• 29 اپریل, 2024

یوم آزادی گھانا کی تقریب جامعۃ المبشرین گھانا

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 6 مارچ 2021 بروز ہفتہ جامعۃ المبشرین میں گھانا کا یوم آزادی منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز تہجد باجماعت سے کیا گیا۔ آزادی کی تقریب جامعہ ہال میں دن کے آٹھ بجے صبح شروع ہوئی۔ تقریب کی صدارت مکرم پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین نے کی۔ تقریب کے آغاز میں عزیزم ناصر یحیٰ صاحب نے تلاوت کی۔ اسکے بعد گھانا کے طالب علم عزیزم حسین بواٹنگ صاحب نے ترجمہ پیش کیا۔ گھانا کا قومی عہد عزیزم فردوس اسمانی صاحب نے دہرایا جسکے بعد عزیزم اسماعیل سینئر صاحب نے ساتھیوں کے ہمراہ گھانا کاقومی ترانہ پیش کیا۔

قومی ترانے کے بعد ‘وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے’ کے عنوان پر مکرم سعید آکوا صاحب نے تقریر کی۔ اس تقریر کا اردو ترجمہ عزیزم ظفراللہ خان صاحب جبکہ عربی ترجمہ عزیزم عمر عبدالمالک صاحب نے پیش کیا۔

جامعۃ المبشرین میں گیارہ ممالک کے طلباء ہیں۔ لہٰذا گھانا کے یوم آزادی کے موقع پر سب ممالک کے طلباء کو اپنے قومی ترانے پیش کرنے کا کہا گیا تا کہ سب اپنے اپنے محبت کے جذبہ کے ساتھ پروان چڑھیں۔ لہٰذا اس موقع پر جامعۃ المبشرین میں زیر تعلیم دس ممالک کے طلباء نے اپنے اپنے قومی ترانے پیش کیے۔ جن میں آئیوری کوسٹ، لائبیریا، مڈغاسکر، مالی، نائیجر، سینیگال، ساوتومے، گیمبیا، ٹوگو اور زمبابوے شامل ہیں۔

اسکے بعد پاکستانی اساتذہ جامعۃ المبشرین نے پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا۔ لیبیا سے تعلق رکھنے والے ایک استاذ نے اپنے ملک کا قومی ترانہ پڑھا۔ ان مختلف ممالک کے ترانوں نے اس یوم آزادی کی تقریب میں خوب سماں باندھا۔

مدرسۃ الحفظ کے طلباء نے حمدیہ گیت پیش کیے جس کےبعد پرچم کشائی کی تقریب میں مکرم پرنسپل صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا اور مکرم معلم علی مجید صاحب نے گھانا کاجھنڈا لہرایا۔

پرچم کشائی کے بعد طلباء نے روٹ مارچ کیا جو جامعہ ٹریک پر کیا گیا ۔ طلباء روٹ مارچ کے دوران ملکی قومی و حمدیہ گیت گاتے رہے۔ اس مارچ میں اساتذہ نے بھی حصہ لیا۔ مارچ کے اختتام پر طلباء اور اساتذہ کو ریفریشمنٹ پیش کی گئی ۔

(رپورٹ :فہیم احمد خادم نمائندہ روزنامہ الفضل لندن آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اپریل 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 14 اپریل 2021