• 11 جولائی, 2025

ہم آج کل دن کیسے گزارتے ہیں

قسط نمبر 3

  • مکرم صفدر نذیر گولیکی لکھتےہیں۔

مارچ سے لاک ڈاؤن سخت ہوا تو میں بھی باقی احباب کی طرح گھر میں نظر بند ہو گیا۔ان ایام کو میں نے کیسے مفید بنایا اور کیسے اپنے دن کو ترتیب دیا وہ کچھ اس طرح ہے۔

بیداری 3:15و نماز تہجد،پھرگھر والوں کے ساتھ باجماعت نماز فجر ،بعدنماز درس از تفسیر کبیر و تلاوت قرآن کریم۔پھر 8 بجے ناشتہ،8:30 تا 9:00 کمپوزنگ ،9:00 تا 10:30 قرآن کریم ناظرہ و باترجمہ کی بذریعہ نیٹ کلاسز۔دفتر کے ڈرائیورمکرم ابراہیم عمر جن کو پہلے قرآن کریم نہیں آتا تھا قاعدہ یسرناالقرآن پڑھا کرسادہ قرآن کریم شروع کیا ۔ان ایام میں خاص طور پر 5 پارے پڑھ چکا ہے۔ایک طالب علم ترجمہ کے ساتھ قرآن کریم پڑھتا ہے۔ایک اور طالب علم کو قرآن کریم ناظرہ اور دینی معلومات پڑھا رہا ہوں ۔10:30 تا 11:30 اخبار کا مطالعہ اور کمپوزنگ کرتا ہوں ۔پھر گھر والوں کے ساتھ1:30پر باجماعت نماز ظہر ادا کرتا ہوں۔ بعد نماز 4 بجے تک کھانا و آرام وغیرہ ہوتا ہے۔4:45پر باجماعت نماز عصرو درس از انوار العلوم ہوتا ہے۔6:50پر باجماعت نماز ،مغرب و درس از ملفوظات جلد5 7:20پر بذریعہ فون اپنی نواسی کو قرآن کریم پڑھاتا ہوں۔ 8بجے رات کا کھانا اور رات 8:50پر باجماعت نماز عشاء کی ادائیگی ہوتی ہے۔9:05پر اپنی بھابھی جو امریکہ میں رہتی ہیں کو قرآن کریم با ترجمہ پڑھاتا ہوں۔9:35 پر خبریں سُنتا ہوں، 10بجے واک کے لئے اپنے گھر کے سامنے چہل قدمی کرتا ہوں اور 10:30بجے سو جاتا ہوں ۔

بعض دفعہ ظہر و عصر کے درمیان احباب جماعت سے بذریعہ فون رابطے کرتا ہوں اور ان کا حال احوال پوچھتا ہوں ۔یوں یہ دن دعاؤں اور استغفار کے ساتھ ساتھ حضور انور کے دروس، خطابات اور خطبات سننے میں گزر رہے ہیں ۔اللہ تعالیٰ سب پر اپنا رحم نازل فرمائے اور تمام احمدی احباب کو اپنے فضلوں اور رحمتوں سے نوازے اور اس وباؤ سے بچائے۔آمین

  • مکرمہ منزہ خالد لکھتی ہیں۔

جب آپ کی طرف سے یہ دعوت نظر سے گزری کہ قارئین الفضل بھی ان حالات میں اپنا دن گزارنے کی رُوداد لکھیں تو فوراً ہی دل مچل اُٹھا کہ ان خاص دنوں کی روداد کو ضبط تحریر میں لاؤں ۔میں چونکہ اسلام آباد سکول میں درس و تدریس کے شعبہ سے وابستہ ہوں لہذا یہ انہونی فرصت میرے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔حالانکہ دنیا کےحالات کو دیکھ کر پریشانی تو اپنی جگہ برقرار ہےجس کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور خاص الخاص ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہماری دعاؤں کو قبول فرمائے ۔آمین

خاکسار کے working woman ہونے کی وجہ سے اکثر کام pending رہتے تھے۔روٹین کے علاوہ گھر کے اندرون خانہ کی صفائی،جھاڑ پونچھ،گھر کی از سرِ نو ترتیب ،سلائی اور کڑھائی کے مختلف قسم کے شوق اور شغل کو عملی جامہ پہنانے کا موقع مل گیا۔ چونکہ لکھنے پڑھنے سے بھی کافی شغف ہے لہذا اس کےلئے بھی بہت سارا وقت میسر آ گیا ۔ جس میں الفضل کا مطالعہ ،کلامِ مسیح موعود کو سکون اور توجہ سے پڑھنا ،قرآن کریم کا لفظی ترجمہ یاد کرنا میرا سب سے زیادہ محبوب شوق ہے اور ساتھ ہی تفسیر سے وضاحت کے ساتھ پڑھنا میری کم علمی میں اضافے کا باعث۔

پیارے حضور انور کا خطبہ جمعہ تو پہلے بھی لائیو اور باقاعدگی سے سنتے تھے۔اب mtaاُردو کے سب ہی پروگرامز باقاعدگی اور توجہ کے ساتھ دیکھنے سے زندگی کا حُسن دوبالا ہو گیا ۔رشتہ داروں، دوست احباب اور حلقے کی ممبرات سے sms یا کالز کے ذریعہ ہلکی پھلکی گپ شپ کرنا جی کو تازہ دم کر دیتا ہے۔پھر بچوں کے ساتھ لڈو،بیڈمنٹن اور کرکٹ کھیلنا اور بھر پور طریقے سے گھر میں میسر جگہوں اور گملوں میں باغبانی کرنا اور موسم بہاراں سے لطف اندوز ہونا اپنے آپ کو تازہ دم کرنا ذہن ،دل اور دماغ کو طاقتور بنانے کے مترادف ہے۔

اللہ تعالیٰ سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔آمین

  • مکرم شہباز اکبر لکھتے ہیں۔

میں اپنے دن کا آ غاز اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے نمازتہجد سے کرتاہوں اور پھر حضرت میرمحمد اسحاق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے قرآن کے دو رکوع لفظی ترجمہ کے ساتھ یا د کرتا ہوں پھر نماز فجر ادا کرتا ہو ں اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تفسیر صغیر کے 6رکوع ترجمہ کے ساتھ پڑھتا ہوں ۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتاب کا 30منٹ مطالعہ کرتاہوں ۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو ہر روز خط ضرور لکھتا ہوں۔ ایک گھنٹہ روزانہ ایم ٹی اے دیکھتا ہوں۔خبریں سنتا ہوں، دو نفل روز پڑھتا ہوں۔ حضرت صاحب کی نصیحت کے مطابق اِھْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِیْم کی دعا قیام میں ورد کرتا ہوں۔ امی جان سے روزانہ بات کرتا ہوں کیونکہ امی جان شوگر کی مریض ہیں۔ اللہ تعالیٰ میری والدہ کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور جو بھی بیمار ہیں اللہ تعالیٰ سب کو صحت و تندرستی والی لمبی زندگی عطا فرمائے اور ہم سب کو خلیفہ وقت کی بات ماننے والا بنائے۔ اَللّٰھم آمین

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 29 ۔اپریل2020ء