آؤ! اُردو سیکھیں
سبق نمبر 20
گزشتہ چند اسباق سے حروفِ ربط پر بحث جاری ہے۔ آج بھی اسی سلسلے میں بات ہوگی۔ سب سے پہلے حرفِ ربط کی تعریف ذیل میں دی گئی ہے۔
Preposition حرفِ ربط
جیسا کے نام سے ظاہر ہے یہ حروف دو یا دو سے زیادہ اشیاء میں پائے جانے والے تعلق کو بیان کرتے ہیں۔ یہ تعلق وقت اور جگہ کے لحاظ سے بھی ہوسکتا ہے اور کیفیت و حالت کے لحاظ سے بھی۔ مشکل الفاظ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ہم ان شاء اللہ آسان ترین الفاظ میں وضاحت کرنے کی کوشش کریں گے۔ گزشتہ سبق میں ہم نے آگے اور طرف کے بارے میں پڑھا تھا آج ہم اس سے آگے کے حروفِ ربط کو جاننے کی کوشش کریں گے۔ تاہم آج کے سبق میں تحقیق کے بعد حروفِ ربط کی ایک نئی فہرست پیش کی جارہی ہے اور کوشش ہوگی کے ان تمام حروف کو مثالوں سے واضح کیا جاسکے۔
فہرست حروفِ ربط
بِنا، پر، تک، تئیں، سمیت، سے، کر، کو، کے، لئے، میں، باہر، بغیر، پار، پاس، پیچھے، تلے، موافق، آگے، اوپر، بھروسے، بیچ، پرے، ساتھ، سامنے، سِرے، سنگ، مارے، نیچے، ہاں، اندر، برابر، جز، روبرو، سپرد، گرد، نزدیک، باوجود، باوصف، بجائے، بجز، برخلاف، برعکس، درپے، درپیش، درمیان، باعث، بدلے، بعد، حوالے، خلاف، ذریعے، ذمے، سوا، سوائے، علاوہ، عوض، قبل، قریب، لائق، متعلق، مشابہ، مطابق، بدون، بغیر، مابین، ماتحت، بابت، بدولت، جانب، خاطر، معرفت، نسبت۔
نیچے وہ حروف دیے جارہے ہیں جن کا ذکر ہوچکا ہے
کو، سے، میں، کے، تک، پر، آگے، طرف، نزدیک یا پاس
آج کے سبق کے لیے جو حروف منتخب کیے گئے ہیں وہ ہیں بنا یا بغیر، لئے، پار، پیچھے
Without بغیر، بنا اور بلا
ایک حرفِ ربط کی حیثیت سے بغیر ’بھی وقت، جگہ اور کیفیت کے لحاظ سے واضح کرتا ہے کہ اشیاء کے درمیان کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ اس کی وضاحت کے لیے ہم چند مثالوں پہ غور کرتے ہیں۔
بغیر یعنی کسی چیز کا نہ ہونا
مسجد نمازیوں کے بنا یا بغیر ویران ہوتی ہے۔
یعنی اگر نمازی نہ آئیں تو مسجد ویران ہوجاتی ہے۔
ہمارے گاؤں کا ہسپتال ایک اچھے ڈاکٹر کے بغیر بےکار ہے۔
یعنی ’بغیر‘ کا مطلب یہ ہوا کہ ہسپتال میں ڈاکٹر موجود نہیں ہے۔
بغیر والدین کے بچوں کی پرورش کون کرسکتا ہے؟
اس فقرے کے دو مطلب ہوسکتے ہیں۔ اوّل: وہ بچے جن کے والدین نہ ہوں اُن کی پرورش کون کرسکتا ہے؟ دوئم: والدین کے علاوہ بچوں کی پرورش کون کرسکتا ہے؟
آپ کے بغیر تقریب میں رونق نہیں تھی۔
بغیر یعنی چھوڑنا
کیا وہ میرے بغیر سیر کو جائیں گے؟ کیا میرے بغیر آپ کا یہ کام ہوجائے گا؟ وغیرہ
بغیر یعنی وجہ
بنا کسی بات کہ وہ تو روٹھ گئے ہیں۔
وہ تو بغیر وجہ کے روٹھ گئے۔
وہ تو بلا وجہ روٹھ گئے
یعنی اُن کے روٹھنے کی کوئی معقول وجہ نہیں ہے۔
ہم اُن کے گھر بنا بتائے پہنچ گئے۔
ہم اُن کے گھر بتائے بغیر پہنچ گئے۔
یعنی ہم نے انہیں اطلاع نہیں کی کہ ہم آرہے ہیں۔
بن
بنا کو مختصر شکل ’بن‘ بھی استعمال ہوتی ہے۔ جیسے
بن ماں کے بچے
یعنی ایسے بچے جن کی ماں نہ ہو۔
اسی طرح لفظ ’بغیر‘ کی مختصر شکل ’غیر‘ بھی استعمال ہوتی ہے۔ جیسے
غیر احمدی مسلمان، غیر اہم بات، غیر مناسب رویہ، غیر ممکن خیالات،
ان تمام محاوروں میں ’غیر‘ اپنے بعد آنے والے الفاظ کی نفی کررہا ہے۔ یعنی غیر اہم بات کا مطلب ہے ایسی بات جو اہم نہیں ہے۔ حضرت المصلح الموعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا شعر ہے:
؎غیر ممکن کو یہ ممکن میں بدل دیتی ہے
اے میرے فلسفیو زورِ دعا دیکھو تو
یعنی ایک فلسفی تو سمجھتا ہے کہ مادی قوانین کے لحاظ سے ایک ناممکن بات ممکن نہیں ہوسکتی مگر دعا ایک ایسی طاقت ہے جو غیر ممکن کو ممکن کر دیتی ہے۔
For/ therefore/sake/ get/ got لئے خاطر یا
اس حرفِ ربط کو سمجھنے کے لیے چند مثالوں پہ غور کرتے ہیں۔ عام طور پہ یہ حرف کسی کی ملکیت ظاہر کرتا ہے۔ یا یہ ظاہر کرتا ہے کہ فلاں چیز کسی کی خدمت میں پیش کی جارہی ہے
میں جلسہ میں شمولیت کی خاطر(حرفِ ربط) برطانیہ آیا ہوں۔
ہم جلسہ سالانہ میں شمولیت کے لیے (حرفِ ربط) یہاں آئے ہیں۔
لئے بمعنیٰ قوت و صلاحیت
میرے لئے (حرفِ ربط) یہ کام بہت آسان ہے۔
یعنی میری صلاحیت اور طاقت کے لحاظ سے یہ کام سر انجام دینا آسان ہے۔
لئے بمعنیٰ رائے
یہ بات آپ کے لیے جھوٹ ہوگی میرے لئے تو یہی سچ ہے۔
یعنی میری رائے میں۔
Get لئے بمعنیٰ لے لینا
میں نے اس سے پیسے لے لئے (فعل) ہیں۔
ہم نے ان کے مکانوں کے پتے لے لئے (فعل) ہیں۔
یہاں لئے دراصل ورب ‘لینا’ کی ایک شکل ہے۔
لئے بمعنیٰ پانا
تم نے ابا سے کتنے روپے لئے (فعل)۔
یہاں بھی لئے دراصل ورب ’لینا‘ کی ایک شکل ہے
Cross/across/pierce/
یہ بھی ایک حرفِ ربط ہے۔ اس اک استعمال اور مطالب جاننے کے لیے ہم چند سادہ مثالوں پہ غور کرتے ہیں۔
ہم دریا کے اُس پار جانا چاہتے ہیں۔
یعنی دریا کے کہ ایک کنارے سے دوسرے کنارے پر بذریعہ کشتی یا تیر کر جانا۔
خدا تعالیٰ نے ہی اس مشکل وقت میں ہماری کشتی پار لگائی۔
یعنی یہاں ’پار‘ کا معنیٰ کامیاب ہونا ہے
اس گلی کے پار ہمارا سکول ہے۔
یعنی اس گلی کے اختتام پر سکول واقع ہے۔
تیر یا گولی اس کے سینے کے پار ہوگئی۔
یعنی سینے میں داخل ہوکر پاہر نکل گئی یا نکل آئی۔
اس پُل کے پار سارا جنگل ہے۔
یعنی پُل کے اوپر سے گزرتے ہی جنگل شروع ہوجاتا ہے۔
Behind/on the backside of/ rear/reverse/ support/ Backing پیچھے
یہ حرفِ ربط اردُو میں وسیع معنیٰ رکھتا ہے۔ دیکھتے ہیں مثالوں کے ذریعے اس کے کیا کیا مطالب اور استعمال سامنے آتے ہیں۔
اس مکان کے پیچھے ایک میدان ہے۔ جہاں ہم کھیلتے ہیں۔
جگہ کے لحاظ سے یہ حرفِ ربط بتاتا ہے کہ کون سی چیز کس چیز کے بعد واقع ہے۔
میرے پیچھے پیچھے چلے آؤ۔
یعنی مجھے پوری طرح فالو کرو۔
دیکھنا ہوگا کہ اس تحریک کے پیچھے کون ہے۔
یہاں پیچھے کا معنیٰ ہے چھپی ہوئی طاقت یا مدد۔
اپنی گاڑی پیچھے لے جائیں۔
یہاں پیچھے کا مطلب ہے ریورس کرنا۔ ایک جگہ سے پیچھے کی طرف ہٹ جانا۔
میں نےنہیں دیکھا ذرا اس ویڈیو کو پیچھے کرو۔
یعنی ویڈیو کو دوبارہ دیکھنا۔
یہاں لفظ استعمال ہوا ہے ’’دوبارہ‘‘ اس کی تفصیل اگلے سبق میں پیش کی جائے گی۔
ہمارا بچہ پڑھائی میں پیچھے رہ گیا ہے۔
یہاں پیچھے کا مطلب ہے کمزور یعنی تعلیمی میدان میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
انسان جب پیچھے مُڑ کے دیکھتا ہے تو اداس ہوجاتا ہے۔
یہاں پیچھے کا مطلب ہے ’’ماضی‘‘ کی طرف دیکھنا اس زمانے کو یاد کرنا جو گزر گیا ہو۔
(باقی ان شاءاللہ آئندہ)
(عاطف وقاص۔ ٹورنٹو کینیڈا)