• 28 اپریل, 2024

نماز جنازہ حاضر

حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نےمورخہ 14 ستمبر 2021 ء بروز منگل ،12 بجے دوپہر اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرم لئیق احمد طاہر صاحب ابن مکرم نذیر احمد صاحب (سابق مربی سلسلہ حال یوکے) کی نماز جنازہ پڑھائی۔ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور بیوی بچوں کا حامی و ناصر ہو۔

ادارہ الفضل تمام پسماندگان سے تعزیت کرتا ہے۔

آپ 8ستمبر 2021 کو 68 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے میٹرک کے بعد اپنی زندگی وقف کی ۔ 12ستمبر 1970 کو جامعہ احمدیہ میں داخل ہوئے اور 30اپریل 1978 کو شاہد کا امتحان پاس کیا۔ یکم مئی 1978 کو آپ کا تقرر بطور مربی ہوا اور 30 جون 2021 تک آپ نے نظارت اصلاح وارشاد، وکالت تبشیر اور ایڈیشنل نظارت اصلاح وارشاد دعوت الی اللہ کے تحت پاکستان اور غانا میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ کا عرصہ خدمت کم وبیش 43سال پر محیط ہے۔ آپ نے بڑی محنت اور دیانتداری کے ساتھ اپنا وقف نبھایا۔ اللہ تعالیٰ پر بڑا توکل تھا۔ مشکل سے مشکل حالات میں بھی کبھی شکوہ نہ کرتے تھے۔ آپ کچھ عرصہ قبل اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیٹی کے پاس یوکے آئے ہوئے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں ۔آپ نے اپنی دوبیٹیوں کی شادیاں مربیان سے کیں۔ آپ مکرم عنایت اللہ زاہد صاحب (ریٹائرڈ مربی سلسلہ یوکے) کے بہنوئی تھے۔

اللہ تعالیٰ مرحوم سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ