• 25 اپریل, 2024

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی سرگرمیوں کی ایک جھلک

جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی سرگرمیوں کی ایک جھلک
ماہ مارچ 2022ء

تبلیغ

دوران ماہ سنٹرل مشن کی طرف سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ کی تعداد میں تبلیغی پمفلٹ چھاپ کر ملک بھر میں تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ ریجن بانفورا اور ریجن وایوگیانے دوران ماہ تبلیغ کے لیے ریجن میں کتابچہ تقسیم کرنے کا پروگرام منعقد کیا اور عالمی بحران اورامن کا رستہ کے موضوع پر چھپے کتابچے تقسیم کیے۔

تعمیر مساجد

ریجن توگاں کی جماعت سانکوئے میں ایک نئی مسجد کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اس مسجد کی تعمیر چھت تک ہو گئی ہے۔

خدمت خلق (بینائی کا تحفہ)

ریجن یاکو میں جماعت احمدیہ کی فلاحی تنظیم ہیومینٹی فرسٹ کے پروگرام گفٹ آف سائٹ کے تحت فری آئی کیمپ کاانعقاد کیا گیا یہ کیمپ 28 فروری تا 5 مارچ 2022 تک رہا اس میں 510مریضوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 146مریضوں کا مفت آنکھوں کا کیٹاریکٹ آپریشن کیا گیا۔

فٹبال ٹورنمنٹ

جماعت احمدیہ ریجن کایا نے دوران ماہ پہلا مسرور فٹبال ٹورنمنٹ مسرور ماراکانا کا انعقاد کیا جو کہ 18 مارچ تا 20 مارچ جاری رہا۔

دورہ وفد نصرت جہاں اسکیم

دوران ماہ 19-22 مارچ نصرت جہاں اسکیم کے تحت دو ڈاکٹر صاحبان (مکرم ڈاکٹر عزیز بھٹی صاحب اور مکرم ڈاکٹر طاہر صاحب) کی ٹیم برکینا فاسو آئی اس وفد نے جماعتی اسپتالوں کے علاوہ ریجن وایوگیا اور سنڑل ریجن واگا ڈوگو میں قائم مختلف بڑے اسپتالوں کا دورہ بھی کیا۔

جلسہ ہائے مسیح موعود ؓ

23 مارچ کو ملک کے طول و عرض میں جلسہ ہائے مسیح موعودؓ کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلہ میں مرکزی ریجن واگا ڈوگو میں ایک بڑاجلسہ جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں منعقد کیا گیا اوراس جلسہ کی صدارت مہمان خصوصی مکرم محمد شریف عودۃ صاحب نے کی اس جلسہ میں ڈیرھ صد کے قریب احباب و خواتین نے شرکت کی۔

مثالی وقار عمل

دوران ماہ ہر ہفتہ و اتوار کو ریجن واگا دوگو کے مقامی خدام جلسہ کی تیاری کے سلسلہ میں جماعتی قطعہ بستان مہدی میں وقار عمل کے لیے آتے رہے اور جلسہ کے انتظامات کے لیے وقار عمل کرتے رہے۔

تقسیم راشن

لجنہ اماءاللہ برکینا فاسو نے تقسیم راشن اور کپڑوں کی تقسیم کا ایک پروگرام منعقد کیا جو کہ ریجنل مہاجرین کی بستیوں میں جا کر تقسیم کیے گئے۔

ذیلی تنظیمیں

ریجن لیول مجلس خدام الاحمدیہ نے میٹنگ منعقد کی اور کمیٹی برائے جلسہ سالانہ کی معاونت اور کام کو مزید بہتر کرنے کی پلاننگ کی گئی۔

ریجن بوبو جلاسو میں مجلس انصار اللہ نے ریجنل عاملہ کو فعال کرنے کے لیے ایک عاملہ اور زعماء اور زونل صدران کی ایک میٹنگ منعقد کی۔

جلسہ سالانہ برکینا فاسو

ماہ مارچ کے آخر پر ہر سال جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو اپنا سالانہ جلسہ منعقد کرنے کی توفیق عطا ہوتی ہے، اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ امسال بھی 25 تا 27 مارچ 2022 یہ 30واں جلسہ منعقد کیا گیا۔

اس جلسہ کی تیاری کے لیے افسر صاحب جلسہ سالانہ مکرم کونے داؤدا صاحب نے مختلف ریجنز کا دورہ کیا جس میں ریجن ٹینکو ڈوگو، کایا، ددگو اور لیوشامل ہیں۔ ان ریجنز میں ریجنل کمیٹی برائے جلسہ سالانہ سے ملاقات ان کی سعی کا جائزہ اور کام کو مزید بہتر کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اسی طرح ریجن ٹینکو ڈوگو، کوپیلا، کودگواور بورومو میں ریجنل مبلغین نے دورہ جات کیے اور احباب جماعت کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں جلسہ سالانہ میں شرکت کرنے کی طرف توجہ دلائی اور ریجنل کمیٹی برائے جلسہ سالانہ سے ملاقات ان کی سعی کا جائزہ اور کام کو مزید بہتر کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اعزاز

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ 21مارچ 2022 کو جماعت احمدیہ برکینافاسو میں مکرم محمد شریف عودۃ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر، فلسطین بطور نمائندہ خصوصی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز برکینا فاسو کے دورہ پر اور بطور مہمان خصوصی جلسہ سالانہ برکینا فاسو 2022 تشریف لائے۔

21 مارچ کو مکرم نمائندہ حضور انور نے سنٹرل مشن میں موجود مرکزی دفاتر، CMA جماعت احمدیہ برکینا فاسو کا قائم کردہ اسپتال، سنٹر میڈیکل احمدیہ، جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی پریس نور الالسلام اور جماعتی مرکزی عمارات کا دورہ کیا۔

22 مارچ کو جماعت احمدیہ برکینا فاسو کے مرکزی دفاتر میں ایک پریس کانفرنس بلائی گئی جس کی صدارت مکرم نمائندہ حضور انور نے کی اس پریس کانفرنس میں مہمان خصوصی نے اپنے برکینا فاسو دورہ کے مقصد اور مختلف پروگرامز کے حوالے سے بات کی۔ اسی پریس کانفرنس میں مکرم محمود ناصر ثاقب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو اور مکرم کونے داودا صاحب افسر جلسہ سالانہ نے امسال کے جلسہ کا موضوع ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ اور جلسہ کی تاریخوں کا باقاعدہ اعلان کیا۔ اسی طرح مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈیو کے نمائندگان صحافیوں نے معزز مہمان کے انٹرویوز ریکارڈ کیے اور دوران ہفتہ نشر کیے۔

23مارچ کو نمائندہ حضور انور نے جامعۃ المبشرین برکینا فاسو میں جلسہ مسیح موعود ؑ کی صدارت کی اور حاضرین سے اس موقع پر خطاب کیااور نماز مغرب اور عشاء پڑھائی۔

24مارچ کو نمائندہ حضور انور نے جلسہ سے ایک روز قبل جلسہ سالانہ برکینا فاسو کے انتظامات کا معائنہ کیا اور نماز مغرب اور عشاء پڑھائی۔

25مارچ کو نمائندہ حضور انور نے جلسہ گاہ میں نماز تہجد پڑھائی اور دوپہر کو خطبہ جمعہ دیا اور شاملین جلسہ کو نماز جمعہ و عصر پڑھائی اسی دن شام پانچ بجے جلسہ کے افتتاحی سیشن میں خطاب کیااور نماز مغرب و عشاء پڑھائی۔

26 مارچ کو نمائندہ حضور انور نےجلسہ گاہ میں نماز تہجد پڑھائی اور بقیہ پانچ نمازوں کی امامت کروائی۔اس کے علاوہ سہ پہر چار بجے تمام مرکزی مبلغین، لوکل مشنریز اور معلمین کے ساتھ ایک نشست کی صدارت کی اور قیمتی نصائح سے نوازا اور مجلس سوال و جواب منعقد کی۔ رات نو بجے عربی بولنے والے احباب کا الگ سے جلسہ عربی زبان میں منعقدہوا اور اس کی صدارت اور اس میں خطاب بھی نمائندہ حضور انور نےکیا۔

27مارچ کو نمائندہ حضور انور نے جلسہ گاہ میں نماز تہجد پڑھائی اور بقیہ پانچ نمازوں کی امامت کروائی اس کے علاوہ جلسہ سالانہ کے اختتامی اجلاس کی صدارت کی اور خطاب کیا۔ جلسہ کے اختتام پر جلسہ کی کوریج کےلیے آئے ہوئے صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ اسی دن رات کو کارکنان جلسہ سالانہ کے ساتھ عشائیہ میں بھی شامل ہوئے۔

28مارچ کو نمائندہ حضور انور نے ریجن پو کا سفر کیا اور وہاں ایک نئی تعمیر کردہ مسجد بیت الرحمن کا افتتاح کیا اور ملحقہ نو تعمیر کردہ معلم ہاوس کا بھی دورہ کیا اور دعا کی۔

29 مارچ کو نمائندہ حضور انور نےریجن بوبوجلاسو کی طرف سفر کیا جہاں اس ریجن میں بناکوروسو کی جماعت میں ایک نئی تعمیر کی گئی مسجد کا افتتاح کیا۔

30مارچ کو نمائندہ حضور انور نے بوبو جلاسو ریجن میں جلسہ تربیت کی صدارت کی اور حاضرین سے خطاب میں قیمتی نصائح سے نوازا۔ اس کے علاوہ جماعتی ریڈیو پر بھی تبلیغی نشست کی صدارت کی اور پیغام حق عوام الناس تک پہنچایا۔

31 مارچ کو نمائندہ حضور انور نے ریجن بوبو جلاسو میں جماعت باما کی ایک نئی تعمیر کردہ مسجد کا افتتاح کیا۔

یکم اپریل کو نمائندہ حضور انور نےریجن بورومو کی جماعت بیچاکو میں ایک مسجد کا افتتاح کیا۔

2 اپریل کو نمائندہ حضور انور جامعۃ المبشرین برکینا فاسو تشریف لائے اور اساتذہ و طلباء کے ساتھ ایک نشست منعقد ہوئی۔ اسی دن رات کو سنڑل مشن ہاؤس سومگاندے میں نمائندہ حضور انور کی واپسی کے موقع پر اعزاز میں ایک االوداعیہ تقریب منعقد کی گئی اور یوں یہ دورہ اختتام پذیر ہوا۔

جامعۃ المبشرین برکینا فاسو

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو اللہ تعالیٰ نے جماعت کے پہلے فرانکو فون جامعہ سے نواز رکھا ہے اور یہ جامعہ 2017سے قائم ہے۔ تمام سال جماعتی پروگرامز اور تقریبات میں جامعہ کے طلباء کی خدمت قابل رشک اور بےمثال ہوتی ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ لیکن سال کا سب سے بڑا اور اہم موقع جلسہ سالانہ ہوتا ہے اور اس کی تیاری کے لیے جامعہ میں تین ہفتہ کے لیے تدریس روک دی جاتی ہے اور طلباء و سٹاف جامعہ دن رات وقار عمل کر کے جلسہ کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر کوشش صرف کر دیتے ہیں اور جلسہ کے بعد جب سب شاملین اپنے گھرچلے جاتے ہیں تو یہی مسیح کے سپہ سالار اپنی پوری ہمت کے ساتھ ایک ماہ سے زائد عرصہ میں لگایا گیا سیٹ اپ صرف تین چار دن میں وائند اپ کر کے دوبارہ تدریس کےلیے تیار ہو جاتے ہیں اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ یہ نظارہ امسال بھی دیکھنے کو ملا اللہ تعالیٰ ان مجاہدین کو قبول فرمائے اور خدمت میں مزید بڑھائے آمین۔

(محمد اظہار احمد راجہ۔ مبلغ سلسلہ، برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ