• 27 اپریل, 2024

رپورٹ سالانہ اجتماع 2021ء مجلس خدام الاحمدیہ یوکے

بسم اللہ الرحٰمن الرحیٰم

رپورٹ سالانہ اجتماع  2021ء
مجلس خدام الاحمدیہ یوکے

مورخہ 19ستمبر 2021ء کو سالانہ اجتماع مجلس خدام الا حمدیہ برطانیہ کے اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم، عہد خدام الاحمدیہ اور نظم کے بعد حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مکرم عبد القدوس عارف صدر مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کو اجتماع کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے اسٹیج پر مدعو فرمایا۔ انہوں نے ڈائس پر آکر حضور انور کو السلام علیکم عرض کیا اور رپورٹ شروع کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ  کے فضل سے اس وقت ہم  سالانہ اجتماع یوکے 2021ء کا اختتامی اجلاس منعقد کررہے ہیں۔ اس اجتماع کی ایک مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے۔ اس سال کے اجتماع کا تھیم جو حضور انور کی طرف سے ہم کو عطا ہوا، وہ ’’درود شریف کی طاقت‘‘ ہے۔ اس اہم اور مبارک تھیم کو ہم نے لوکل اور ریجنل ورچوئل ریلیز اور اجلاسات میں پیش کیا اور خدام کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا۔حضور انور کی شفقت، مسلسل رہنمائی اور دعاؤں کی وجہ سے ہم اس قابل ہوئے کہ اس جگہ ہم اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرسکیں۔

انہوں نے حضور انور کو مخاطب کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا : الحمد للہ اس اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے مختلف شعبہ جات کے نوجوان پروفیشنلز نے اپنا وقت اجتماع کے لئے وقف کردیا۔اجتماع کی اس جگہ کا مکمل لے آؤٹ اور انفراسٹرکچر بنا کر مختلف امور سرانجام دیئے اورتیاری اجتماع کے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ covid کی وجہ سے مشکلات اور بیرونی ذرائع کی کمی کے باوجود خدام کی ٹیموں نے انتھک محنت کے ساتھ اس جگہ اجتماع کی تیاریاں مکمل کیں اور اس کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔اس اجتماع کے دوران حضور انور کی طرف سے موصول ہونے والی covid کی وجہ سے سیکیورٹی اور سیفٹی کے انتظامات کو قابل عمل بنانے کے لئےموصولہ  ہدایات پر مکمل عملدرآمد  کیا گیا ۔ جن امور کا خیال رکھا گیا ان میں ویکسینیشن عمر کے حساب سے خدام کے گروپس کو لگائی گئی، کورونا  کی روک تھام کے لئے ہومیو پیتھک ادویات مہیا کی گئیں ،وِکس بھی لگائی جاتی رہی، مناسب فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے خدام و اطفال میں ماسک پہننے کو بھی ممکن بنایا گیا۔

انہوں نے کہا : خاکسار ان شعبہ جات کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جنہوں نے اجتماع کو کامیاب بنانے کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کیا، ان میں سائٹ سیفٹی، رجسٹریشن، ہائی جین، روٹی پلانٹ ، پوٹ واشنگ اور ضیافت کی  ٹیمیں شامل ہیں ۔ خاکسار یوکے جماعت، انتظامیہ دفتر جلسہ سالانہ اور ایم ٹی اے انٹر نیشنل کی ٹیموں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جنہوں نے ہمارے ساتھ بہت تعاون فرمایا۔  

مکرم صدر صاحب مجلس نے حضور انور کو مخاطب کرتے ہوئےعرض کیا: کہ اس اجتماع میں ہونے والے کچھ ایونٹس یہ ہیں، ایک گفتگو کا پروگرام منعقد ہوا جس کا عنوان ’’میرا خلافت کے ساتھ تعلق‘‘ رکھا گیا تھا، خدام الاحمدیہ کی طرف سے ’’سید طالع احمد شہید نمائش‘‘ سجائی گئی جس کا عنوان Forever Alive رکھا گیا ، اس موقع پر ان کی فیملی اور دوستوں کے ساتھ پینل ڈسکشن کا اہتمام بھی کیا گیا۔ خدام و اطفال کی دلچسپی کے لئے تعلیمی ، تربیتی اور اسپورٹس مقابلے کرائے گئے۔طارق اور طاہر رسالہ جات کی نمائشیں ، تربیت مارکیز میں بہت سی صحت جسمانی کی سرگرمیاں ، اطفال ماسٹر شیف، مواخات چیلنج، نوجوان معاونین چیلنج، آرمی اور نیوی کے ڈسپلیز، بازار اور اسٹورز وغیرہ بھی ان میں شامل ہیں ۔

انہوں نےکہا ۔ مکرم یوسف آفتاب نائب صدر مجلس کی سربراہی میں کام کرنے والی اجتماع کمیٹی کے تمام ممبران کا خاکسار شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے ۔  مجلس خدا م  الاحمدیہ کی طرف سے خاکسار، حضور انور کا دلی طور پر ممنون ہے ، حضور انور کی طرف سے اجتماع کے دوران مسلسل ملنے والی ہدایات کی وجہ سے ہم اس سال اجتماع منعقد کرنے کے قابل ہوئے۔ ہمارے دل اللہ تعالیٰ کی محبت اور احسان سے پُر ہیں جس نے ہمیں اپنے فضل سے یہ موقع عطا فرمایا کہ ہم آج حضور انور کی بنفس نفیس بابرکت موجودگی سے روحانی فیض حاصل کر رہے ہیں۔

حضور انور کی خدمت اقدس میں خاکسار ،مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے دعا کی عاجزانہ درخواست کرنا چاہتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ہمیشہ حضور انور کے ویژن کے مطابق اور خلیفہ وقت کی پُر خلوص ہدایات و نصائح پر گامزن رہتے ہوئے خدمت دین کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آخر پر خاکسار مجلس کے لئے دعاؤں اور رہنمائی  فرمانے پر حضور انور کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے حضور انور کی خدمت میں عرض کیا کہ آپ کی اجازت سے اب ہم اجتماع کی جھلکیوں پر مشتمل  ایک مختصر ویڈیو دکھانا چاہتے ہیں۔ حضور انور کی اجازت کے بعد ایک ویڈیو دکھائی گئی جس میں اجتماع کے دونوں دنوں کے مختلف ایونٹس کے بارے میں تعارف پیش کیا گیا تھا۔

(مترجم: ابو سدید)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 21 ستمبر 2021

اگلا پڑھیں

نيلے افق میں طالع کہیں دور جا بسا