• 8 مئی, 2024

لجنہ امااللہ سُرینام کی مساعی

خدا تعالیٰ کے فضل سے امسال لجنہ امااللہ سرینام کو مختلف مساعی میں حصہ لینے کی توفیق ملی۔دسمبر 2019ءکے پہلے ہفتے میں منعقد ہونے والے اجلاس عام میں بچوں کے کسی ادارے میں کھانے اور اشیائے خورونوش کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لئے (Opvangscentrum Matoekoe) نامی ادارے کا انتخاب کیا گیا۔یہ معروف ادارہ ذہنی اور جسمانی طور پر معذوربچوں کی تعلیم و تربیت کا انتظام کرتا ہے۔اور یہاں ہوسٹل کی سہولت بھی موجود ہے جس میں اس وقت 20 سے زائد مختلف عمروں کے بچے اور بڑےقیام پذیر ہیں۔اس ادارے کی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا اور انہوں نے مورخہ 22 دسمبر کو آنے کا کہا۔اس عرصہ میں لجنہ ممبرات نے کپڑے اور دیگر اشیاء مسجد بجھوائیں۔ مورخہ 22 دسمبر کی صبح لجنہ ممبرات نے مسجد کے کچن میں بچوں کے لئے کھانا تیار کیا اور صدر صاحبہ لجنہ کی قیادت میں ایک وفد دوپہر12 بجے اس مرکز میں پہنچا۔اتوار کی چھٹی کے باوجودادارے کی ڈائریکٹر (Mrs Eugenia Mansur) یُوخینا منصور خود وہاں موجود تھیں اور انہوں نے وفد کا استقبال کیا۔ انہیں جماعت اور لجنہ اما اللہ کی تنظیم کا تعارف کروایا گیا۔ اور بچوں کے لئے دوپہر کا کھانا ، جوس، چاکلیٹ، کپڑے، اشیائے خورونوش اور روزمرہ ضرورت کی کچھ اشیا ءپیش کی گئیں۔ موصوفہ نے لجنہ ممبرات کے جذبے کو سراہا اور شکریہ کے ساتھ یہ تحائف قبول کئے۔

خداتعالیٰ کے فضل سے مورخہ 23 دسمبر کو ملک کے کثیر الاشاعت روزنامہ’’داخ بلاد سرینام‘‘ (Dagblad SURINAME) نے اپنے مرکزی رنگین صفحے پر اس خبر کو شائع کیا۔جس میں جماعت احمدیہ کی ذیلی تنظیم لجنہ امااللہ کی مختصرتاریخ اور مقاصدکا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کے مرکز میں دیئے جانے والے تحائف کو خوب سراہا۔ اور اسےخدمت خلق کے میدان میں مثبت قدم قرار دیا۔یوں مولاکریم کےفضل و احسان سے ہزروں افراد تک جماعتی تنظیم کی اس مساعی کی خبر پہنچی۔الحمد للہ علیٰ ذلک

تمام قارئین کی خدمت میں جماعت سرینام کے نفوس و اموال میں برکت کے لئے دعا کی درخواست ہے۔

(لئیق احمد مشتاق، سُرینام۔ جنوبی امریکہ)

پچھلا پڑھیں

خطبہ جمعہ کا خلاصہ مورخہ 27 دسمبر 2019ء بمقام مسجد بیت الفتوح لندن

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 31 دسمبر 2019