• 26 جنوری, 2022

جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں سالانہ کھیلوں کا انعقاد

اللہ کے فضل اور رحم کے ساتھ امسال بھی جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو موٴرخہ 20 اور 21 اکتوبر 2021ء سالانہ سپورٹس کے انعقادکی توفیق ملی۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَلیٰ ذَالِکَ۔ مکرم طاہر محمود چوہدری امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے بنفس نفیس شامل ہو کر مؤرخہ 20 اکتوبر کو سالانہ کھیلوں کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ فَجَزَاہُ اللّٰہُ خَیْرًا۔

جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں طلبہ کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی صحت پر بھی توجہ دی جاتی۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بابرکت قول ” اَلْمُؤْمِنُ الْقَوِیُّ خَیْرٌ وَ اَحَبُّ اِلَی اللّٰہِ مِّنَ الْمُؤْمِنِ الضَّعِیْفِ‘ کے مطابق ان کی صحت و سلامتی کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔اسی بنیاد پر کھیل، جامعہ کی لازمی سرگرمیوں میں سے ایک اہم سرگرمی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر جامعہ میں فٹبال،والی بال اور ٹیبل ٹینس وغیرہ کھیلوں کا انتظام ہے۔

ان کھیلوں کے ذریعہ طلبہ کی جسمانی نشو ونما اور صحت کی بہتری کے ساتھ ساتھ ان میں مسابقت کی روح پیدا کرنا بھی مد نظر ہوتا ہےاور اسی طرح طلبہ کی جسمانی قابلیتوں اور استعدادوں کو صیقل کرنا بھی کھیل کے مقاصدمیں شامل ہے۔نیز طلبہ کے اخلاقی و تربیتی معیاروں کو بڑھانے میں بھی کھیل بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

سالانہ کھیلوں کے ایام سے قبل اساتذہ جامعہ اور طلبہ پر مشتمل بعض انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مثلا شعبہ میدان عمل، جس کے ذمہ کھیلوں کے لئے مناسب میدان اور ماحول تیار کرنا ہوتا ہے۔ احاطہ جامعہ کی صفائی ستھرائی کے لئےشعبہ وقارعمل، وقت کی پابندی کے لئے شعبہ نظم و ضبط، مہمانان کے استقبال کے لئے شعبہ استقبال، شعبہ ابتدائی طبی امداد، شعبہ ریفریشمنٹ، شعبہ تیاری اسٹیج و تزئین و آرائش، شعبہ سمعی و بصری وغیرہا۔

جامعہ کے طلبہ کو تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے نام امانت،شجاعت اور شفقت ہیں۔اجتماعی مقابلہ جات جیسا کہ فٹ بال، رسہ کشی،والی بال،باڑی اور ٹیبل ٹینس کے ابتدائی مقابلہ جات دوران سال منعقد کروائے گئے۔ سالانہ کھیلوں کے ان مخصوص دو ایام میں ان کھیلوں کے فیصلہ کن مقابلہ جات (FINALS) کا انعقاد ہوا۔ جن کے نتائج کچھ اس طرح رہے:۔
گروپ میچز میں شفقت گروپ دیگر گروپس پر سبقت لیکر اول رہا، اور انعامی ٹرافی گزشتہ سال کے فاتح شجاعت گروپ سے اس سال کے فاتح شفقت گروپ کے حصہ میں آئی۔

انفرادی مقابلہ جات میں پنجہ آزمائی، سومیٹر دوڑ، سولہ سو میٹر دوڑ، نشانہ غلیل، ثابت قدمی، لانگ جمپ، ہائی جمپ، تین ٹانگ دوڑ، فراگ ریس اور روک دوڑ شامل ہیں۔انفرادی مقابلہ جات میں مجموعی طور پر طالبعلم جامعہ عزیزم ابراہیم انگالومبے (IBRAHIM NGALOMBE) مثالی کھلاڑی (بیسٹ اتھلیٹ) قرار پائے۔

طلبہ کے ساتھ ساتھ اساتذۃ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے بھی بعض مقابلہ جات سپورٹس ڈے کا حصہ ہوتے ہیں،جن میں کچھ فاصلہ پر رکھی گئی بوتل میں ہتھیلیوں سے پانی بھرنا،منہ میں چمچ دبا کراس میں کانچ کی گولی رکھ کر بھاگنا اور میو زیکل چیئر کے مقابلہ جات شامل ہیں۔

مؤرخہ 21 اکتوبر کو کھیلوں کا اختتام روک دوڑ کے دلچسپ مقابلہ سے ہوا۔ جس میں طلبہ نے بڑے جوش و خروش سے حصہ لیا، اور شائقین خوب لطف اندوز ہوئے۔ روک دوڑ کے مقابلہ کا مرکزی خیال یہ ہے کہ طالبعلم اس کے ذریعہ اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ میدان عمل میں آنے والی ہر روک، رکاوٹ اور مشکل کا مردانہ وار مقابلہ کرتے ہوئے پیغام حق دنیا کے کناروں تک پہنچانا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کھیل کے شروع میں شاملین کو ایک پیغام پڑھ کر سنایا جاتا ہے، جوہر حصہ لینے والے نے تمام رکاوٹیں عبور کرنے کے بعد آخر پر ریکارڈ کروانا ہوتا ہے۔

بعد ازاں نماز مغرب و عشا ء کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی مکرم و محترم امیر و مشنری انچارج تنزانیہ تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے لئے عزیزم ادریس جمعہ تشریف لائے،اس کے بعد دو طلبہ نے اردو زبان میں ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم و محترم امیر صاحب نے پوزیشن لینے والے طلبہ اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے،اور اپنی نصائح سے نوازا۔تقریب کے اختتام پر مکرم عابد محمود صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے کلمات تشکر ادا کئے۔ تقریب کے بعدتمام طلبہ، اساتذہ اور مہمانان کی خدمت میں عشائیہ دیا گیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ تمام شاملین، منتظمین اور معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اور ان مقابلہ جات کا انعقاد جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے لیے موجب خیر بنائے۔(آمین)

(رپورٹ: حافظ فضل الرحمٰن بشیر۔ نمائندہ الفضل آن لائن تنزانیہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ