• 27 اپریل, 2024

IAAAE کے تعاون سےسینیگال کے پس ماندہ دیہاتوں میں پانی کے نلکوں کی تنصیب

امسال کے آغاز میں ہی کرونا نے جب عالمی وبا کی صورت اختیار کی تو جہاں تمام ممالک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی وہاں تیسری دنیا کے ترقی پذیر ممالک خصوصاً افریقہ کے غریب ممالک کے حالات مزید کشیدہ ہو گئے۔

ان حالات میں جماعت احمدیہ نے عالمگیر حیثیت سے بلاامتیاز نسل و مذہب دنیا میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا اور اس کی ذیلی تنظیموں مثلاً خدام الاحمدیہ، انصاراللہ اور لجنہ اماءاللہ نے اپنے اپنے ممالک میں بے کس اور ضرورت مندوں کی مدد کی وہاں جماعت کے مختلف ذیلی اداروںمثلاً ہیومینٹی فرسٹ اور IAAAE اور احمدیہ میڈیکل ایسوسی ایشن نے حتی الامکان خدمت انسانیت کی توفیق پائی۔

گویا جماعت احمدیہ عالمگیر نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے اس شعر کا مصداق بننے کی کوشش کی کہ

مرا مقصود و مطلوب و تمنا خدمت خلق است
ہمیں کارم ہمیں بارم ہمیں رسمم ہمیں راہم.

اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیادت میں جماعت احمدیہ کی بے لوث خدمت خلق کے جذبہ کی عکاسی دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی ہوتی ہےبھی ہے۔

اس سلسلہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی راہنمائی سےاحمدی انجینئرز اور آرکیٹیکٹ کی تنظیم

IAAAE (International Association of Ahmdies Architects and Engineers)

نےمغربی افریقہ کے ملک سینیگال میں ضرورتمندوں کو پانی کی فراہمی کے لئے 100 نلکوں کی تنصیب کا منصوبہ بنایا اور ان مشکل ایام میں سینیگال کے طول و عرض میں غریب دیہاتوں کوصاف پانی کی فراہمی کا کام شروع ہوا۔

یہ کام ماہ اگست میں شروع ہوا ۔ اور سینیگال کے تین ریجنز ڈاکار Dakar، زنگاشور Ziguinchor اور تانبا کنڈا Tambacounda میں IAAAE کے تعاون سے 45 نلکے نصب کئے۔

اس دوران IAAAE کے 3نمائندگان مکرم انجم احمدی صاحب لندن سے، مکرم بلال احمد صاحب اور مکرم کامران دانش صاحب نے جرمنی سے مکرم چئیرمین صاحب کی ہدایات کے مطابق سینیگال کا دورہ کیا۔ اور نلکوں کی تنصیب اور ٹیم کے کام کا جائزہ لے کر مرکز کو رپورٹ کی۔ نیز دوران تنصیب لوکل لوگوں سے ان کے خیالات بھی حاصل کئے۔

نلکوں کی تنصیب کے آغاز سے قبل لوکل اتھارٹیز کو تمام تفصیل سے آگاہ کیا گیا اور حکومتی انتظامیہ کی ہدایات کے مطابق ضرورتمند دیہاتوں کی لسٹیں حاصل کر کے پہلے ان دیہاتوں کا دورہ کیا گیا۔ بعد ازاں انتظامیہ کے ساتھ ملکر نلکوں کی تنصیب کی گئی۔

اس سلسلہ میں لوگوں نے جماعت احمدیہ کے رفاہی کاموں کا تعریفی الفاظ میں اظہار کیا۔ مزید برآں کہ نہ صرف لوکل مئیر ز وغیرہ نے خود آ کر ٹیم کا حوصلہ بڑھایا بلکہ تانباکنڈا کے گورنر نے خود ٹیم کو اپنے گھر بلا کر دعوت کی اور کھلے اور واضح الفاظ میں جماعت احمدیہ کے فلاحی کاموں کا اعتراف کیا۔ اور نمائندگان کے ذریعہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خاص شکریہ اور سلام کا پیغام دیا۔

ابھی تک IAAAE کے تعاون سے سینیگال میں 45 سے زائد نلکے نصب ہو چکے ہیں ۔ اور ان کے ذریعہ دور دراز دیہاتوں میں 15,840 افراد استفادہ کر رہے ہیں ۔ اسی طرح 10,560 جانور (بھیڑ بکریاں گائے وغیرہ) بھی مستفید ہو رہے ہیں ۔ الحمد للہ علی ذلک

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ عالمگیر کو مزید خدمت خلق کی توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین-

(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن لندن (سینیگال))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 1 جنوری 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 2 جنوری 2021