• 18 مئی, 2024

جماعت احمدیہ سیرالیون کی سرگرمیاں

گزشتہ دنوں جماعت احمدیہ سیرالیون میں ہونے والے بعض پروگراموں کی رپورٹ پیشِ خدمت ہے۔

کینیما ریجن کی جماعت بواجے بو میں تقریب آمین

مورخہ 24 ؍ فروری کو بواجے بو جماعت میں جماعت احمدیہ سیرالیون کے صد سالہ جشن تشکر اور آمین کی تقریب ہوئی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد جماعت کی تاریخ بتائی گئی کہ کس طرح سو سال قبل پہلے مبلغ یہاں تشریف لائے اور کس طرح مشکل حالات کے باوجود اسلام احمدیت کا پیغام اس ملک کے گوشے گوشے میں پھیلا۔

بواجے بو کے علاوہ چار اور جماعتوں سے انصار، خدام، لجنہ، ناصرات اور اطفال کے علاوہ بڑی تعداد میں غیرازجماعت احباب نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ ان غیر ازجماعت مہمانوں میں دو چیفڈم سپیکر، چیفڈم امام، دو کونسلر، پرنسپل اور بعض عیسائی دوست بھی شامل تھے۔

اس کے ساتھ ہی آمین کاپروگرام ہوا جس میں مکرم ڈاکٹر شیخو تامو صاحب نائب امیر اول نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن سنا اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔پانچ بچوں کوقرآن کا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی اور چھ بچوں نے یسرناالقرآن مکمل کرکے قرآن کریم پڑھنا شروع کیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

ناظمین انصاراللہ کا ایک روزہ ریفریشر کورس

مورخہ 27 ؍ فروری کو فری ٹاؤن میں قیادت تربیت کے زیرانتظام مجلس انصاراللہ کے ناظمینِ اعلیٰ کا ایک ریفریشر کورس ہوا۔ پروگرام کا انعقاد قائد تربیت طاہر احمد بھٹی صاحب کی زیرِ نگرانی ہوا۔

ریفریشر کورس میں جن امور کی طرف توجہ دلائی گئی ان میں نماز باجماعت کا اہتمام، ہفتہ وار نفلی روزے کی ترغیب، حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ جمعہ سننے، حضورِ انور کی خدمت میں باقاعدگی سے دعائیہ خطوط لکھنے، سالانہ ترنیتی پروگراموں کا انعقاد کرنے اور رپورٹ سسٹم کو باقاعدہ کرنے اور وقفِ عارضی کی طرف توجہ دلائی گئی۔

مکرم امیر صاحب مولانا سعیدالرحمن صاحب نے ناظمین کو رشتہ ناطہ کا نظام فعال کرنے اور اس کی اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔

اسی موقع پر تمام ناظمین نے حضورِ انور کی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھے۔

دعا کے ساتھ اس ایک روزہ ریفریشر کورس کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ اس موقع پر ناظمین اعلیٰ کی حاضری سو فیصد رہی۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن ۔ سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 مارچ 2021