• 29 اپریل, 2024

نیشنل تعلیم ریلی (آن لائن) منعقدہ 28،27جون 2020ء زیر اہتمام مجلس انصار اللہ برطانیہ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ برطانیہ کو نیشنل تعلیم ریلی کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ اس پروگرام کا خیال 27؍مئی 2020ء کو آن لائن عالمی مشاعرہ کے انعقاد کے بعد آیا۔ موجودہ عالمی وبائی حالات کی وجہ سے ماہ جون کے آخری ہفتہ میں مجلس انصار اللہ برطانیہ کے اجتماع کا انعقاد ممکن نہیں تھا چنانچہ محترم صدر صاحب مجلس انصار اللہ برطانیہ کی اجازت سے انہیں ایام کو Virtual پروگرام کےلئے مخصوص کیا گیا۔ نیشنل مجلس عاملہ انصار اللہ برطانیہ کے 6ممبران پر مشتمل ایک کمیٹی کی منظوری محترم صدر صاحب سے لی گئی۔ کمیٹی کے ممبران درج ذیل تھے۔

مکرم ڈاکٹر منصوراحمد ساقی صاحب نائب صدر
مکرم رفیع احمد بھٹی صاحب نائب صدر۔ شعبہ IT اور ویب سائٹ
مکرم محمد محمود خان صاحب قائد عمومی۔ شعبہ اطلاعات و انعامات
مکرم نعیم گلزار صاحب قائد اشاعت۔ شعبہ پوسٹر ز و پروموز
مکرم اظہر اقبال صاحب معاون صدر۔ شعبہ سوشل میڈیا و لائیوپروگرام
خاکسار راجہ برہان احمد (مربی سلسلہ)قائد تعلیم، نگران پروگرام و مقابلہ جات

کمیٹی کی ابتدائی میٹنگ کے بعد مؤرخہ 3؍جون 2020ء بروز بدھ شام 8بجے Zoom کے ذریعہ ایک تفصیلی میٹنگ ریجنل زعماء اعلیٰ اور ناظمین تعلیم کے ساتھ کی گئی۔ مقابلہ جات کے بارے میں مکمل تفصیل انہیں بتائی گئی اور سوالات کے جواب دیئے گئے۔

آن لائن مقابلہ جات کی وجہ سے یہ ممکن نہیں تھا کہ عام طور پر اجتماع کے موقع پر کروائے جانے والے تمام مقابلہ جات Virtually کروائے جائیں۔ اس لئے صرف تلاوت ،نظم ، تقریر اردو و انگریزی کے مقابلہ جات اجتماع کے نصاب کے مطابق جبکہ مقابلہ آذان کا اضافہ کیا گیا۔

ریجنز نے تمام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بذریعہ نامزدگی ، آن لائن مقابلے کرواکر یا ریجنل اجتماع کے نتائج سے ہر مقابلے میں اپنے ریجن سے 2انصار کا انتخاب کرکے نام اور ان کی ریکاڈنگ شعبہ IT کی طرف سے تیار کردہ سسٹم پر اپ لوڈ کیں۔ اس طرح قیادت تعلیم کو 135انصار کے نام اور کیونکہ چند انصار نے ایک سے زائد مقابلوں میں کوالیفائی کیا تھا اس لئے 150سے زائد ریکاڈنگ موصول ہوئیں۔

21؍جون 2020ء کو شعبہ IT نے تمام انٹریز مع ریکارڈنگ متعلقہ منصفین کو بھجوائیں۔ اگلے 24گھنٹے میں محترم منصفین کرام نے فائنلسٹ کی لسٹیں تیار کرکے قیادت تعلیم کو بھجوا دیں۔

تمام ریجنز کو یہ لسٹیں قیادت تعلیم نے بھجوائیں نیز یہاں سے ہمارے لائیو پروگرام کی تیاری کا آغاز ہو ا۔ شعبہ سوشل میڈیا و لائیو پروگرام نے انفرادی طور پر تمام فائنلسٹ سے رابطہ کیا۔ منصفین کرام سے بھی انفرادی طور پر رابطہ کرنے کے بعد ایک ٹرینگ سیشن منصفین کے لئے جبکہ 2ٹرینگ سیشن مقابلہ جات میں حصہ لینے والوں کے لئے کئے گئے۔ یہاں اس بات کا ذکر کرنا نہایت ضروری ہے کہ یہ لائیو پروگرام موجودہ عالمی وبائی صورتحال میں سب کے لئے ایک نیا اور کچھ کے لئے بہت مشکل تجربہ تھا۔ سافٹ وئیرکی انسٹالیشن ،پروگرام کے استعمال، مائیک کو کھولنے اور بند کرنے کے علاوہ لائیو پروگرام کے دوران کیمرے کا استعمال کیسے ہوگا، یہ تمام چھوٹے چھوٹے امور تفصیل کے ساتھ بار بار تمام شاملین کو سمجھائے گئے۔ مؤرخہ 25 اور 26جون کو ٹرائیل رن کیا گیا۔

مجلس انصار اللہ برطانیہ کی نیشنل تعلیم ریلی کی تیاری کے سلسلہ میں خاکسار ابتداء سے ہی سیدنا و امامنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خط لکھتا رہا جبکہ لائیو پروگرام سے پہلے ایک بکراصدقہ بھی دیا گیا۔

حضرت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے امسال کے اجتماع کا عنوان ’’تقویٰ‘‘ منظور فرمایا تھا۔ چنانچہ اسی موضوع کو مدنظر رکھتے ہوئے مقابلہ جات کا نصاب رکھا گیا۔ اسی طرح لائیو پروگرام میں بھی ’’التقویٰ‘‘ کا لوگو نمایاں نظر آتا رہا۔

مؤرخہ 27؍جون 2020ء بروز ہفتہ برطانیہ وقت کے مطابق صبح 11بجے پروگرام کا آغاز افتتاحی تقریب سے ہوا۔ مکرم فیضان احمد راجپوت صاحب نے سورۃ البقرہ آیات 149 اور150 کی تلاوت مع انگریزی ترجمہ کی جس کے بعد مکرم سعیدحامد صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام

اَے خُدا اے کار سازو عیب پوش و کِردِگار
اے مرے پیارے مرے مُحسن مرے پروَردِگار

اور اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔
بعد ازاں خاکسار نے حسب ارشاد محترم صدر صاحب مجلس انصارا للہ برطانیہ بطور قائد تعلیم ،ریلی کا افتتاح کیا۔ اپنی گزارشات میں خاکسار نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے گزشتہ سال مجلس انصار اللہ برطانیہ کے موقع پر کئے گئے اختتامی خطاب سے درج ذیل اقتباس پیش کیا۔

حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا تھا: ’’مجلس انصار اللہ کے ممبران کو جو حقیقی جائزہ اپنا لینا چاہیے وہ اس پر لینا چاہیے کہ کیا ہم انصار اللہ کہلاتے ہوئے اپنی زندگیاں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خواہش کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ہم سے کیا چاہتے ہیں؟ جب تک ہم ایک فکر کے ساتھ اس بات کی تلاش نہیں کریں گے اور حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیم کی روشنی میں جو حقیقتاً قرآن کریم اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم ہے اپنا لائحہ عمل ترتیب دے کر بار بار اس کا جائزہ نہیں لیں گے ہم اپنی زندگیاں اس تعلیم کی روشنی میں ڈھال نہیں سکتے۔‘‘

خاکسار نے موجودہ حالات کے پیش نظر حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ارشاد ’’ڈاکخانوں کے ذریعہ سے کل دُنیا میں تبلیغ ہوسکتی ہے۔ اخباروں کے ذریعہ سے تمام دُنیا کے حالات پر اطلاع ملتی ہے۔ ریلوں کے ذریعہ سے سفر آسان کردیئے گئے ہیں۔ غرض جس قدر آئے دن نئی ایجادیں ہوتی جاتی ہیں اسی قدر عظمت کے ساتھ مسیح موعود کے زمانہ کی تصدیق ہوتی جاتی ہے۔‘‘

(ملفوظات جلد 2صفحہ 135)

اور حضرت مصلح موعود ؓ کے شعر

عسر ہو یسر ہو تنگی ہو کہ آسائش ہو
کچھ بھی ہو بند مگر دعوتِ اسلام نہ ہو

کہ حوالے سے بیان کیا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفاء احمدیت کے عملی نمونہ اور راہنمائی کے مطابق حالات جیسے بھی ہوں جماعت احمدیہ کے کام نہیں رکتے۔ آخر پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے گزشتہ سال مجلس انصار اللہ برطانیہ کے موقع پر کئے گئے اختتامی خطاب سے درج ذیل اقتباس پیش کیا۔

’’اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی نصائح پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، آپؑ کی خواہشات کے مطابق آپؑ کی بیعت میں آنے کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کے حکموں پر عمل کرتے ہوئے ہم اپنی دنیا و آخرت سنوارنے والے ہوں۔ حقیقی انصار اللہ بننے کی توفیق اللہ تعالیٰ ہمیں عطا فرمائے اور اپنی نسلوں کے لیے نیک نمونے چھوڑ کر جانے کی توفیق ہمیں اللہ تعالیٰ عطا فرمائے اور اللہ تعالیٰ کی رضا کو ہم حاصل کرنے والے ہوں۔‘‘ آمین۔

افتتاحی تقریب دعا پر ختم ہوئی، جس کے فوراً بعد مقابلہ تلاوت کا آغاز ہوا۔ اس مقابلے میں 5 فائنلسٹ تھے۔ جبکہ منصفین مکرم حافظ فضل ربی صاحب ،مکرم حافظ سید مشہود احمد صاحب اورمکرم حافظ طیب احمد صاحب منصف اور ماڈریٹرتھے۔ اس کے بعد مقابلہ تقریر بزبان انگریزی ہوا جس میں 6 فائنلسٹ تھے۔ اس مقابلے کا دلچسپ پہلو ہر مقرر سے ان کی تیاری کے بارے میں کئے جانے والے سوالات تھے۔ منصفین میں مکرم ڈاکٹر منصور احمد ساقی صاحب نائب صدر انصار اللہ برطانیہ ،مکرم طاہر محمود مبشر صاحب مربی سلسلہ اور منصف و ماڈریٹر مکرم منصور احمد کلارک صاحب مربی سلسلہ تھے۔ پہلے دن کا آخر ی مقابلہ آذان کا تھا، جس میں 9فائنلسٹ تھے۔ منصف اور ماڈریٹر مکرم داؤد احمد عابد صاحب جبکہ دیگر منصفین مکرم محمود وردی صاحب مربی سلسلہ اورمکرم عمران خالد صاحب مربی سلسلہ تھے۔ اس طرح پہلے دن کا براہ راست پروگرام تقریبا سوا دو گھنٹے جاری رہا۔ دو مقابلوں کے درمیان وقفے میں مجلس انصار اللہ برطانیہ کے برکینا فاسو میں جاری ’’مسرور آئی ہسپتال پراجیکٹ‘‘ ا ور گزشتہ سال کے اجتماع کے بارے میں ڈاکومنٹریز دکھائی جاتی رہیں۔ IT رپورٹ کے مطابق پہلے دن کا براہ راست پروگرام دنیا بھر سے 1587 افراد یا گھرانوں نے یوٹیوب کے ذریعے جبکہ تقریباً پانچ صد افراد یا گھرانوں نے فیس بک لائیو کے ذریعے دیکھا۔

28؍جون 2020ء دوسرے دن کےبراہ راست پروگرام کا آغاز بھی برطانیہ وقت کے مطابق صبح 11بجے ہوا۔ سورہ صف آیت نمبر 15کی تلاوت مکرم محمود اللہ خان صاحب نے کی اور انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا۔ دوسرے دن کا پہلا مقابلہ تقریر بزبان اردو تھا۔ اس مقابلے کے 6فائنلسٹ تھے۔ منصف اور ماڈریٹر مکرم صباحت کریم صاحب مربی سلسلہ تھے جبکہ دیگر منصفین مکرم محمد احمد نعیم صاحب مربی سلسلہ اورمکرم فضل الرحمٰن ناصر صاحب تھے۔ اس Virtual ریلی کا آخری مقابلہ نظم پڑھنے کا تھا، جس کے فائنلسٹ کی تعداد 9 تھی۔ مقابلے کے ماڈریٹر اور منصف مکرم میر انجم پرویز صاحب مربی سلسلہ اور دیگر منصفین مکرم طاہر احمد ندیم صاحب مربی سلسلہ اور مکرم عمر شریف صاحب تھے۔

کثرت کے ساتھ لوگوں نے اپنے تاثرات کا اظہار یوٹیوب اور فیس بک پر کیا جن میں سے چند ایک یہاں درج ہیں۔

مکرم ڈاکٹر محمد احمد اشرف۔ ربوہ: ’’منفرد تاریخی علمی ریلی کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد قبول فرمائیں۔ سارا پروگرام نہایت پر لطف اور ایمان افروز تھا۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء‘‘

مکرم مبارک احمد صاحب: ’’ماشاء اللہ احمدیت زندہ باد۔ حضرت مرزا غلام احمد کی جے‘‘

سیفل احمد برماوی: ’’انڈونیشیا سے میں حاضر ہوں اور سن رہا ہوں۔‘‘

سفیر احمد صاحب کارڈف: ’’ماشاء اللہ خدام اور اطفال کے لئےانصار سے سیکھنے کا بہترین موقع ہے۔‘‘

کثرت کے ساتھ لوگوں نے مقابلہ جات کے بارہ میں اپنی رائے دی کہ مقابلہ بہت سخت ہے اور منصفین کے لئے فیصلہ کرنا مشکل ہوگا۔ یہ بالکل منفرد پروگرام ہے۔ مبارکبادیں اور ماشاء اللہ کے علاوہ ’’خلافت احمدیہ زندہ باد‘‘

مجلس انصاراللہ برطانیہ کے زیر اہتمام آن لائن نیشنل تعلیم ریلی 2020ء کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مکرم و محترم ڈاکٹر اعجاز الرحمٰن صاحب صدر مجلس انصار اللہ برطانیہ تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم (سورہ الزمر :10تا13) سے ہوا۔ تلاوت مکرم داؤد احمد صاحب نے کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم فاروق محمود صاحب نے پڑھا۔ مکرم عمر شریف صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام

’’وہ دُور ہیں خدا سے جو تقویٰ سے دُور ہیں
ہر دم اَسیر نخوت و کِبر و غرور ہیں‘‘

سے چند اشعار اپنی مترنم آواز میں سنائے۔ خاکسار نے بطور قائد تعلیم رپورٹ پیش کی اورریلی کے دوران منعقد ہونے والے مقابلہ جات نیز سالانہ مقابلہ مضمون نویسی بزبان اردو اور انگریزی کے نتائج کا اعلان کیا۔ محترم صدر صاحب انصار اللہ برطانیہ نے اپنے اختتامی خطاب میں تمام مقابلوں میں حصہ لینے والوں اور پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کی اور منصفین کرام کا شکریہ ادا کیا۔ اسی طرح آپ نے قیادت تعلیم کے ماتحت اس تاریخی پروگرام کو آن لائن دیکھنے والوں اور اس کی حوصلہ افرائی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا نیز آپ نے IT ٹیم و دیگر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ، جنہوں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات بہت محنت کی۔ اللہ تعالیٰ سب کو اپنے فضل و کرم سے نوازے۔ آمین۔

آپ نے اپنے خطاب میں کہا اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں فرماتا ہے :

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰہَ حَقَّ تُقٰتِہٖ وَ لَا تَمُوۡتُنَّ اِلَّا وَ اَنۡتُمۡ مُّسۡلِمُوۡنَ

(آل عمران :103)

اے لوگو جو ایمان لائے ہو! اللہ کا ایسا تقویٰ اختیار کرو جیسا اس کے تقویٰ کا حق ہے اور ہرگز نہ مرو مگر اس حالت میں کہ تم پورے فرمانبردار ہو۔

اس کے بعد آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ارشاد ’’خدا تعالیٰ نے ایمان کو باغ کے ساتھ مشابہت دی۔ جس کے نیچے بہریں بہتی ہیں۔ پس واضح رہے کہ اس جگہ ایک اعلیٰ درجہ کی فلاسفی کے رنگ میں بتلایا گیا ہے کہ جو رشتہ نہروں کا باغ کے ساتھ ہے وہی رشتہ اعمال کا ایمان کے ساتھ ہے۔ پس جیسا کہ کوئی باغ بغیر پانی کے سر سبز نہیں رہ سکتا ایسا ہی کوئی ایمان بغیر نیک کاموں کے زندہ ایمان نہیں کہلا سکتا اگر ایمان ہو اور اعمال نہ ہوں تو وہ ایمان ہیچ ہے اور اگر اعمال ہوں اور ایمان نہ ہو تو وہ اعمال ریا کاری ہیں۔‘‘ (اسلامی اصول کی فلاسفی روحانی خزائن جلد 10صفحہ 390)‘‘ سنایا۔

یہ صرف اور صرف اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ کر حاصل کیا جاسکتا ہے اور آجکل نجات کا واحد راستہ خلافت احمدیت کی اطاعت اور پیروی میں ہے۔ اس کے لئے ہمیں مسلسل اپنی عبادات کے معیار کو بڑھانا ہوگا اور تقوی کے ساتھ محبت الہی میں بڑھنا ہوگا۔ اگر ہم ایسا نہ کرسکے تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔ ‘‘انسان ایک خشک ٹہنی کی طرح ہوجاتا ہے ،اس کا دل مرجھا جاتا ہے ،ایمان کی تازگی ختم ہوجاتی ہے اور پھر ایسا شخص جو بظاہر ایمان والوں میں سے ہوتا ہے خدا سے دوری کی وجہ سے دنیا کی گمراہوں میں گم ہوجاتا ہے۔‘‘

(بحوالہ اختتامی خطاب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز 22جون 2008 برموقع جلسہ سالانہ امریکہ)

اس لئے میں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بھائیوں کو اس طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑے رہنے، خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق رکھنے اور اپنے ایمان کو بڑھانے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے تاکہ اللہ تعالیٰ کی پیارو محبت کی نگاہ ہمارے اوپر پڑتی رہے اور ہمیشہ ہمارے خوف کی حالت امن میں بدلتی رہے۔ آمین۔ اس کے بعد آپ نے دعا کروائی جس سے اس تقریب کا اختتام ہوا۔

دوسرے دن کا پروگرام بھی تقریبا ًسوا دو گھنٹے جاری رہا اورشعبہ IT کی رپورٹ کے مطابق دوسرے دن کا براہ راست پروگرام دنیا بھر سے 2248افراد یا گھرانوں نے یوٹیوب کے ذریعے جبکہ تقریباً پانچ صد افراد یا گھرانوں نے فیس بک لائیو کے ذریعے دیکھا۔

مقابلہ تلاوت

اول مکرم داؤد احمد صاحب Manchester North North West
دوم مکرم فیضان احمد راجپوت صاحب Morden South Baitul Futuh
سوم مکرم محمود اللہ خان صاحب Battersea Tahir
حوصلہ افزائی مکرم سعیدحامد صاحب Baitul Futuh East Baitul Futuh

مقابلہ نظم

اول مکرم مجاہد جاوید صاحب Southmead Fazal
دوم مکرم  مدثر احمد شاہد صاحب Thornton Heath West South
سوم مکرم حافظ مبارک احمد صاحب Manchester West North West
حوصلہ افزائی مکرم خالد محمود بٹ صاحب Hayes Nasir

مقابلہ اذان

اول مکرم Toban Ephram صاحب Wolverhampton West Midlands
دوم مکرم فیضان احمد راجپوت صاحب Morden South Baitul Futuh
سوم مکرم سعیدحامد صاحب Baitul Futuh East Baitul Futuh
حوصلہ افزائی مکرم داؤداحمد صاحب Manchester North North West

مقابلہ تقریر بزبان اردو

اول مکرم شرف الرحمان صاحب Slough Nasir
دوم مکرم سعید احمد بھٹی راجپوت صاحب Wandsworth Town Tahir
سوم مکرم غلام رسول صاحب Earls field Tahir
حوصلہ افزائی مکرم فرید محمود مبشر صاحب Birmingham South West Midlands
حوصلہ افزائی مکرم اظہر اقبال صاحب Epsom Masroor

مقابلہ تقریر بزبان انگریزی

اول مکرم فاروق محمود صاحب Surbiton Masroor
دوم مکرم ڈاکٹڑ مرزا اظہر صدیق صاحب Walsall West Midlands
سوم مکرم Abayomi Ibrahim Motajo صاحب Glasgow Scotland
حوصلہ افزائی مکرم نعمان محمود صاحب Bristol Wales & South West

مجلس انصا ر اللہ برطانیہ کے سال 2020ء کے مقابلہ سالانہ مضمون نویسی کے لئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ ا لعزیز نے ’’اصحاب احمدؓ کا تعلق باللہ‘‘ کے عنوان کی منظوری عنایت فرمائی تھی۔ حضور انور کی دعاؤں کے نتیجہ میں امسال گزشتہ سال سے دوگناسے بھی زیادہ مضامین موصول ہوئے۔ اردو اور انگریزی زبان میں کل 53مضامین موصول ہوئے۔

سالانہ مقابلہ مضمون نویسی کے بارہ میں کئی مضمون لکھنے والے انصار بھائیوں کی آراء موصول ہوئیں۔

مکرم شیخ رفیق احمد طاہر صاحب لکھتے ہیں ’’اللہ تعالیٰ آپ کو اس متاثر کن عنوان کے انتخاب کی جزا ء دے۔ مجھ جیسے گناہ گار کے لئے صحابہ کی سیرت کا مطالعہ بہت مفید تھا۔‘‘

ایک اور ناصر مکرم احمد تارڑ صاحب نے بتایا: ’’خاکسار نے شعبہ تعلیم کے کہنے پر پہلی دفعہ مضمون لکھا ہے اور اصحا ب احمد کے تعلق باللہ کے واقعات کا مطالعہ کرکے میرے علم و ایمان میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان بزرگ ہستیوں کے نمونہ کو اپنانے کی ہمیں توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔‘‘

ایک مضمون کی ایمیل ہمیں اس عنوان کے ساتھ موصول ہوئی کہ ’’پاپا کا مضمون‘‘ یعنی کئی بچوں نے بھی کسی نہ کسی رنگ میں ان مضامین کے لکھنے میں اپنے بڑوں کی مدد کی۔

مقابلہ مضمون نویسی بزبان اردو

اول مکرم احسان اللہ قمر صاحب Clapham Junction Tahir
دوم مکرم ہدایت اللہ شاد صاحب Deer Park Noor
سوم مکرم نذر محمد کھوکھر صاحب Upper Mitchem Noor
چہارم مکرم چوہدری ناز احمد ناصر صاحب BF South Baitul Futuh
پنجم مکرم شیخ رفیق احمد طاہر صاحب Baitul Futuh South Baitul Futuh
ششم مکرم نعیم طاہر صاحب Slough Nasir
ہفتم مکرم شہزادہ مبشر صاحب Glasgow South Scotland
ہشتم مکرم وحید احمد صاحب Battersea Tahir
نہم مکرم ملک محمد سجاد اکبر صاحب Shirley South
دہم مکرم ناصر احمد صاحب Tooting Bec Tahir

مقابلہ مضمون نویسی بزبان انگریزی

اول مکرم ڈاکٹر طیب احمد منصور صاحب Baitul Futuh Baitul Futuh
دوم مکرم عبد الشہید ناصر الدین صاحب Barking and Dagenham East
سوم مکرم پروفیسر آصف علی صاحب Hounslow East Nasir
چہارم مکرم منصور احمد صاحب Raynes Park Masroor

٭…٭…٭

(راجہ برہان احمد ۔مربی سلسلہ ،قائد تعلیم)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 20 جولائی 2020

اگلا پڑھیں

ہر انسان کا سر دو زنجیروں میں ہے