• 29 اپریل, 2024

انمول روحانی مائدہ ’’الفضل‘‘

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انمول روحانی مائدہ ’’الفضل‘‘

مکرم ایڈیٹر صاحب روزنامہ الفضل

السلام علیکم ورحمتہ اللہ و برکاتہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے روزنامہ الفضل کا ہر شمارہ علمی و روحانی مضامین پر مشتمل دلکش اور خوبصورت گلدستہ کی صورت میں موصول ہوتا ہے۔ گزشتہ دنوں بذریعہ فون گفتگو کرتے ہوئے آنمکرم نےالفضل کے قارئین کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کا ذکر کیا تھا ۔ ایسا کیوں نہ ہوتا جبکہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ خلیفتہ المسیح کی رہنمائی میں ادارہ الفضل کے جملہ کارکنان بھرپور محنت اور اللہ تعالیٰ کے حضور عاجزانہ دعائیں کرتے ہوئے شب و روز اسکی ترقی میں مصروف ہیں ،جسکی ایک چھوٹی سی مثال روزنامہ الفضل کا پہلا صفحہ ہے جس میں ایک ہی مضمون پر مشتمل ارشاد باری تعالیٰ کا انتخاب، اور اسی کے مطابق حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم، رشحات قلم سلطان القلم اور فرمان خلیفہ وقت ہوتا ہے۔

جب سیدنا حضرت عیسٰی علیہ ا سلام کے حواریوں نے آسمان سے مائدہ نازل ہونے کا مطالبہ کیا تھا تب اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسی علیہ السلام کی دعا کو قبول فرماتے ہوئے مائدہ عطا فرمایا مگر مسیحی قوم نے اس کی قدر نہ کی اور دنیوی عیش و عشرت میں مشغول ہو گئے تب اللہ تعالیٰ نے ان سے روحانی مائدہ چھین کر بنو اسماعیل کو عطا فرمایا اور سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر اس روحانی مائدہ کی تکمیل فرمائی اور اب اس زمانے میں سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے ان روحانی خزائن کوانتہائی فراخ دلی اور وسعت سے لٹانا شروع کیا ۔ آپ فرماتے ہیں:

وہ خزائن جو ہزاروں سال سے مدفون تھے
اب میں دیتا ہوں اگر کوئی ملے امیدوار

اب ہمارے دورمیں اللہ تعالی نے اپنے فضل سے خلفاء احمدیت کی بدولت جماعت احمدیہ کو روحانی مائدہ بصورت الفضل آن لائن عطا فرمایا ہے۔جو ہمارے لئے روحانی غذا لے کر آسمانی فضائوں کو عبور کرتا ہوا روزانہ علی الصبح ہمارے گھروں میں پہنچ جاتا ہے۔ جس میں ہماری روح کی غذا کے لئے طرح طرح کے لذیذ اور خوشنما روحانی کھانےاور پھل مضامین کی صورت میں مہیا ہوتے ہیں۔

ان سے مستفیض ہونا ہمارا فرض اولین ہے۔ کلام الٰہی اور صفات باری تعالیٰ کا حسن ۔ سرور کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و سلم کی پاکیزہ سیرت اور آپ کے روحانی فرزند حضرت مسیح پاک علیہ السلام کی مقدس تحریرات۔ خلفاء احمدیت کے پاکیزہ ارشادات۔ صحابہ کرام کے ایمان افروز واقعات۔ تبلیغ اسلام کے لئےمسلم جماعت احمدیہ کے مبلغین اور داعیان الی اللہ کی جدو جہد کی رپورٹس اور سعید فطرت روحوں کے قبول اسلام و احمدیت کے ایمان افروز واقعات کا تذکرہ، تاریخی اور سائنسی و علمی مضامین، پیارے خلیفتہ المسیح کی مختلف ممالک کی مجالس عاملہ سے ورچوئل ملاقات کی تفاصیل اور ارشادات، فقہی مسائل غرضیکہ ہرروحانی مزاج کے مریض کا روحانی علاج و تقوی اور طہارت وقرب الٰہی کے حصول کے ذرائع نیز خدام، انصار، لجنہ اوراطفال و ناصرات سب کی دینی و روحانی ترقی اور رہنمائی کے زریں ہدایات پر مشتمل الفضل کا شمارہ روحانی مائدہ لیکر ہمارے موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز کے ذریعہ میسر ہوتا ہے اس روحانی مائدہ سے استفادہ کرنا احباب جماعت پر منحصرہے۔ خلفاء احمدیت نے الفضل کے قارئین کی علمی وروحانی ترقی کے لئے خداوند تعالیٰ کے حضور پر سوز دعائیں کی ہیں۔ ان دعائوں کا مستحق بننے کے لئے ہر احمدی کو الفضل کے روحانی مائدہ سے استفادہ کرنے کی بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔

اللہ تعالی ہم سب کو اس کی توفیق عطا فرمائے- اور ادارہ الفضل کے جملہ کارکنان کی مساعی جمیلہ کو قبول فرماتے ہوئے انہیں حسنات دارین سے نوازے اور اس کے قارئین و معاونین کے علم و عرفان میں اضافہ فرمائے۔ آمین

والسلام
عبدالستارخان مبلغ سلسلہ و نمائندہ الفضل آن لائن
کولمبیا وکیوبا
03/10/2021

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین ماہ اگست 2021ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ