• 27 اپریل, 2024

پانچ بابرکت کام

آجکل تمام دنیا میں کرونا وائرس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں سمٹ گئے ہیں دفتر، کاروبار، سکول سب بند ہو چکے ہیں سارا وقت گھروں میں گزارنے کی حکومتیں بھی تلقین کر رہی ہیں ۔ اگرچہ یہ سخت ابتلا ء کے دن ہیں ۔ لیکن ایک مومن آسائش ہو یا ابتلا ءوہ ہمیشہ خیر کی حالت میں ہی رہتا ہے ۔ یہی بشارت نبی کریم ﷺ نے عطا فرمائی ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :مومن کا معاملہ بھی عجیب ہے کیونکہ وہ ہر حال میں خیر میں ہوتا ہے ۔اور یہ بات سوائے مومن کے کسی اور کے لئے نہیں ۔اگر اسے خیر پہنچے تو وہ شکر کرتا ہے تویہ اسکے لئے خیر کا موجب بن جاتاہے اور اگر اسے شر پہنچے تو وہ صبر کرتا ہے تو یہ بھی اسکے لئے خیر بن جاتا ہے۔

(المعجم الأوسط باب العین مَنِ اسْمُهُ عَلِيٌّ)

پس ان حالات میں جہاں ہمیں صبر سے کام لینا چاہئے وہاں گھر میں فرصت کے ان لمحات کو ایک نعمت عظمی سمجھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے خاص طور پر پانچ باتوں کا کرنا بہت بابرکت اور خیر کثیر کا موجب ہو گا۔

  • نماز باجماعت :۔جہاں جہاں مساجد میں جانا منع یا محال ہے وہاں گھروں میں باقاعدگی سے باجماعت نماز کا اہتمام کرنا اور خاص طور پر نماز تہجد کا بھی التزام کرنا باعث برکت اور رحمت ہو گا ۔
  • تلاوت قرآن کریم :۔ گھر کا ہر فرد روزانہ فجر کے بعد تلاوت قرآن کریم کرے اور ساتھ ترجمہ بھی پڑھے ۔ خدام ،انصار اور لجنات اگر تفسیر کا کچھ حصہ بھی پڑھ لیں تو بہت مفید ہو گا۔
  • کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام :۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب ایک بیش بہا علمی اور روحانی خزانہ ہے خود آپ ؑ اور تمام خلفاء نے بار بار تلقین کی ہے کہ روزانہ آپ کی کتب کا مطالعہ کیا جائے ۔ آجکل بہت ساوقت گھر میں مل رہا ہے خاص طور پر طلباء کے لئے ضرور ی ہے کہ وہ ضرور ان کتب کا بھی مطالعہ کریں، اس سے ان کی ذہنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گا یاد رکھیں یہ قرآن و حدیث کی بہترین تفسیر ہیں ۔
  • ایم ٹی اے :۔ اس سائنسی دور کی ایک نعمت عظمی ایم ٹی اے ہے۔ ٹھیک ہے دوسرے چینلز پر خبریں وغیرہ بھی دیکھی جارہی ہیں لیکن کچھ وقت ضرور ہر گھر ایم ٹی اے کو بھی دے ۔
  • روزنامہ الفضل آن لائن :۔ روزنامہ الفضل کو اب 106سال کا عرصہ ہو چکا ہے ۔ حضرت مصلح موعودؓ کا لگایا ہوا یہ پودا ہمیشہ سے ہی خلافت کی آواز رہا ہے اور احباب جماعت کی تعلیم و تربیت اور ان کی علمی پیاس بجھانے کا عظیم کام کرتا چلا آیا ہے۔ اب یہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی اجازت اور خواہش کے مطابق لندن سے آن لائن جاری ہوتا ہے۔ اس میں آیت، حدیث، ملفوظات حضرت مسیح موعود علیہ السلام، خلیفہ وقت اور خلفاء سلسلہ کے قیمتی ارشادات ، علمی اور تربیتی مضامین نیز ربیرونی ممالک کی جماعتوں کی رپورٹس اور معلوماتی مضامین کا خزانہ شامل ہوتا ہے۔ اپنے ان فارغ اوقات میں اور انٹرنیٹ کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اس کو ضرور روزانہ خود بھی پڑھیں اور اپنے بچوں کو بھی سنائیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے بھی اپنے حالیہ پیغام میں اس کے پڑھنے کی طرف توجہ دلائی ہے۔

یقیناًیہ پانچوں کام ایسے بابرکت اور عظیم نفع رساں ہیں جن کی برکات اور فوائد کا کوئی شمار نہیں۔ یقیناً ان سے استفادہ کرنے پر رحمت اور برکت کے فرشتے گھروں پر نازل ہو ں گے موجودہ وبائی حالات میں تو پہلے سے زیادہ انکی اہمیت بڑھ گئی ہے ۔ پس ہم سب کو اس شر والے دور سے خیر کو سمیٹتے ہوئے باہر نکلنا چاہیے ۔ اللہ کرے کہ ایسا ہی ہو ۔ آمین

(ایم اے سلمان)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 مارچ 2020

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ