• 30 اپریل, 2024

برکینا فاسوریجن بوبو جلاسو میں عطیہ خون

(رپورٹ: حسن جنگانی۔ ریجنل مبلغ بوبو جلاسو)

’’جماعت میں خدمت خلق اور بنی نوع انسان کی خدمت کے لئے جتنا زور دیا جاتاہے اور ہر امیر غریب اپنی بساط کے مطابق اس کوشش میں ہوتاہے کہ کب اسے موقع ملے اور وہ اللہ کی رضاکی خاطرخدمت خلق کے کام کو سرانجام دے۔ کیوں ہر احمدی کا دل خدمت خلق کے کاموں میں اتنا کھلاہے اس لئے کہ اسلام کی جس خوبصورت تعلیم کو ہم بھول چکے تھے کہ اگر اللہ تعالیٰ کی محبت چاہتے ہوتو پھر اس کی مخلوق سے اچھا سلوک کرو، ان کی ضروریات کا خیال رکھو۔ یہ بھی ایک بہت بڑا ذریعہ ہے جو تمہیں اللہ تعالیٰ کے قرب سے نوازے گا۔ اس خوبصورت تعلیم کو حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام نے اپنی شرائط بیعت کی ایک بنیاد ی شرط قرار دیاہے کہ میرے ساتھ منسلک ہونے کے بعد اپنی تمام تر طاقتوں اور نعمتوں سے اللہ تعالیٰ کی مخلوق کی نہ صرف ہمدردی کرو بلکہ ان کو فائدہ بھی پہنچاؤ۔‘‘

(خطبہ جمعہ سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس اید ہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ۔فرمودہ 17؍ اکتوبر 2003ء)

بلا امتیازرنگ و نسل و مذہب و ملت خدمت خلق کرتے چلے جانا جماعت احمدیہ کا طرہ امتیا زہے ۔برکینا فاسو میں جماعت احمدیہ کے تحت خدمت خلق کے بے شمار پروگرام سارا سال جاری رہتے ہیں ۔ انسانی جانیں بچانے کے لئے خدمت خلق کے ان پروگراموں میں ایک بہت اعلیٰ درجہ کا پروگرام خون کے عطیات دینا ہے ۔ خد اتعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برکینا فاسو ہر سال عطیات خون کے سینکڑوں یونٹ مختلف ہسپتالوں کو دیتی ہے۔برکینافاسو میں خون کے عطیات دینے والی تنظیموں میں جماعت احمدیہ صف اول میں شمار ہوتی ہے۔ دوران سال مختلف جماعتوں میں عطیات خون دینے کے پروگرام جاری رہتے ہیں۔

جذبہ قربانی اورخدمت کے تحت مؤرخہ 4 ؍ جولائی 2021ء بوبوجولاسو کے خدام نے عطیات خون دئے ۔ بوبو جلاسو برکینا فاسو کا دوسرا بڑا شہر ہے ۔سیدنا حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے دورہ برکینا فاسو 2004ء میں اس شہر کا دورہ کر کے یہاں کے باسیوں کو میزبانی کا شرف عطا فرما چکے ہیں ۔

مؤرخہ 4؍ جولائی 2021ء کو سنٹرل مشن ہاؤس میں عطیہ خون دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔ نیشنل ادارہ برائے عطیات خون CNTS کی مقامی شاخ کی ٹیم مشن ہاؤس آئی اور خدام سے عطیات خون جمع کئے۔ کل 37 ؍افراد کے ٹسٹ کئے گئے ۔ جن میں سے 30کے عطیات جمع کئے گئے۔

اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ برکینافاسو کو خدمت خلق کےہر میدان میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے اور ہماری مساعی کو شرف قبولیت بخشے۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں :
’’اس بات کو بھی خوب یاد رکھو کہ خدا تعالیٰ کے دو حکم ہیں ۔ اول یہ کہ اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو، نہ اس کی ذات میں نہ صفات میں نہ عبادات میں ۔ اور دوسرے نوع انسان سے ہمدردی کرو اور احسان سے یہ مراد نہیں کہ اپنے بھائیوں اور رشتہ داروں ہی سے کرو بلکہ کوئی ہو۔ آدم زاد ہو اور خدا تعالیٰ کی مخلوق میں کوئی بھی ہو۔ مت خیال کرو کہ وہ ہندو ہے یا عیسائی۔‘‘

(الحکم 24؍جنوری 1907ء بحوالہ ملفوظات جلد5 صفحہ130)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 6 اگست 2021

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 7 اگست 2021