• 16 مئی, 2024

کونگو برازاویل میں پہلی مسجد بیت السلام

جون 2005ء میں کونگوبرازاویل میں پہلی دفعہ جماعت احمدیہ کا مشن ہاؤس کھولا گیا۔ 2007 ءمیں جماعت کی رجسٹریشن جماعت احمدیہ مسلمہ کے نام پر ہوگئی۔ الحمدللّٰہ

رجسٹریشن کے بعد کیپٹیل کے باہر نئے علاقوں میں تبلیغ کا آغاز کیا گیا جن دیہات میں جماعت کو تبلیغ کرنے اور جماعت کا پودا لفگانے کی توفیق ملی ان میں سے ایک گاؤں ایمبیمی ہے جہاں پر شروع میں ہی تبلیغ میں کامیابی ہوئی اور کافی بیعتیں ہو گئیں۔ بیعت کرنے والوں میں سے ایک بزرگ مکرم ایمبولا صاحب جن کی عمر 80 سال تھی کو بھی بیعت کرنے کی توفیق ملی اور ان کا نام ابراہیم رکھا گیا۔ مکرم ابرہیم ایمبولا صاحب نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ جماعت ہمارے لئے ایک مسجد بنائے اور مسجد کے لئے انہوں میں سے اپنے پلاٹ میں سے ایک حصہ جماعت احمدیہ کے نام لگا دیا تا کہ ان کے لئے مسجد کی تعمیر کی جاسکے۔

اسی جگہ پر ہمیں اپنی پہلی مسجد 2008 ء میں تعمیر کرنے کی توفیق ملی۔ اس مسجد کی تعمیر کا آمدہ خرچ بفضلہ تعالیٰ درج ذیل افراد کو کرنے کی توفیق ملی:

مکرم حافظ محمد ظفر اللہ صاحب،مکرم منور ذیشان صاحب، مکرم اثمار اعجاز خان صاحب،مکرم سید نعمان صاحب، مکرم فرخ احمد صاحب اور خاکسار سعید احمد مبلغ سلسلہ۔

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اس مسجد کانام بیت السلام تجویز فرمایا۔ مسجد کی تعمیر مکمل ہونے پر 17؍مئی 2009ء کو باقاعدہ اس مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔

افتتاح کے موقع پر 10 جماعتوں سے آئے ہوئے 210 افراد کو شرکت کرنے کی توفیق ملی جن میں سے 50 کے قریب عیسائی احباب بھی شامل تھے۔5 گاؤں کے نمبردار اور 4 پادریوں نے بھی شرکت کی افتتاح کے موقع پر ایک پادری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے گاؤں میں جماعت احمدیہ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور کہا کہ یہ مسجد ہمارے لئے ایک انمول تحفہ ہے کیونکہ مسجد ہو یا چرچ اس میں خدا کی ہی عبادت کی جاتی ہے۔اور ایسی جگہوں پر خدا کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں۔

یہ گاؤں کیپیٹل سے 70 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے اور مسجد بالکل مین شاہراہ پر تعمیر کی گئی ہے جو ہر آنے جانے والے کے لئے جماعت کی تبلیغ کاباعث بن رہی ہے۔اور دوسرے مسلمان مسافر بھی بوقت نماز یہاں نمازیں ادا کرتے ہیں۔

اس مسجد کے پہلے امام اور معلم سلسلہ مکرم ابو بکر آدامو صاحب تھے۔ جو آج کل کیمرون میں خدمت سلسلہ کی توفیق پا رہے ہیں۔ یہاں کے پہلے صدر جماعت مکرم ابوبکر لامبیلے صاحب تھے جو بفضلہ تعالیٰ موصی تھے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ مسجد بہتوں کے لئے ہدایت کاموجب ہو۔ اور ہمیں اس مسجد کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

(سعید احمد۔ نمائندہ الفضل آن لائن کونگو برازاویل)

پچھلا پڑھیں

کینیا میں پہلی احمدیہ مسجد کی تعمیر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی