• 28 اپریل, 2024

عربی کیمپ جامعۃالمبشرین

رپورٹ عربی کیمپ
جامعۃالمبشرین گھانا

خدا تعالیٰ کے فضل و احسان سے جامعۃ المبشرین گھانا میں نئے چار سالہ کورس کا آغاز ہو چکا ہے ۔ نئے چار سالہ کورس کے ابتدائی دو سالوں کی نصابی سر گرمیوں میں طلباء کو انگریزی ، اردو اور عربی زبانوں میں مہارت حاصل کرنے کی طرف زیادہ توجہ دی جا رہی ہے اسی سلسلہ میں رواں سال پہلی مرتبہ 5 جنوری تا 28 جنوری تک درجہ اولیٰ کے لیے عربی کیمپ کا انعقاد عمل میں لا یا گیا جسکا مقصد طلباء کو عربی زبان سے متعارف کروانا تھا تا کہ وہ دوران تعلیم بھی بہترین طور پر اسلامی علوم سے خود کو بہرہ ور کر سکیں اور میدان عمل میں بھی انہیںعربی تقریر و تحریر میں کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے۔

عربی کیمپ سے متوقع نتائج کے حصول کے لیے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جسکے شا ملین میں مکرم مولوی مبشر حسین صاحب (چیئرمین)، مکرم الحسن احمد صاحب مکرم مولوی طاہر احمد ظفر صاحب، مکرم مولوی رضوان احمد کوثر صاحب، مکرم مولوی مبشر اقبال صاحب اور مکرم مولوی نواز احمد صاحب تھے۔

کیمپ کے انعقاد کے لیے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے جن کی نگرانی کمیٹی ممبرز کے سپرد کی گئی۔ ان شعبہ جات میں نظامت علیا، خوراک ، آڈیو ویڈیو، دروس و تقاریر، کھیل، مہمان نوازی، علمی و ورزشی مقابلہ جات،معاون خصوصی، اور انعامات کا شعبہ شامل تھے۔

عربی کیمپ کی نمایاں سرگرمیوں میں صبح ساڑھے سات بجے سے ڈیڑھ بجے تک تدریس تھی جس دوران طلباء کو عربی زبان میں گفتگو کے آداب اور قواعد سے آگاہی دلائی گئی۔ تدریسی اوقات کے دوران ایک پیریڈ صرف و نحو کی تعلیم کے لیے مختص رہا اور روز مرہ مستعمل عربی زبان سے واقفیت کے لیے طلباء کو عربی زبان میں موویز بھی دکھائی گئیں اور رات کو لقاء مع العرب بھی دکھایا جاتا رہا۔

طلباء چھوٹی چھوٹی عربی کتب کا مطالعہ کرتے رہے اور ان کی مدد کے لئے انہیں عربی ڈکشنری استعمال کرنے کا طریق بھی سمجھایا گیا۔ طلباء سے عربی زبان میں حضور انور ایدہ للہ تعالی کی خدمت میں دعائیہ خطوط بھی لکھوائے گئے۔

روزانہ کی بنیاد پر بعد نماز عصر طلباء کھیل میں شامل ہوتے اور اختتامی دنوں میں طلباء کو دو گروپس ناصر اور طاہر میں تقسیم کر کے ورزشی مقابلہ جات بھی کروائے گئے۔

اسی طرح روزانہ کی بنیاد پر رات کے کھانے پر مدعو مہمان کے ساتھ طلباء کاعربی زبان میں مجلس سوال و جواب کا بھی انعقاد کیا جاتا رہا۔جس سے طلباء کو روانی سے عربی بول چال کا موقعہ میسر آیا۔

باری کی بنیا د پر طلباء اسمبلی کے دوران حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالی کے خطابات میں سے منتخب حصوں کا عربی میں ترجمہ بھی پڑھ کر سناتے رہے۔ اور نماز عصر کے بعد عربی زبان میں درس کا سلسلہ بھی جاری کیا گیا۔کیمپ کے دوران آنے والے جمعہ کے دن طلباء عربی زبان میں خطبہ بھی دیتے رہے۔

مؤرخہ 30 جنوری بروز ہفتہ عربی کیمپ کی اختتامی تقریب عمل میں لائی گئی جس کی صدارت خاکسار نے بطور پرنسپل جامعۃ المبشرین کی۔ اس تقریب کے دوران کیمپ کی سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کی گئی اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ اس تقریب میں جامعۃ المبشرین کے تمام اساتذہ اور طلباء شامل ہوئے۔

یہ کیمپ اللہ کے فضل سے ایک نیا اور کامیاب تجربہ تھا جو بے حد مفید رہا۔ تقریب کےآخر میں خاکسار نے جملہ اساتذہ اور طلباء کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کو اس زبان کی اپنے طور پر بولنے کی مشق کی طرف توجہ دلائی ۔ خاکسا ر نے بالخصوص مکرم الحسن الحسن صاحب عربی استاذ کا شکریہ اد اکیا جنہوں نے اس کیمپ کے لئے بے حد محنت کی۔آخر پر خاکسار نے اختتامی دعا کروائی۔ اس موقعہ پر خصوصی ظہرانے کا بھی انتظام کی گیا تھا۔

خدا تعالیٰ اپنے فضل سے تمام اساتذہ کو بہترین جزاء دے اور انہیں طلباء کی بہترین ذہنی ، روحانی اور جسمانی نشوو نما کی توفیق دے اور طلباء کونورِدین سے منور کرے۔ آمین

(از فہیم احمد خادم نما ئندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن (گھانا))

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 8 مارچ 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 9 مارچ 2021