• 5 مئی, 2025

ہر بندے کی ہو اپنے مالک سے شناسائی

جب چاند نے کی پیاسی آنکھوں کی پذیرائی
تب ربّ سے مِلانے کی رُت دوڑی چلی آئی
چمکے گی زمینِ دِل رنگ نُور کی بارش سے
اِک حُسنِ مجسم کی جوبن پہ ہے زیبائی
خوشبو ہے ہواؤں میں مسرور فضاؤں میں
لی یارِ بہاراں نے پھر پیار سے انگڑائی
ظلمت کے سمندر میں کرنیں ہیں عجب رقصاں
اندھیروں میں پھیلی ہے ساقی کی فروزائی
دروازے کُھلے دیکھو رحمت کے گناہ گارو
پھر جوشِ محبت میں یزداں کی ہے دریائی
سَر رکھ دو نَدامت سے اس یار کی چوکھٹ پر
کہتے ہیں فرشتے یہ بَخشِش کی گھڑی آئی
مَحروم نہ رہ جانا لمحاتِ مبارک سے
کل کا ہے پتہ کس کو یہ زندگی ہرجائی
رمضان مبارک ہو سب دنیا کو اے یارب
ہر بندے کی ہو اپنے مالک سے شناسائی

(عبدالجلیل عبادؔ۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 11 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ 12۔مئی2020ء