• 29 اپریل, 2024

بلڈ پریشرکے اثرات، احتیاط اور علاج!

کینیڈامیں مقیم ہندوپاکستان سے آئے ہوئے مرد و خواتین کو اپنے بلڈ پریشر کا بہت خیال رکھنا چاہئے۔ بلڈ پریشر کے زیادہ ہونے کی عموماً وجہ ہمارے مرغن کھانے اور کھانوں میں نمک کا زیادہ استعمال ہے۔ ہائی بلڈ پریشر کو ڈاکٹرز خاموشی سے ہلاک کرنے والا Silent Killer کہتے ہیں۔ اس لئے ہمیں اپنے بلڈ پریشر کا خواہ ہم کسی عمر کے بھی ہوں خاص خیال رکھنا چاہئے۔ اب تو ہر ڈرگ سٹور میں بلڈ پریشر چیک کرنے کیلئے مشینیں نصب ہیں۔ گروسری سٹورز کے ساتھ عموماًاب ڈرگ سٹورز ہیں اس لئے جب بھی گروسری شاپنگ کیلئے جائیں تو ڈرگ سٹور میں لگی بلڈ پریشر مشین سے اپنا بلڈ پریشر ضرور چیک کریں۔

پریشر چیک کرنے پربلڈ پر یشر مشین کے اوپر 3 قسم کے نمبر ظاہر ہوتے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔
سب سے اوپر والے پہلے نمبر کو سسٹالک نمبر Systolic number کہا جاتا ہے۔ ہمارے جسم کی شریانوں میں خون کا یہ دباؤ اس وقت ہوتاہے جب دل کے پٹھے سکڑتے ہیں اور خون دل سے نکل کر پورے جسم میں پہنچ جاتا ہے۔ اس کیلئے نارمل نمبر 120 یا اس کے ارد گرد ہونا چاہئے۔ اگر یہ نمبر mmgh 120-140 کے درمیان ہے تو اس چیز کو پری ہائپر ٹینشن کہا جاتا ہے یعنی بلڈ پریشر کی اولین صورت۔ اگر یہ نمبر 140سے اوپر ہو تو اس چیزکو ہائپر ٹینشن کہا جاتا ہے۔ اگر آپ کا نمبر 140 سے اوپر ہے تو فوراً اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں یا پھر ہسپتال کے ایمرجنسی روم میں فوراََ جائیں تاکہ آپ کو بلڈ پریشر کم کرنے کیلئے مناسب دوا دی جا سکے۔

ڈایا سٹالک پریشر نیچے والا نمبر ہے۔ شریانوں میں ایسا دباؤ اس وقت دیکھا جاتا ہے جب دل آرام کی حالت میں ہوتا اور اس میں خون پورے جسم میں سے گردش کرتا ہوا واپس آکر جمع ہو جاتا ہے۔ یہ نمبر 90 سے کم ہو نا چاہئے۔ مگر 60 سے کم نہیں ہونا چاہئے۔

مشین کے اوپر تیسرا نمبر ہماری نبض کا ہوتا ہے جو عام طور پر 70 کے ارد گرد ہو نا چاہئے۔

ہائی بلڈپریشر کے نقصانات

اگر بلڈ پریشر زیادہ عرصہ تک ہائی رہے تو اس صورت میں آپ کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔ اکثر یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ فالج کا حملہ ہو جا تا ہے۔ میرے ایک عزیز امریکہ میں ہیں انہوں نے بلڈ پریشر کا علاج خود ہی جڑی بوٹیوں، وزن گرانے سے شروع کر دیا مگر افسوس کہ اس کا انجام گردوں کے فیل ہونے میں نمودار ہوا۔ اب وہ کئی سالوں سے ڈائیلسز کروارہے ہیں۔ ایک اور جاننے والے ہیں ان کو پتہ ہی نہ تھا کہ ان کو ہائی بلڈ پریشر ہے اس لئے ایک روز فالج سے آنکھ کھلی۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ اپنا علاج خود مت کریں، ڈاکٹر کے پاس جائیں خواہ وہ ہومیوپیتھک ڈاکٹر ہو،یا نیچر و پیتھک ڈاکٹریا اس کا علاج ایکو پنکچر سے ہو سکتا ہو۔ جو بھی علاج کریں اپنا بلڈ پریشر ضرور چیک کرتے رہیں۔ اگر ایک طریقہ سے علاج نہیں ہوتا تو کوئی دوسرا طریقہ استعمال کریں۔ اس مرض کو ہر گز نظرانداز نہ کریں اور اس کو سنجیدہ معاملہ سمجھیں جو دائم المرض پر منتج ہو سکتا ہے۔

بلڈ پریشر مانیٹر

بلڈ پریشر چیک کرنے کیلئے مشینیں کسی بھی ڈرگ اسٹورسے خرید سکتے ہیں۔گھر میں مشین رکھنا زیادہ مناسب ہے تا کہ انسان کسی بھی وقت پریشر چیک کر سکے۔

بلڈ پریشر کیسے کم کیا جائے؟

پانی سے بہتر کوئی نعمت نہیں۔ دن میں کم از کم 8 گلاس پانی ضرور پئیں اس سے بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد ملے گی۔اس کے علاوہ پانی پینے کے اور بھی فوائد ہیں جیسے شوگر کنٹرول، وزن وغیرہ۔ کھانوں میں نمک بالکل ختم کردیں۔ راقم الحروف گزشتہ 20 سال سے نمک کے بغیر کھانے کھا رہا ہے۔ اب تو یہ سیکنڈ نیچر بن گئی ہے اس لئے جب کسی کے یہاں مدعو ہوتاہوں اور کھانے میں نمک زیادہ ہو تو بہت بُرا لگتا ہے۔

اپنے کھانوں میں بیف یا ریڈ میٹ کا استعمال بھی ختم یا کم سے کم کریں۔ سرخ رنگ کا گوشت نارتھ امریکہ میں رہائش پذیردیسی لوگوں کیلئے ہرگز فائدہ مند نہیں۔ بعض لوگوں نے دیکھا کہ ڈارک چا کلیٹ کھانے سے ان کا بلڈ پریشر کم ہو گیا۔

اپنا وزن مناسب رکھیں، زیادہ وزن سے بھی بلڈ پریشر ہو سکتا ہے۔ اگر وزن زیادہ ہے تو کم کریں۔ سٹر یس بھی و جہ ہو سکتی ہے اس کے لئے دیکھیں کون سی چیز آپ کو سٹریس دی رہی ہے۔

روزانہ سیر کیلئے جائیں اور آدھ گھنٹہ سے 45 منٹ تک ضرور واک کریں۔ سردیوں کے موسم میں انسان سرد موسم اور برفباری کے پیش نظر کسی پلازہ یا بڑی مال میں جا کر واک کر سکتا ہے۔ نارتھ امریکہ کے حالات کے پیش نظر کسی بھی وقت واک کیلئے چلے جائیں۔واک کے دوران اگر آپ کے ساتھ آپ کی اہلیہ یا کوئی دوست ہو تویہ ممد ثابت ہو سکتا ہے۔ پیدل چلنا نہ صرف پورے جسم کیلئے اچھا بلکہ یادداشت کیلئے بھی بہت اچھا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کی وجوہات

ہائی بلڈ پریشر کی بڑی وجہ تو موروثی ہے۔ اکثر ڈاکٹر سوال کرتے ہیں کیا آپ کے خاندان میں کسی کو فشار خون کا عارضہ تھا یا خاندان میں کسی کو فالج کا حملہ ہوا تھا؟ مثبت جواب کی صورت میں اس کا اثر آپ پر بھی ہر طور پر ہوسکتا ہے۔ زیادہ جسمانی وزن کی صورت میں بھی ہائی بلڈ پریشر ہو سکتا ہے۔ اس لئے اپنا وزن کم کریں۔ وزن کم کرنے کے لئے فطری کھانے پھل اور طریقے استعمال کریں۔ دوائیاں کھا کر وزن کم کرنے کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وزن واپس چڑھ آتا ہے۔

ہاہپو ٹینشن

اس عارضہ کو لو بلڈ پریشر Low blood pressure بھی کہا جاتا ہے۔ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لئے جو دوائیں دی جاتیں یا اینٹی ڈپریسنٹ دی جاتی ہیں، وہ نالیوں کے نظام میں گڑبڑ پیدا کردیتی ہیں۔ اگر جسم میں پانی کی کمی ہو جائے خواہ یہ ورزش کے بعد زیادہ پسینہ سے، یا چائے کافی زیادہ پینے سے،یا اسہال سے، یا ضرورت سے کم پانی پینے سے، یا پیشاب آور دوائیوں diuretics کے استعمال سے کم ہوجائے تو انسان کو لو بلڈپریشر ہوجاتا ہے۔ اس کا آسان علاج یہ ہے کہ کھانے میں نمک کا استعمال بڑھا دیا جائے اور ڈاکٹر سے مشورہ کیا جائے کہ آیا اپنی دوائیاں کم کرسکتے ہیں یا ممکن ہے ڈاکٹر دوائی تبدیل کر دے۔

جسم میں جب پانی کم ہو جاتاہے تو اس کمی کو دور کرنے کیلئے دل اپنی دھڑکن بڑھا دیتا ہے۔ لیکن بعض مریضوں کو دل کے ایسے مسائل لاحق ہوتے ہیں کہ دل اپنی دھڑکن بڑھانے پر قادر نہیں ہوتا اس مسئلہ کو پیس میکرPacemaker سے حل کیا جاتا ہے۔

(زکریا ورک۔ کینیڈا)

پچھلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جنوری 2020