• 29 اپریل, 2024

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ ٹوگو

اللہ جماعت احمدیہ ٹوگو کو مورخہ28,27 اور 29دسمبر 2019ء اپنا 11واں جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ امسال جلسہ کی خاص بات یہ تھی کہ پہلی دفعہ جلسہ کا انعقاد جلسہ کے لئے لی گئی جگہ پر ہوا۔ جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ نے از راہ شفقت مہدی آبادعطا فرمایا۔جلسہ کے لئے تیاری کا کام ایک ماہ قبل ہی شروع کر دیا گیا تھا۔ مختلف جماعتوں سے آئے خدام نے وقار عمل کر کے نہایت محنت کے ساتھ زمین کی صفائی کی جو کہ ایک جنگل کی طرح تھی۔ جلسہ گاہ کی تیاری 23 دسمبر کو شروع کی گئی۔ جس میں خدام نے وقار عمل کر کے جلسہ گاہ کو نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ تیارکیا نیز بینرز اور جھنڈیوں سے جلسہ گاہ کو سجایا۔ اسی طرح لجنہ اما ء اللہ کے ذمہ حسب سابق حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کے مہمانوں کے طعام کی تیاری کی ڈیوٹی سپرد کی گئی جس کا آغاز 25 دسمبر کو ہوا۔ 26 دسمبر کو بعد از دوپہرمہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا جن کی رجسٹریشن اور رہائش کا انتظام بر وقت مکمل کر لیا گیا۔

اس دفعہ جلسہ سالانہ کا موضوع ‘‘رواداری، انسانیت کی ضرورت’’ تجویز کیا گیا تھا چنانچہ اسی مناسبت سے تمام پروگرام ترتیب دئیے گئے۔

27دسمبر2019ء

27 دسمبر کودن کا آغاز با جماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ‘‘نماز با جماعت کی اہمیت’’ کے موضوع پر درس ہوا۔ دوپہر 12:30 پر نماز جمعہ ادا کی گئی بعدازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ تمام حاضرین جلسہ نے براہ راست سنا۔
3:30بجے دوپہر مکرم عرفان احمد ظفر صدر جماعت ومشنری انچارج ٹوگو نے لوائے احمدیت اور مکرم سوکلو محمد صدر مجلس انصار اللہ ٹوگو نے ٹوگو کا جھنڈا لہرا کر جلسہ کی کاروائی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس دوران احباب جماعت بآواز بلند نعرہ ہائے تکبیر اور لا الہ الا اللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کا ورد کرتے رہے۔ بعد ازاں تمام احباب نے ٹوگو کا قومی ترانہ پڑھااور اجتماعی دعا کی گئی۔

افتتاحی اجلاس

افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم عرفان احمد ظفر صدر جماعت و مشنری انچارج ٹوگو نے کی۔اجلاس کی کاروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے فرانسیسی ترجمہ سے ہوا۔ جس کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا حمدیہ منظوم کلام پیش کیا گیا۔نظم کے بعدخاکسار نے جلسہ سالانہ کے اغراض و مقاصد پر تقریر کی ۔بعد ازاں مکرم صالح میکائیل نے ’’خوف خدا‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے بعد صدر مجلس نے افتتاحی دعا کروائی اور اجلاس کے برخاست ہونے کا اعلان کیا۔

نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں احمدی احباب کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت مہما نوں نے بھی مختلف موضوعات پر سوالات کئے جن کے جوابات مکرم عبدالرزا ق اورمکرم مامابیلو نے دیئے۔ یہ مجلس تقریبا 80ً منٹ تک جاری رہی۔

28دسمبر 2019ء

دن کا آغاز با جماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ’’درود شریف کی اہمیت اور برکات‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔

دوسرا اجلاس دوسرے اجلاس کی کاروائی کا آغاز مکرم کریم صاحب نیشنل سیکرٹری مال کی زیر صدارت ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعدمکرم سنسامو جمیل نے ‘‘نماز کی اہمیت’’کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے بعدمکرم عبدو یعقوبو نے ‘‘برکات خلافت’’ کے عنوان پر تقریر کی۔اس کے بعد نظم پیش کی گئی۔نظم کے بعدمکرم چیدرے ثاقب نے ‘‘گھر میں رواداری’’کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے ساتھ دوسرے سیشن کا اختتام ہوا۔

تیسرا اجلاس نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعد تیسرے اجلاس کا آغاز مکرم عبدالرزاق لامبونی مربی سلسلہ کی زیر صدارت شروع ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد مکرم کریم عبدالامین نے ’’اسلام میں رواداری‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد شہر کے معزز مہمانوں نے جن میں گورنر کا نمائندہ، پولیس، مقامی دیہات کے چیفس اور امام شامل تھے نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور جماعت کے امن، رواداری، عدم برداشت اور محبت کے پیغام کو سراہا۔ اس کے بعد مکرم وسیم احمد ظفر نے مہمانوں کی موجودگی میں جماعت کا تعارف پیش کیا۔ اس کے ساتھ تیسرے سیشن کا اختتام ہوا۔

نماز مغرب اور عشاء کی ادائیگی کے بعد ایک بار پھرمجلس سوال و جواب کا انعقاد ہوا جس میں احمدی احباب اور غیر از جماعت مہمانوں نے مختلف موضوعات پر سوالات کئے جن کے جوابات مکرم عبدو یعقوبو صاحب اورمکرم طاہر جداما نے دیئے۔ یہ مجلس تقریباً 90 منٹ تک جاری رہی۔اس کے بعد صدران جماعت،معلمین اور مربیان کرام کی نیشنل صدر صاحب کے ساتھ میٹنگ ہوئی،میٹنگ کے بعد ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔

29 دسمبر 2019ء

تیسرے دن کا آغاز بھی با جماعت نماز تہجد سے ہوا۔نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ’’نکاح کی اہمیت‘‘ کے موضوع پر درس دیا گیا۔

اختتامی اجلاس

اختتامی اجلاس کی کاروائی کا آغاز زیر صدارت مکرعرفان احمد ظفر نیشنل صدر جماعت ومشنری انچارج ٹوگو ہوا۔تلاوت اور نظم کے بعد ’’مالی قربانی‘‘ کے عنوان پر مکرم کریم صاحب نیشنل سیکرٹری مال نے تقریر کی۔اس کے بعد مکرم سوکلو محمد نیشنل صدر مجلس انصار اللہ نے ’’اطاعت والدین‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس کے بعد مکرم ظفراللہ جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ ٹوگو نے ٹوگو میں جماعتی مساعی کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔

جس کے بعد اسلام احمدیت میں داخل ہونے والے نو مبائعین میں سے چند ایک نے اپنے قبول احمدیت کے ایمان افروز واقعات بیان کئے۔ آخر میں مکرم عرفان احمد ظفر صدر جماعت و مشنری انچارج ٹوگونے جلسہ میں شامل ہونے والے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے تمام مہمانوں کو نصیحت کرتے ہوئے اسلام کے رواداری، برداشت، محبت اور بھائی چارہ کے پیغام کو تمام دنیا تک پہنچانے کی تلقین کی اور آپس میں بھی رواداری، برداشت، پیار، محبت اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے بعد آپ نے پر سوز دُعا کروائی اور جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللّٰہ ثم الحمدللّٰہ۔ جلسہ کے اختتام پر احباب نے لوکل زبانوں میں نظمیں اورترانے پڑھے۔

حاضری:امسال اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 900 افراد اس جلسہ میں شامل ہوئے جن میں ایک بڑی تعداد نومبائعین اور غیر از جماعت مہمانوں کی بھی شامل تھی۔

الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر کوریج

جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والے تو اس کی برکات حاصل کرتے ہی ہیں لیکن اس کے ساتھ میڈیا کی بدولت ہزاروں افراد تک پیغام پہنچ جاتا ہے۔امسال بھی ٹی وی، ریڈیو،اخبارات اور آئن لائن پیجز کے نمائندوں نے جلسہ میں شرکت کر کے رپورٹس تیار کیں اور انہیں اپنے پروگراموں میں متعدد بار نشر کیا۔ سرکاری اخبار اور نجی اخبارات نے احمدیت اور جلسہ سالانہ کے تعارف پرمشتمل رپورٹس شائع کیں۔ جبکہ 4 ریڈیوز پر جماعت اور جلسہ سالانہ کے تعارف پر خبریں نشر ہوئیں ۔اس کے علاوہ متعدد آن لائن پیجز پر بھی جلسہ سالانہ اور جماعت کے بارہ میں خبریں شائع ہوئیں۔
قارئین کی خدمت میں شاملین جلسہ اور تمام کارکنان کے لئےعاجزانہ درخواست دعا ہے۔


(شکیل احمد۔ٹوگو)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 فروری 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 فروری 2020