کا چناؤ بھی مضمون کی اہمیت اور حسن کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ

؎نعمتیں چن دی گئیں ہیں اس کے ہر قرطاس پر
میوہ ہائے دین کا الفضل، دسترخوان ہے

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان نعمتوں کو ہمیشہ جاری رکھے اور ہمیں ان سے بھر پور استفادہ حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ان نعمتوں کو چننے والوں کو بھی بہترین جزا عطا فرمائے آمین ثم آمین۔

(امۃ الشافی رومی۔ قادیان)

محفل لوٹ لی
حضرت اقدسؑ کا بر محل اقتباس مضمون کو رفعت عطا کر دیتا ہے۔ جیسے شاعر اچھی غزل سنا کے مشاعرہ لُوٹ لیتے ہیں۔ آپ کسی خیال پر گرہ لگا کر محفل لُوٹ لیتے ہیں۔ بارک اللّٰہ۔

(امتہ الباری ناصر۔ امریکہ)

• روحانی وٹامن سے بھر پور
ماشاءاللّٰہ! مورخہ 27 اکتوبر 2022ء کو شائع ہونے والا اداریہ بہت ہی منفرد اور روحانی وٹامن سے بھرپور تھا۔

(نصرت قدسیہ۔ فرانس)

• بہترین انداز بیان
بہت احسن طریق سے یہ مضمون لکھا اور سمجھایا گیا۔ جزاک اللہ احسن الجزاء۔

’’میوہ ہائے دین کے دستر خوان کا لطف اٹھا رہی ہوں‘‘ میں الفضل کو ارشاد باری تعالیٰ سے شروع کر کے چھوٹی سی بات تک ختم کرتی ہوں اس لئے وقت درکار ہوتا ہے۔ اللہ آپ کو ڈھیروں ڈھیروں جزائے خیر عطا فرمائے ہمیں بھی پڑھنے لکھنے والوں میں شامل کر لیا۔

(صادقہ مرزا۔ آٹوا کینیڈا)

• کمال کا سانچہ
موٴرخہ 15؍نومبر 2022ء کے شمارے کا تفصیلی مطالعہ کیا۔

الحمد للّٰہ! ذرا بھی بوریت یا تھکاوٹ کا احساس نہیں ہوا۔ روحانی سانچہ تو آپ نے کمال کا بنایا ہے. ہر بات سانچے کی مناسبت سے اس میں فٹ کردی ہے ماشاءاللہ۔ وقف زندگی کا مضمون بھی بہترین ہے۔پھر Historic Past and Dynamic Future والا اداریہ بھی بہت شاندار لکھا ہے۔ سید شمشاد ناصر صاحب کے مضامین بھی بہت دلچسپ ہوتے ہیں۔ تفسیر کبیر پر جو مضمون آ رہا ہے وہ بھی بہت اچھا سلسلہ ہے۔ کل کے اخبار میں ایک چھوٹا سامضمون گوجرہ کے مفتی صاحب والا بھی بہت دلچسپ تھا۔

(سعدیہ طارق)

• روحانی فلائٹ کا لطف
موٴرخہ 12؍نومبر 2022ء کو خلافتِ احمدیہ کی ہفتہ وار روحانی فلائٹ نے تو ایسی روحانی سیر کروا دی جس کا تصور بھی نہیں کیا تھا۔ پیارے حضور ایدہ اللہ کا مسجد میں آنا اور پھر سب کو اپنے ساتھ اس روحانی فلائٹ کے مختلف روحانی نظارے کروانا ایسے ہی لگ رہا تھا کہ کسی اور ہی فضا میں ہیں۔ جہاں اللہ ہی اللہ ہے۔ اتنا قریب کہ بے اختیار سبحان اللّٰہ منہ سے نکل جائے۔ دعا ہے کہ ہم بھی روحانی ماحول سے خوب استفادہ کرنے والے ہوں۔ آمین ثم آمین۔

(صادقہ چوہدری۔ کینیڈا)

• حسرت بھری لذت کا باعث
موٴرخہ 11؍نومبر کے شمارے میں شائع ہونے کے تمام تاثرات نے دل کو حسرت بھری لذت دی۔ خوش نصیب ہیں وہ جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پیشگوئی کی صداقت کو براہ راست دیکھ رہے ہیں اور حسرت اس بات کی ہے کہ کاش! ہم بھی زائن میں ہوتے۔ اللہ تعالیٰ الفضل اور ایم ٹی اے کو سلامت رکھے۔ آمین۔

(نبیلہ رفیق۔ناروے)

• بہترین لٹریچر کی اشاعت
میں نے روزنامہ الفضل آن لائن کے زیر اہتمام شائع ہونے والی کتب کو محفوظ کر لیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کاشوں کی اشاعت پر آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔یہ کتب جماعت کے لٹریچر میں بہترین اضافہ ہیں۔

(آر آر قریشی)

• عمدہ مماثلت
موٴرخہ 27 اکتوبر 2022ء کو شائع ہونے والا مضمون بعنوان ’’میوہ ہائے دین کا الفضل دسترخوان ہے‘‘ مکرمہ منصورہ فضل من کے شعر کی بہت شاندار اور جامع تشریح ہے۔ نہایت لطیف پیرائے میں مادی دسترخوان کی الفضل کے روحانی دسترخوان سے مماثلت قائم کی گئی ہے کہ ہر سطر کو پڑھتے ہوئے دل دادو تحسین دیتا رہا۔

(ثمرہ خالد۔ جرمنی)

پچھلا پڑھیں

مصلح موعود کی یاد میں

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 دسمبر 2022