• 30 اپریل, 2024

کرونا وائرس اور اسکاٹ لینڈ ریجن کی انسانیت کیلئے خدمات

برطانیہ کے شمال میں واقع یہ خطہ اپنے قدرتی حُسن اور وسائل سے مالامال ہے جہاں ہر سال لاکھوں سیاح پوری دُنیا سے اس کی خوبصورتی، پہاڑوں کی سیر اور شاندارجھیلوں کی کھوج میں دیوانہ وار آتے ہیں۔ بدقسمتی سے آجکل یہاں کی وادیاں اور شہراُداسی کی ایک مجسم تصویر بنے ہوئے ہیں اور وجہ ہے کرونا وائرس کی وبا اور لاک ڈاؤن۔ جماعت احمدیہ اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس مشکل وقت میں کسی سے پیچھے نہیں اور اللہ کے فضل سے اسکاٹ لینڈ ریجن نے مقامی اسکاٹش لوگوں کی مدد کیلئے کمرِ ہمت کس لی ہے۔

ماہ اپریل اور مئی میں گلاسگو، ایڈنبرا اور ڈنڈی کی جماعتوں نے اپنے اپنے شہروں میں خدمت ِ خلق کیلئے شاندار کاوشیں کی ہیں۔ اختصار کے ساتھ اگر ذکر کیا جائے تو:

  • سات صد سے زائدکھانے کے پیکٹ اور پانی وغیرہ بے گھر افراد کیلئے قائم خیراتی اداروں میں تقسیم کیا گیا۔
  • پچاس سے زائد اسکاٹش گھرانوں میں کھانا اور دوائیاں وغیرہ سپلائی کی گئیں۔
  • پندرہ صد سے زائد خوراک ، فروٹ اور پانی پر مشتمل چیزیں پورے ریجن میں قائم مختلف فوڈ بینکوں میں جمع کروائی گئیں۔
  • ایڈنبرا، ڈنڈی اور فائف کے مقامی ہسپتالوں میں دورہ کیا گیا اور طبی عملے کو فروٹ اور دوسرا سامان عطیہ کیا گیا جو اس مشکل وقت میں کرونا کے مریضوں کی خدمت کررہے ہیں۔
  • سوشل میڈیا پر ایک ہفتہ وار مہم Pray for Hero کے نام سے شروع کی گئی اور این ایچ ایس کے عملے کو شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا جسے مقامی کمیونٹی اور اسکاٹش حکومت نے بہت سراہا اور جماعت احمدیہ کی انسانیت کیلئے جاری خدمات کی تعریف کی۔
  • گلاسگو کی لجنات نےاپنے گھروں میں دوہزار ماسک فلاحی اداروں کیلئے تیار کئے۔
  • ایک اور تبلیغی سوشل میڈیا کی رمضان کے تعلق سے مہم Big Virtual Iftar ہر ہفتہ جاری کی گئی ہے جس میں رمضان کے تعلق سے یو ٹیوب پر لائیو پروگرام پیش کئے جاتے ہیں۔ اس پروگرام میں بتایا جاتا ہے کہ اسلام ہمیں مشکل وقت میں جینے اور دوسروں کی مدد کرنے کا درس دیتا ہے۔

خیال رہے کہ ان سارے فلاحی کاموں میں اسکاٹ لینڈ ریجن کے انصار، خدام اور لجنہ کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ انفرادی طور پر بھی احمدی گھرانے نقدرقم اور دوسرے عطیہ کردہ سامان کے ساتھ اس مہم میں شامل ہورہے ہیں۔

(ارشد محمود خاں ۔ اسکاٹ لینڈ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 29 مئی 2020

اگلا پڑھیں

Covid-19 اپ ڈیٹ30۔مئی2020ء