• 19 مئی, 2024

نماز جنازہ حاضر و غائب

مکرم منیر احمد جاوید پرائیویٹ سیکرٹری یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت امیر المؤمنین خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے مؤرخہ 14؍ ستمبر 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہراپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔

نماز جنازہ حاضر

مکرم رشید صادق امینی صاحب ابن مکرم احمد صادق امینی صاحب (بریڈ فورڈ۔یوکے)

11 ستمبر 2022ء کو 67 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم کے داد ا حضرت نور محمد امینی صاحبؓ آف بھنگیہ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ آپ نے 1976ء میں پاکستان سے یو کے ہجرت کی اور بریڈ فورڈ میں مقیم رہے۔ نمازوں کے پابند، تہجد گزار، بہت مہمان نواز، ملنسار اور فدائی احمدی تھے۔ آپ کو دو بار روضۂ رسول پر حاضر ہونے اور عمرہ کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ 1991ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے ساتھ قادیان جانے کی سعادت بھی پائی۔ اس کے علاوہ بہت سے دورہ جات میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالثؒ، حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ بنصرہ العزیز کے ساتھ قافلہ میں شامل ہونے کی توفیق ملی۔ آپ کو حضرت خلیفۃ المسیح الرابع ؒکے وقت سے تاحال جلسہ سالانہ یوکے پر نعرے لگانے کی سعادت حاصل ہوتی رہی اور اس سال اپنے آخری جلسہ سالانہ یو کے پر بھی شدید بیماری اور تکلیف کے باوجود آپ کو بھر پور نعرے لگانے کی سعادت حاصل ہوئی۔مرحوم اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار بیٹے، ایک بیٹی اور 12 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے ایک بیٹے مکرم مبارز محمود امینی صاحب مربی سلسلہ دارالقضا یوکے میں خدمت کی توفیق پار ہے ہیں۔

نماز جنازہ غائب

-1 مکرم چوہدری امتیاز احمد صاحب ابن چوہدری محمد دین صاحب (کینیڈا)

3؍ جو لائی2022ء کو وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت قاضی نذیر حسین صاحب رضی اللہ عنہ(سیشن جج) صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السّلام کے نواسے تھے۔ آپ کے والد نے صدر جماعت بھڈال اور نائب امیر ضلع سیالکوٹ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم نے خدمت انسانیت کے لئے بڈھال میں ایک فلاحی ادارہ قائم کیا۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، انسانیت کی خدمت کرنے والے، بہت خوش اخلاق، ملنسار، عاجز اور سادہ مزاج انسان تھے۔خلافت کے ساتھ بہت گہرا اخلاص کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چاربیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

-2 مکرم ماسٹر عزیز احمد صاحب چیمہ (سابق صدر جماعت تلونڈی کھجوروالی۔ ضلع گوجرانوالہ)

19؍ اگست 2022ء کو 87سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحو م حضرت چوہدری کرم الٰہی صاحب رضی اللہ عنہ کے بیٹے اور مکرم مولانا فضل الٰہی بشیر صاحب (مربی سلسلہ) کے چھوٹے بھائی تھے۔پیشے کے لحاظ سے سکول ٹیچر تھے۔ مرحوم صوم وصلوۃ کے پابند، مہمان نواز، ہر ایک سے اچھے اخلاق سے پیش آنے و الے ایک نیک فطرت انسان تھے۔آپ نے مقامی سطح پر لمبا عرصہ بحیثیت صدر جماعت خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں پانچ بیٹے اور چھ بیٹیاں شامل ہیں۔

-3 مکرمہ شاہدہ پروین صاحبہ (ربوہ)

اگست 2022ء میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں اور اللہ کے فضل سے موصیہ تھیں۔

-4 مکرم محمد رمضان تبسم صاحب ابن مکرم گانمن خان صاحب ( معلم وقف جدید)

2؍ اگست 2022ء کو41سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحو م نے میٹرک کے بعد اپنی زندگی وقف کرکے 2001ء میں معلمین کلاس وقف جدید میں داخلہ لیا اور دوسالہ کورس پاس کرکے 2003ءمیں بطور معلم وقف جدید خدمت کاآغاز کیا۔ آپ کو 2003ءسے2022تک پاکستان کے مختلف اضلاع مظفر گڑھ، رحیم یار خان، وہاڑی، قصور، سیالکوٹ، ملتان، بہاولپور اور پشاور میں خدمت کا موقعہ ملا۔آپ کو جہاں بھی بھجوایا گیا ہمیشہ لبیک کہا اور کبھی کوئی عذر پیش نہیں کیا۔ وقف کو ہمیشہ وفا کے ساتھ نبھانے کی کوشش کی۔ خلافت کے ساتھ بھی اخلاص کا تعلق تھا۔ بہت ملنسار، خوش مزاج اور عاجز انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-5 مکرم چوہدری جاوید سمیع صاحب ابن مکرم چوہدری عبدالسمیع خادم صاحب (کینیڈا)

2؍ جو لائی 2022ء کو61 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت چوہدری محمد اسماعیل صاحب رضی اللہ عنہ اور حضرت شیخ عبدالرشید بٹالوی صاحب رضی اللہ عنہ کے پڑنواسے تھے۔ مرحوم مکرم چوہدری عبدالسمیع خادم صاحب کے بیٹے تھے جنہوں نے فضل عمر ڈسپنسریزکراچی کے سیکرٹری کے طور پر خدمت کی توفیق پائی اور اسیرراہ مولیٰ بھی رہے۔ مرحوم وفات سے پہلے پیس ویلج ویسٹ جماعت کے جنرل سیکرٹری کے طور پر خدمت بجالا رہے تھے۔ صوم وصلوۃ کے پابند، بہت خوش مزاج، عاجز اور اپنوں اور غیروں کے لئے انتہائی ہمدردی کا جذبہ رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ سے پختہ تعلق اور خلافت سے گہری محبت اور عقید ت تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

-6مکرمہ فردوس بشارت صاحبہ اہلیہ مکرم پروفیسر بشارت احمد صاحب (سابق ریجنل امیر ناردرن اونٹاریو۔ کینیڈا)

27؍جون 2022ء کو83سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ اور ان کے میاں دونوں مالی قربانی میں پیش پیش رہتے تھے۔ایک بڑی پراپرٹی جس میں اس وقت بیت المہدی تعمیر ہے وہ بھی جماعت کو ھبہ کرنے کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، دعا گو، مہمان نواز، غریب پروراور نیک خاتون تھیں۔آپ نے لوکل صدر لجنہ کے علاوہ مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ اپنے میاں کے ساتھ بھی مختلف جماعتی خدمات میں ان کا ہاتھ بٹاتی رہیں۔

-7 عزیزہ باسمہ دانش بنت مکرم محمد فرقان دانش صاحب (ملائیشیا)

18؍جولائی 2022ء کو عزیزہ اپنے والدین کے ساتھ موٹر بائیک پر جارہی تھیں کہ بائیک پل کی دیوار سے ٹکرائی اور سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے وفات پاگئی۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ بوقت وفات عزیزہ کی عمر تقریباً ساڑھے تین سال تھی۔ آپ کے والدین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لےجایا گیااورعلاج کے بعد اب دونوں میاں بیوی اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہتر ہیں۔ اس بچی میں چھوٹی عمر میں ہی اتنی اچھی عادتیں تھیں کہ دیکھنے والے حیران ہوتے تھے۔ ڈیڑھ سال کی عمر میں اس نے قاعدہ پڑھنا شروع کیا۔ اذان ہوتی تو والدین سے کہتی کہ اذان ہورہی ہے باتیں نہ کریں اور خود اپنی والدہ کے سر پر دوپٹہ بھی دیتی۔ روز صبح اٹھ کر سب سے پہلے سلام کرتی تھی۔جب خطبہ ٹی وی پرآتا تو اپنی ماں سے کہتی کہ میں نے حضور کو پیار کرنا ہے۔

اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 ستمبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی