• 29 اپریل, 2024

جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین سیرالیون کو مؤرخہ 27؍ جون 2021ء کو اپنی سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز دن بارہ بجے مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب، امیرو مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت عزیزم عثمان سیسے کو حاصل ہوئی۔ اس کے بعد عزیزم محمد ییرو کمارا، عزیزم بشیرالدین اور عزیزم علی بی کانو نے نظم پیش کی۔

مکرم مبارک احمد گھمن صاحب نے جامعۃ المبشرین کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ جس کے بعد خاکسار عبدالہادی قریشی نگران مجلسِ علمی نے علمی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور مکرم امیر صاحب نے ان طلباء میں انعامات تقسیم کئے۔ اس سال ہونے والے انفرادی مقابلہ جات میں تلاوتِ قرآنِ کریم، اذان، فی البدیہہ مضمون نویسی، قصیدہ خوانی ، فی البدیہہ تقریر، حفظِ قرآن، حفظِ قصیدہ، مضمون نویسی ، کسوٹی اورلطیفہ گوئی کے مقابلہ جات ہوئے۔ گروپس مقابلہ جات میں پیغام رسانی، دینی معلومات، قصیدہ کورس، معلوماتِ عامہ، حدیث کوئز، خلافت کوئز، سیرۃ المہدی کوئز اور قرآن کوئز کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ عزیزم حسن نوحا اس سال مجلسِ علمی کے مقابلہ جات میں بہترین طالبِ علم اور محمود گروپ بہترین گروپ قرار پایا۔ بَارَکَ اللّٰہُ لَہُمْ۔

اس کے بعد مکرم مولائی فورنا صاحب نگران مجلسِ العاب نے کھیلوں کے مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو ریجن نے ان میں انعامات تقسیم کئے۔ اس سال انفرادی مقابلہ جات میں سو میٹر دوڑ، پانچ سو میٹر دوڑ، لمبی چھلانگ، اونچی چھلانگ، کراس کنٹری ریس، پیدل چلنے کا مقابلہ، نشانہ غلیل، تھالی پھینکنا، گولہ پھینکنا، ثابت قدمی، پندرہ سو میٹر دوڑ، تین ٹانگ دوڑ ، کلائی پکڑنا، پنجہ آزمائی ، میوزیکل چیئر اور روک دوڑ شامل تھے، اجتماعی مقابلہ جات میں، فٹ بال، والی بال، باڑی، رسہ کشی اور ریلے ریس کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ عزیزم الحسین کانو بہترین کھلاڑی اور بسالت گروپ بہترین گروپ قرار پایا۔ اساتذہ اور طلباء کے مابین ہونے والے میچ میں طلباء کامیاب رہے۔ بَارَکَ اللّٰہُ لَہُمْ ۔

مکرم ادریس احمد صاحب نگران شعبہ امتحانات نے امتحانات میں پوزیشن لینے والے طلباء کے ناموں کا اعلان کیا اور مکرم امیرصاحب نے ان میں انعامات تقسیم فرمائے۔ سال اول میں عزیزم علی بَلا، سال دوم میں عزیزم جبریلا اے کمارا، سال سوم میں عزیزم علی بی کانو اور سال چہارم میں عزیزم حسن نوحا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس سال کل چھ طلباء فارغ التحصیل ہو کر میدانِ عمل میں جارہے ہیں۔ مکرم امیرصاحب نے اس سال فارغ التحصیل ہونے والے طلباء میں اسناد تقسیم فرمائیں اور انہیں قرآن ِ کریم باترجمہ کے تحفے سے نوازا۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو ان کے فرائض کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

مکرم امیرصاحب نے اپنے خطاب میں طلباء کو شکر ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی اور انہیں بتایا کہ ایک وقفِ زندگی ہر حال میں خدا تعالیٰ کا شکر گزار رہتا ہے اور اپنے فرائض بغیر کسی کوتاہی کے ادا کرتا چلا جاتا ہے۔

عزیزم ارونا ایس کانو نے طلباء کی طرف سے مکرم امیر صاحب اور جامعہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی ۔نمائندہ روزنامہ الفضل آن لائن سیرا لیون)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 27 جولائی 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 28 جولائی 2021