• 29 اپریل, 2024

مالی کے ریجن کیتا میں جلسہ سالانہ ریجنل کا انعقاد

اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے بے شمار احسانات میں سے ایک احسان جلسہ سالانہ کے نظام کا اجراء ہے۔جلسہ سالانہ کے ذریعہ سے جہاں احباب کے روحانی ، اخلاقی اور علمی معیا ر بلند ہوتے ہیں وہیں ان جلسہ جات کے ذریعہ سے احباب جماعت میں محبت ،اخوت اور بھائی چارہ فروغ پا تا ہے ۔ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام بیان فرماتے ہیں کہ
’’ ۔۔۔ اس جلسہ کے اغراض میں سے بڑی غرض تو یہ ہے کہ تا ہر ایک مخلص کو بالمواجہ دینی فائدہ اٹھانے کا موقع ملے اور ان کے معلومات وسیع ہوں اور خداتعالیٰ کے فضل و توفیق سے ان کی معرفت ترقی پذیر ہو۔ پھر اس کے ضمن میں یہ بھی فوائد ہیں کہ اس ملاقات سے تمام بھائیوں کا تعارف بڑھے گا اور اس جماعت کے تعلقات اخوت استحکام پذیر ہوں گے۔ ‘‘

(اشتہار 7دسمبر 1892ء۔ مجموعہ اشتہارات جلد اول صفحہ 340تا 341)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہی اغراض کو پیش نظر رکھتے ہوئے مالی کے ریجن کیتا کو مؤرخہ 13تا 14مارچ 2021ء اپنے چھٹے جلسہ سالانہ ریجنل کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جلسہ کے انعقاد سے قبل ریجنل سطح پرمختلف میٹنگز کر کے جلسہ کے انعقاد اور پروگرامز کے متعلق حتمی فیصلے کیے گئے۔

جلسہ ریجنل کا آغاز مؤرخہ 13مارچ کو بعد از نماز عشاء ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے تقریر فرمائی جس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا ۔ پہلے دن کے پروگرام کا اختتام دعا کے ساتھ رات 12بجے مقامی وقت پر ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد کی ادائیگی کے ساتھ کیاگیا۔ بعدنماز فجر درس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ دس بجے صبح دوسرے دن کی کارروائی کا باقاعدہ آغازمکرم ظفر احمدبٹ صاحب امیر جماعت احمدیہ مالی کی صدرارت میں تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہواجس کے بعدقصیدہ پیش کیا گیا۔اس اجلاس میں مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی، مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری اورمکرم محمد داؤصاحب سیکڑی جنرل نیشنل عاملہ مالی نے تقاریر کیں۔ مکرم امیرصاحب مالی کے اختتامی خطاب سے قبل مہمانان نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا ۔ اختتامی دعا کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس کامیاب جلسہ سالانہ ریجنل کا اختتام ہوا۔

حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مہمانان سے متعلق ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے مہمان نوازی کا خاص خیال رکھا گیا ۔ جلسہ سالانہ ریجنل میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریجن کیتا کی 31جماعتوں سے 470احباب شامل ہوئے ۔اس کے علاوہ جلسہ میں مقامی حکومتی شخصیات نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

(رپورٹ ۔مکرم خالد احمد صاحب۔ مبلغ سلسلہ ریجن کیتا۔مالی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 12 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اپریل 2021