• 27 اپریل, 2024

عرب دنیا کے مشہور سیاسی لیڈر ’’جمال عبد الناصر‘‘

جمال عبدالناصر عرب دنیا کے مشہور سیاسی وسماجی رہنما تھے۔ آپ 15 جنوری 1918ء کو مصر کے شہر اسکندریہ کے علاقے باکوس میں پیدا ہوئے۔ان کے والد کا نام عبد الناصر حسین تھا جو 1888ء کو مصر کے علاقہ اسیوط کے گاؤں بنی مر میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد محکمہ ڈاک میں ملازم تھے۔ ابتدائی تعلیم مصر کے علاقہ خطاطبہ سے حاصل کی۔ 1925ء کو اپنے چچا خلیل حسین کے پاس قاہرہ چلے گئے اور وہاں قاہرہ کے علاقہ جمالیہ میں نحاسین ایلمنٹری سکول میں داخلہ لیا۔ جب کبھی سکول سے چھٹیاں ہوتیں تو اپنے گھر چلے جاتے جو کہ خطاطبہ میں تھا۔ 1926ء میں جب گرمیوں کی چھٹیوں میں اپنے گھر گئے تو پتہ چلا کہ آپ کی والدہ کچھ ہفتے قبل فوت ہو گئی ہیں اور کسی نے یہ خبر ان تک پہنچانے کی جرات نہ کی۔ جمال عبد الناصر نے سنڈے میگزین کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’’یہ واقعہ ایسا ہے کہ جسے بھلایا نہیں جا سکتا۔ اچانک والدہ کا انتقال ایک بہت بڑا صدمہ تھا‘‘۔ نحاسین سکول میں تین سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1928 میں انکے والد نے انہیں انکے نانا کے پاس اسکندریہ بھجوایا اور وہاں عطارین سکول میں داخلہ لے کر تعلیم کا چوتھا سال مکمل کیا۔ آپ کوبچپن سے ہی جلسہ جلوسوں میں شامل ہونے کا شوق تھا اور آپ نے گیارہ سال کی عمر میں پہلی مرتبہ ایک جلسہ میں شرکت کی ۔اس بارہ میں خود بیان کرتے ہیں کہ

’’میں اسکندریہ کے علاقہ منشیہ سے گزر رہا تھا کہ اچانک میں نے لوگوں کا ہجوم دیکھا جس میں طلباء اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہو رہی تھیں۔ میں بھی بغیر گھبرائے اس ہجوم میںداخل ہو گیا اور میں نے کسی سے اس ہجوم کا سبب معلوم نہیں کیا۔اسی جلسہ میں زخمی بھی ہوا اور سر پر چوٹ بھی آئی جس سے بہت خون بہا اور اس سیاسی مظاہرے میں گرفتار بھی ہوا‘‘۔

جمال عبد الناصر 1933ء میں قاہرہ کے سکول النھضہ میں داخل ہوئے جہاں سے انہوں نے سیاست کا آغاز کیا اور باقاعدہ طور پر النھضہ سکول کی یوتھ فیڈریشن کے صدر بن گئے اور اپنی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھا اور عرب دنیا میں خاصی مقبولیت حاصل کی۔

جمال عبدالناصر فوج میں اعلی افسر رہے۔ 1948ء میں جب فلسطین کے ساتھ جنگ شروع ہوئی تو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جمال عبدالناصر نے عرب ممالک کے اتحاد پر زور دیا۔ چنانچہ 1958ء کو مصر اور شام کی یونین ’’متحدہ عرب جمہوریہ‘‘ (UAR) کے نام سے قائم ہوئی اورجمال عبد الناصر اس کے پہلے صدر تھے۔ انہوں نے افریقہ کے اسلامی ممالک کی آزادی کے لئے جدوجہد کی۔1954 تا 1956 مصر کے وزیر اعظم اور 1956 تا 1970 صدر رہے۔ 28 ستمبر 1970ء کو قاہرہ میں وفات پائی۔


(اویس احمد نصیر)

پچھلا پڑھیں

مصروفیات حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مورخہ 01 تا 07 فروری 2020ء

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ