• 29 اپریل, 2024

جامعۃ المبشرین سیرالیون میں مقابلۂ تلاوت کا بابرکت انعقاد

جامعۃ المبشرین سیرالیون میں طلباء کی عملی استعدادوں اور فَاسْتَبِقُوْاالّخَیْرَات کے تحت مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لئے مجلسِ علمی باقاعدہ طور پر قائم ہے۔ مجلسِ علمی کے تحت طلباء کو تین گروپوں (نور، محمود اور ناصر) میں تقسیم کرکے ان کے درمیان انفرادی اور اجتماعی مقابلے کروائے جاتے ہیں۔ اور سال کے آخر میں پوائنٹ سسٹم کی بنیاد پر بہترین گروپ اور بہترین طالب علم کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

اس سال کا پہلا مقابلہ مقابلۂ تلاوت مؤرخہ 23 ؍ستمبر بروز بدھ بعد نماز عصر مکرم حافظ اسداللہ وحید صاحب، استاذ جامعہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ آپ کے ساتھ مکرم شیخ ظافرا حمد صاحب، استاذ جامعہ اور مکرم حامد علی بنگورا صاحب، استاذ جامعہ نے منصفی کے فرائض سرانجام دئے۔ مقابلہ کے لئے کوئی خاص نصاب مقرر نہیں کیا گیا تھا بلکہ شاملین اپنی پسند سے قرآن کریم کے کسی بھی حصے سے تلاوت کرسکتے تھے۔ ہر گروپ سے پانچ طلباء نے ا س مقابلہ میں حصہ لیا۔ الحمدللہ، تمام طلباء بھرپور تیاری کے ساتھ اس مقابلے میں شامل ہوئے۔

منصفین کے فیصلہ کے مطابق عزیزم محمد ییرو کمارا، اول، عزیزم سیلمان سُو، دوم اور عزیزم محمد بلال کوروما ، سوم قرار پائے۔ مکرم مہمانِ خصوصی نے طلباء کو تلاوت قرآن کریم سے متعلق بعض نصائح کیں اور دعا کے ساتھ اس بابرکت مقابلہ کا اختتام ہوا۔

دعا ہے کے اللہ تعالیٰ جملہ اساتذہ و طلباء کو ان کی ذمہ داریاں احسن طریق پر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیشہ خلافت احمدیہ کا وفا شعار اور اطاعت گذار رکھے۔ آمین۔

(مرسلہ: عبدالہادی قریشی ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل لندن (آن لائن) سیرالیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 نومبر 2020

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 3 نومبر 2020