• 11 جولائی, 2025

ایڈیٹر کی ڈاک

تاثرات۔ آراء۔ تجاویز

مکرم مظفر احمد ظفر لکھتے ہیں۔
حضورانور ایّدہ اللہ تعالیٰ نے موجودہ حالات پر ایک خصوصی پیغام جماعت احمدیہ کو ارشاد فرمایا تھا کہ جمعہ بھی گھر کے افراد مل کر پڑھیں اور ملفوظات میں سے یا جماعتی کتب میں سے یا حضرت مسیح موعودؑ کی دوسری کتب میں سے یا الفضل میں سے یا الحکم سے یا کسی اور رسالہ سے کوئی بھی اقتباس پڑھ کر خطبہ دیا جا سکتا ہے۔

الحمدللہ خاکسار نے اپنے گھر میں اگلے تمام جمعہ کے خطبات کی تیاری روزنامہ الفضل لندن آن لائن سے ہی کی اور جمعہ کا خطبہ دیا، اللہ تعالیٰ روزبروز روزنامہ الفضل لندن آن لائن کو ترقی دے۔آمین

مکرمہ ناصرہ ایوب۔جرمنی لکھتی ہیں۔
الحمد للہ خدا تعالیٰ کے فضل کے ساتھ روزنامہ الفضل لندن آن لائن کا ہر پرچہ ہی ہمیشہ کی طرح بہت شاندار ہوتا ہے اور خاکسارکا تو ہر روز کچھ لکھنے کو دل کرتا ہے ۔گزشتہ دِنوں دو بزرگوں کی وفات کی وجہ سے دل میں بہت افسردگی رہی اور دل سے دعا نکلی کہ کتنے خوش نصیب ہوتے ہیں اس طرح کے انسان جن کا ذکرِخیر خلیفۃالمسیح اپنے خطبہ میں فرماتے ہیں اور ان لوگوں نے تو اپنی زندگیاں امر کر دیں۔
15۔اپریل2020ء کے شمارہ میں حضرت مرزا عبدالحق کا ذکرِ خیر پڑھا،بہت اچھا لگا۔ ہماری بھی کچھ یادیں ان کے ساتھ وابستہ ہیں۔ بچپن میں خاکسار اپنے والدین کے ساتھ ایک سال سرگودھا شہر میں بھی رہی۔

ہمارے ابا جان محترم شیخ حمید احمد(مرحوم)کے ساتھ ان کا تعلق بہت محبت والا تھا۔ اس لئے وہ یادیں تازہ ہوئیں۔ پھر ناصرات کے زمانے میں ایک دفعہ مجھے بہت اچھی طرح یاد ہے کہ انہوں نے سورہ انفال کا درس ربوہ میں تعلیم القران کلاس میں دیا جس کا حرف حرف ابھی بھی سورہ انفال سامنے آتے ہی یاد آجاتا ہے ان کی یادیں وابستہ ہو جاتیں ہیں۔ اللہ تعالی ہمارے ان بزرگوں کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔آمین
ایک اور شمارہ جو یو کے کے بارے میں تھا بڑا دلچسپ اور معلوماتی تھا جماعت کے بارے میں بھی معلومات اس میں موجود تھیں ۔

خاکسار ایک گزارش کرنا چاہتی ہے اپنے بزرگوں سے کہ اگر ان کے پاس ان کی آغوش میں ان کے پوتے پوتیاں یا نواسے نواسیاں ہیں تو بزرگ ان بچوں کو اردو بھی سکھائیں اور ان سے روزنامہ الفضل لندن آن لائن بھی سنا کریں اس کی برکتیں اتنی ہیں جن کا شمار نہیں یہ تو روزانہ کا تازہ گلدستہ ہے میرے پاس اس کےلئے الفاظ نہیں ہیں مجھے رات کو نیند نہیں آرہی ہوتی تو بےچینی دور کرنے کے لئےروزنامہ الفضل لندن آن لائن پڑھنا شروع کر دیتی ہوں آپ نےبھی سکون لینا ہو تو الفضل کا مستقل مطالعہ کریں اور بانی الفضل حضرت خلیفۃ المسیح الثانی رضی اللہ عنہ کو اپنی خاص دعاوں میں یاد رکھیں۔جزاکم اللہ

مکرم کاشف ریحان خالد۔بیلجیئم لکھتے ہیں۔
آپ کا نوٹ شعراء کے متعلق پڑھا۔ماشاءالله بہت بروقت اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک بزرگ کی مانند آپ نے تمام نئے اور پرانے لکھاریوں کی اصلاح اور رہنمائی فرمائی۔نہ صرف نئے لکھنے والوں کی محبت سے حوصلہ افزائی کی بلکہ پرانے لکھنے والوں کی مناسب رہنمائی کے ساتھ ساتھ ان کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ بھی دلائی۔الحمدللہ

خاکسار بھی آپ کی طرح دعاگو ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے نئے اور پرانے لکھنے والوں کو اپنی محبت بزرگی علم حکمت اور فراست عطاء فرمائے۔ آمین

اسی طرح آپ اور آپ کی ٹیم کے لئے بھی بہت دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے خاص فضل سے آپ سب کی حفاظت فرمائے، ہمیشہ آپ کی رہنمائی فرمائے، تائیدونصرت فرمائے اور آپ سب کی جھولیاں اپنی بےپناہ محبت علم حکمت فراست اور محبت اور ہر اعلیٰ خیر سے بھر دے۔ آمین

اسی طرح سنہری اقوال کا جو سلسلہ آپ نے شروع کیا ہے وہ بھی پسند آیا ہے۔ اس کو جاری رکھیں خاکسار بھی خدا کے فضل سے اس میں لکھنے کی کوشش کرے گا۔ ان شاءاللہ

مکرم عمر تماپوری۔انڈیا لکھتے ہیں۔
آپ کی ادارت نے ماشاءاللہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن کو چار چاند لگائے ہیں اور امید ہے کہ اس کی عظمتِ رفتہ کو پھر سے بحال رکھنے میں ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے۔ہفت روزہ سے سہ روزہ اور پھر سہ روزہ سے روزنامہ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدّہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دوربین نگاہوں کا نتیجہ ہےاور حالاتِ حاضرہ بھی اسی بات کے مُتقاضی تھے۔

حضرت مصلح موعودؓ نے ادارت، صحافت اور اخبار کیلئے جو رہنما خطوط اور اصول مرتب کئے ہیں۔ بلاشبہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن اس معیار پر قائم رہتے ہوئے ہر پہلو سے احاطہ کررہا ہے۔ یادِ ماضی،حال اور عالمی سطح پر مرتب شدہ اثرات پر گہری نظر اور موقع و محل کے مطابق مضامین کا انتخاب یقیناً قابلِ رشک ہے۔ اَللّٰھم زد فزد

خاکسارکی طرف سے اس خوبصورت مائدہ پر مبارکباد قبول فرمائیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور نظربد سے بچائے۔ روزنامہ الفضل لندن آن لائن ہمیشہ ترقی کی نئی سے نئی منازل طے کرتےہوئے بہت سی پیاری روحوں کی سیرابی کا موجب بنے۔ آمین

مکرم شہباز اکبر لکھتے ہیں۔
مجھے گھر میں بیٹھے روزنامہ الفضل لندن آن لائن کی صورت میں نیک مجلس ملتی ہے۔اللہ تعالیٰ آپ سب کو کامیاب و کامران بنائے۔

مکرمہ قدسیہ محمود سردار لکھتی ہیں۔
ہمارا پیارا روزنامہ الفضل لندن آن لائن زندہ باد۔

مکرمہ شائستہ سجاد لکھتی ہیں۔
میں اور میرا میاں باقاعدگی سے روزنامہ الفضل لندن آن لائن کا مطالعہ کرتے ہیں۔ تمام مضامین ازدیادِ علم و ایمان کا باعث بنتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ روزنامہ الفضل لندن آن لائن کو دن دگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔تمام احبابِ جماعت کو دل کی گہرائیوں سے رمضان مبارک۔

مکرمہ فوزیہ درثمین سلمان لکھتی ہیں۔
روزنامہ الفضل لندن آن لائن کے پہلے دو صفحات کے بارے میں کچھ کہنے کے میرے کمتر وجود میں الفاظ ہی نہیں سوائے الحمدللہ اور سبحان اللہ کے۔ موقع کی مناسبت سے یہ ہر خاص و عام کے لیے یکساں اہمیت کے حامل اور نچوڑ ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ اپنی علمی و دینی ادبی سمجھ کے مطابق ہر چیز کبھی ٹھیک یا اچھی اور کوئی بہت ہی اچھی لگتی ہے۔ جیسے تلاوت قرآن پاک اور مسنون دعائیں ،احادیث نبویہ کی روشنی میں رمضان المبارک بہت اچھے مضامین تھے۔ تعارف سورۃ البقرہ بے حد تحقیقی، خوبصورت اور جذب کرنے والا مضمون ہے۔

یہ مائدہ تیار کرنے والے تمام کارکنان کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 اپریل 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 30 ۔اپریل2020ء