• 19 مئی, 2024

چولہ بابا نانک رحمۃ اللہ علیہ

کلام حضرت مسیح موعود علیہ السلام

یہی پاک چولا ہے سکھوں کا تاج
یہی کابلی مل کے گھر میں ہے آج
یہی ہے کہ نوروں سے معمور ہے
جو دور اِس سے اُس سے خدا دور ہے
یہی جنم ساکھی میں مذکور ہے
جو انگد سے اس وقت مشہور ہے
اسی پر وہ آیات ہیں بیّنات
کہ جن سے ملے جاودانی حیات
یہ نانک کو خلعت ملا سرفراز
خدا سے جو تھا درد کا چارہ ساز
اسی سے وہ سب راز حق پاگیا
اسی سے وہ حق کی طرف آگیا
اسی نے بلا سے بچایا اسے
ہر اک بد گہر سے چھوڑایا اسے
ذرا سوچو سکھو! یہ کیا چیز ہے
یہ اس مرد کے تن کا تعویذ ہے
یہ اس بھگت کا رہ گیا اک نشاں
نصیحت کی باتیں حقیقت کی جاں
گرنتھوں میں ہے شک کا اک احتمال
کہ انساں کے ہاتھوں سے ہیں دست مال
جو پیچھے سے لکھتے لکھاتے رہے
خدا جانے کیا کیا بناتے رہے
گماں ہے کہ نقلوں میں ہو کچھ خطا
کہ انساں نہ ہووے خطا سے جدا
مگر یہ تو محفوظ ہے بالیقیں
وہی ہے جو تھا اس میں کچھ شک نہیں
اسے سر پہ رکھتے تھے اہل صفا
تذلل سے جب پیش آتی بلا
جو نانک کی مدح و ثنا کرتے تھے
وہ ہر شخص کو یہ کہا کرتے تھے
کہ دیکھا نہ ہو جس نے وہ پارسا
وہ چولہ کو دیکھے کہ ہے رہنما
جسے اس کے مَتْ کی نہ ہووے خبر
وہ دیکھے اسی چولہ کو اک نظر
اسے چوم کر کرتے رو رو دعا
تو ہو جاتا تھا فضل قادر خدا

(ست بچن صفحہ41 مطبوعہ 1895ء)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اگست 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 اگست 2020