• 16 مئی, 2024

یوگنڈا میں پہلی مسجد کی تعمیر

یوگنڈا مشرقی افریقہ کا ایک زمین بند ملک ہےاس کا دارالحکومت اور سب سے بڑا شہر کمپالا ہے اس کی کرنسی شلنگز ہےسرکاری زبانیں انگریزی اور سواحیلی ہیں۔یہ افریقہ کے وسط میں واقع ہے۔ اس کی قدرتی خوبصورتی کے باعث آ ونسٹن چرچل نے اسے Pearl of Africa قرار دیا ہے۔

یوگنڈا میں پیغامِ احمدیت خلافت اولیٰ کے آخری سال یا خلافت ثانیہ کےآغاز میں پہنچا جب سب سے پہلے ڈاکٹر فضل الدین صاحب پہنچے آپ کے بعد ڈاکٹر احمد دین صاحب اور ڈاکٹر لعل دین صاحب نیز بھائی محمد حسین صاحب کھوکھر اور بابو نذیر احمد کھوکھر تشریف لائے۔اس طرح ایشیائی احمدیوں پرمشتمل ایک جماعت قائم ہوئی۔

یوگنڈا میں باقاعدہ رجسٹریشن

1934ء میں جب مولانا شیخ مبارک احمد صاحب کو مشرقی افریقہ کے مبلغ کے طور پر بھجوایا گیا تو گو آپ کا قیام نیروبی میں تھا مگر گاہے بگاہے آپ یوگنڈا کا بھی دورہ کرتے رہے اور جماعت کا پیغام پہنچاتے رہے۔1935ء میں مکرم شیخ مبارک صاحب کو جماعت کو باقاعدہ یوگنڈا میں رجسٹر کروانے کی توفیق ملی۔مولانا شیخ مبارک احمد صاحب کی تبلیغ اور کاوشوں کے نتیجہ میں سب سے پہلے مکرم زکریا کزیٹو صاحب کو لوکل احباب میں سے بیعت کا شرف حاصل ہوا۔

جنجا (یوگنڈا) میں مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر

مارچ 1957ء میں جب دارالسلام تنزانیہ میں پہلی مسجد تعمیر ہوئی اس کی افتتاحی تقریب کے لئے جب حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے پیغام ارسال فرمایا تو اس میں اس خواہش کا اظہار فرمایا کہ ’’میں یوگنڈا کے علاقہ میں بھی مسجد کی تعمیر کی خوشخبری سننے کا منتظر ہوں۔‘‘ اس خواہش کی تکمیل میں 27؍جولائی 1957ء کو مسجد اقصیٰ جنجا کی اور اگست 1957ء میں مشن ہاؤس کی بنیاد رکھی گئی۔یہ دونوں عمارتیں اللہ کے فضل سے 1959ء میں مکمل ہو گئیں۔جنجا کی جماعت نے عموماً اور حافظ بشیر الدین عبیداللہ صاحب مبلغ مقامی اور بھائی محمد حسین کھوکھر صدر جماعت جنجا نے خصوصاً اس کی تکمیل میں نمایاں حصہ لیا۔

کمپالا (یوگنڈا) میں مسجد محمود کی تعمیر

حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ کی یوگنڈا میں مسجد کی تعمیر کی خوشخبری سننے کی تعمیل میں جنجا کے علاوہ کمپالا میں بھی 9؍اگست 1957ء کو مسجد کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ یہ مسجد (محمود مسجد) 1962ء میں مکمل ہوئی اور اس کا افتتاح حضرت چوہدری سر محمد ظفراللہ خان صاحب نے فرمایا۔ اس مسجد کے اکثرو بیشتر اخراجات محمد اکرم غوری صاحب نے ادا کئے۔

(تاریخ احمدیت جلد6)

مساجد کی تعمیر کا یہ سلسلہ خدا کے فضل سے جاری و ساری ہے۔ بفضل تعالیٰ یوگنڈا میں اب تک تعمیر ہونے والی کی مساجد کی تعداد 146ہے۔ اللّٰہم زد فزد

(رپورٹ: رشید احمد نوید۔مبلغ سلسلہ ونمائندہ الفضل آن لائن یوگنڈا)

پچھلا پڑھیں

کینیا میں پہلی احمدیہ مسجد کی تعمیر

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی