• 29 اپریل, 2024

جامعہ احمدیہ تنزانیہ کی ’’ملکی سالانہ زرعی نمائش‘‘ میں تبلیغی مساعی

’’حمد و ثنا اسی کو جو ذات جاودانی‘‘ ہے اور تمام خوبیوں کی جامع ہے۔ محض اسی کی توفیق سے امسال جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو ’’سالانہ زرعی میلہ‘‘ میں تبلیغی مساعی کا موقع ملا۔

مشرقی افریقہ کا ملک تنزانیہ جو کہ بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے،میں ماہ اگست کا پہلا ہفتہ سرکاری سطح پر ’’قومی زرعی ہفتہ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کا آخری روز ۸اگست خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ یہ تہوار Nanenane (نانےنانے) کے نام سے جانا جاتا ہے۔ [سواحیلی زبان میں لفظ ’’Nane‘‘ آٹھ کے ہندسہ کے لئے استعمال ہوتا ہے، اس طرح دو مرتبہ ’’نانے نانے‘‘ سے مراد آٹھویں ماہ کی آٹھویں تاریخ لیا جاتا ہے]۔ اس دوران میں ملک بھر کے ۳۱ کے قریب ریجنز کے ریجنل ہیڈکوارٹرز میں زرعی میلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ان میلہ جات میں زراعت کے فروغ کے لئے قسما قسم کے آلات، ذرائع اور معلومات کا انتظام کیا جاتا ہے، جس سے استفادہ کے لئے عوام کا جم غفیر، ان میلہ جات کی رونق بڑھاتا ہے ۔اس سال کورونا کی وبا کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ میلہ جات آٹھ روز کی بجائے دس دن تک جاری رکھے گئے تاکہ لوگ محدود تعداد میں احتیاطی تدابیرکے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ جامعہ احمدیہ تنزانیہ ہر سال اس موقع پر طلبہ جامعہ کو مختلف گروہوں کی صورت میں تبلیغی نقطہ نظر سے بھجوانے کا انتظام کرتا ہے۔ طلبہ جامعہ ان ایام میں صبح سے شام تک مختلف لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں، ان کو جماعت کا تعارف کرواتے ہیں، جماعتی تعارفی پرچہ جات تقسیم کرتے ہیں اور لوگوں میں جماعتی کتب بھی فروخت کرتے ہیں۔

امسال مکرم امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ طاہر محمود چوہدری صاحب کی ہدایت پراس زرعی میلہ کے احاطہ میں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو کتب کی نمائش کے لئے ’’بک سٹال‘‘ لگانے کی توفیق بھی ملی۔ تین طلبہ کے ایک گروپ نے دس روز کے لئے ایک معلم استاد صاحب کی نگرانی میں اس بک سٹال میں خدمت کا موقع پایا۔ دس روز تک دن رات ان تین طلبہ نے وہیں عارضی خیمہ میں قیام کیا۔

جملہ طلبہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو کل ۹ گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ ہر گروپ میں ایک نگران طالبعلم مقرر کیا گیا۔ اس تبلیغی مساعی کے نتیجہ میں مجموعی طور پر سینتیس ہزار چھ سو پچاس (۳۷،۶۵۰) افراد تک جماعت احمدیہ مسلمہ کا پیغام پہنچا۔ اور ایک ملین ایک لاکھ چوبیس ہزار تنزانین شلنگز (۱،۱۲۴،۰۰۰) مالیت کی جماعتی کتب فروخت کی گئیں، الحمدللہ علی ذالک۔ بعد ازاں مکرم عابد محمود بھٹی صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے گروپوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہمیں خلافت کےمطیع و فرمانبردار حقیقی خدام بنائے۔ طلبہ جامعہ احمدیہ تنزانیہ کے علم و عرفان اور تقویٰ میں اضافہ کرے آمین۔

(ڈاکٹر فضل الرحمان بشیر)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 17 ستمبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 18 ستمبر 2020