• 3 مئی, 2024

استغفار کیا ہے؟

استغفار کیا ہے؟ اپنے اگلی پچھلے گناہوں سے بخشش طلب کرنا۔ اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آنا تاکہ گناہوں سے بچتا بھی رہے توبہ یہ ہے کہ جن غلط کاموں میں پڑا ہوا ہے ان سے کراہت کرتے ہوئے ان سے بچے رہنے کا پکا اور پختہ اورمصمم ارادہ کرنا۔ اور پھر اس ارادے پر اللہ تعالیٰ سے مدد مانگتے ہوئے کاربند رہنا، اس پر عمل کرنا کہ کوئی بھی چیز اس کو اس سے ہلا نہ سکے۔

(خطبات مسرور جلد نہم صفحہ238)

ہمارا صرف نئے سال کی رات کو اجتماعی نفل پڑھ لینا کافی نہیں ہے۔اگر ہمیں ان نوافل کی ادائیگی کے ساتھ یہ احساس پیدا نہیں ہوتا کہ اب ہم نے حتی الوسع یہ کوشش کرنی ہے کہ نوافل کی ادائیگی کرتے رہیں۔ اپنی عبادت کے معیار کو بھی خدا تعالیٰ کے فضلوں کو حاصل کرنے کے لیے بہتر بنانا ہے اور اپنی عملی زندگی میں ہرکام اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لئے کرنے کی کوشش کرنی ہے۔ اگر اس سوچ کے ساتھ ہم نے دو دن پہلے اپنے نئے سال کا آغاز کیا ہے اورایک دوسرے کو مبارکبادیں دے رہے ہیں تو ہم اللہ تعالیٰ کے فضلوں، رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹنے کی کوشش کرنے والوں میں شمار ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ ہم میں سے ہر ایک کی یہ سوچ ہو۔ اگر نہیں ہے تو خدا کرے کہ ہماری یہ سوچ ہو جائے۔ یہی سوچ ہے جو اللہ تعالیٰ کے گزشتہ فضلوں کا بھی شکر گزار بناتی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے محض اور محض اپنے فضل سے ہم پر جو احسانات اور انعامات کئے ہیں ان پر اللہ تعالیٰ کے حضور جھکنے والا بناتی ہے اور خدا تعالیٰ کے حضور ہمارا خالص ہو کر جھکنا ہی ہماری زندگی کا مقصد ہے۔

(خطبات مسرور جلد12 صفحہ2)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 30 دسمبر 2021

اگلا پڑھیں

چھوٹی مگر سبق آموز بات