• 25 اپریل, 2024

ایک بنیاد ی چیز ہمیشہ یاد رکھیں، لڑکیو!

(جرمنی میں واقفاتِ نو او رواقفین نو کی کلاسیں 29/اگست2007ء منعقد ہوئیں۔اس میں سے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بیان فرمودہ بعض نصائح پیش ہیں۔)

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ ایک بنیاد ی چیز ہمیشہ یاد رکھیں، لڑکیو! تم واقفات نو ہو اور جماعت کے لئے کام کرناہے۔ پیسے کے لئے پڑھائی نہیں کرنی۔ اس لئے جو بھی پڑھائی کرنی ہے جماعت کے لئے کرنی ہے تا کہ جماعت کے کام آئیں اور اپنی جو آئندہ گھریلو زندگیاں ہیں ان کے کام آئیں۔ آئندہ نسلوں کے کام آئیں۔ اس لئے یہ نہ سمجھیں کہ ہم ڈگری لے لیں گی یا PHd کر لیں گی یا ریسرچ میں چلی جائیں گی اور پھر ضرور (اسی فیلڈ میں جا کر) وہی کام کر نا ہے۔ پیسے کمانے کی نیت سے نہ پڑھوبلکہ علم حاصل کر نے کی نیت سے پڑھو تا کہ اس سے آگے تم جماعت کو فائدہ پہنچا سکو۔ جماعت کی نسلوں کوفائدہ پہنچا سکو۔

ایک بچی نے سائیکالوجی پڑھنے کے بارہ میں حضور انور سے رہنمائی حاصل کی۔ حضور نے فرمایا کہ اچھی بات ہے پڑھو۔ سائیکالوجی پڑھنی چاہئے۔ As a subject ہے کوئی بات نہیں۔ پڑھانے کے لئے بھی کام آسکتی ہے اور ویسے بھی سائیکالوجی پڑھ کر کچھ مضمون لکھ سکتی ہو تم۔ سائیکالوجی ٹیچنگ میں کام آسکتی ہے، ٹریننگ میں کام آ سکتی ہے۔بہت فائدہ ہے۔

ایک بچی نے حضور انور سے عرض کیا کہ میرا انٹرسٹ (Interest) کیمسٹری میں ہے کیا مَیں کرلوں؟ اس پر حضور نے فرمایا کہ اگر تمہارا انٹرسٹ کیمسٹری میں ہے تو کیمسٹری میں ماسٹرز کروتاکہ پڑھا سکو۔ پھر یہ ضروری نہیں کہ تمہیں جرمنی میں رکھا جائے کہیں بھی بھیجا جا سکتاہے۔ چلی جاؤگی نا؟ بچی نے جوا ب دیا ہاں جی حضور ضرور۔ حضور نے فرمایا چاہے افریقہ بھیج دیں یا پاکستان یا انڈیا یا ساؤتھ امریکہ بھیج دیں؟ بچی نے جواب دیا کہ بھیج دیں۔

ایک بچی نے سوال کیاکہ ٹیچنگ کے لئے دو مضامین لینے پڑتے ہیں، کون سے لیں؟ حضور نے دریافت فرمایا کہ سائنس میں انٹرسٹ ہے؟ بچی نے کہا تھوڑا بہت۔ اس پر حضور نے فرمایا کہ پھر انگلش لے لو اور تم ساتھ ہسٹری لے لو۔ ایک اور بچی نے پوچھا کہ کیا مَیں انگلش اور اسلامیات لے لوں؟ حضور نے فرمایا ٹھیک ہے، بڑی اچھی بات ہے۔

سات بج کر بیس منٹ پر کلاس کا اختتام ہوا۔حضور نے بچیوں کو فرمایاکہ اب کھڑی ہوجائیں۔ پھر حضور نے ہر بچی کو اپنی دس شرائط بیعت والی کتاب اپنے دستخطوں کے ساتھ بطور تحفہ عنایت فرمائی۔ چونکہ ایک گھنٹہ بیس منٹ کی کلاس تھی بعض بچیوں کی ٹانگیں زیادہ دیر تک بیٹھنے کی وجہ سے سُن ہو گئیں اور چلنے میں دقّت پیش آرہی تھی ا س پرحضور انور نے پاؤں کی اُنگلیاں ہلاتے رہنے کی ہدایت فرمائی۔ ایسا کرنے سے گرنے سے بچا جا سکتاہے۔

(بحوالہ الفضل انٹرنیشنل 14/ستمبر تا 20/ستمبر2007ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 عالمی اپڈیٹ 30 جولائی 2020ء