• 21 جولائی, 2025

آج کی دعا

سُبْحَانَ اللّٰهِ وَبِحَمْدِهٖ، لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ، مَا شَآءَ اللّٰهُ كَانَ، وَمَا لَمْ يَشَأْ لَمْ يَكُنْ أعْلَمُ أَنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَىْءٍ قَدِيْرٌ وَّأَنَّ اللّٰهَ قَدْ أحَاطَ بِكُلِّ شَىْءٍ عِلْمًا

(سنن ابوداؤد، كِتَابُ النَّومِ بَابُ مَا يَقُولُ إِذَآ أَصْبَحَ حدیث: 5075)

ترجمہ :اللہ پاک ہے اپنی حمد کے ساتھ۔ نیکی اور خیر اللہ تعالیٰ کی توفیق کے بغیر ممکن نہیں۔ جو اللہ چاہتا ہے ہو جاتا ہے اور جو نہیں چاہتا نہیں ہوتا۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے اور اس کا علم ہر شے کو اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہے۔

یہ سید ومولیٰ، خیرالوریٰ، خاتم النبیین، پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی حصولِ حفاظتِ الٰہی کی پیاری دعا ہے۔

عبدالحمید مولیٰ بنو ہاشم سے روایت ہے کہ ان کی والدہ نبی کریم ﷺ کی کسی صاحبزادی کی خدمت کیا کرتی تھی۔ اس صاحبزادی نے اسے بیان کیا کہ نبی کریم ﷺ اسے سکھایا کرتے تھے اور فرماتے تھے: جب تم صبح کرو تو یہ کہا کرو: سُبْحَانَ اللّٰهِ وَبِحَمْدِهٖ، لَا قُوَّةَ إِلَّا بِاللّٰهِ، مَا شَآءَ اللّٰهُ كَانَ، وَمَا لَمْ يَشَأْ لَمْ يَكُنْ أعْلَمُ أَنَّ اللّٰهَ عَلٰى كُلِّ شَىْءٍ قَدِيْرٌ وَّأَنَّ اللّٰهَ قَدْ أحَاطَ بِكُلِّ شَىْءٍ عِلْمًا

یعنی اللہ پاک ہے اپنی حمد کے ساتھ۔ نیکی اور خیر اللہ تعالیٰ کی توفیق کے بغیر ممکن نہیں۔ جو اللہ چاہتا ہے ہو جاتا ہے اور جو نہیں چاہتا نہیں ہوتا۔ مجھے یقین ہے کہ اللہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے اور اس کا علم ہر شے کو اپنے گھیرے میں لیے ہوئے ہے۔ ’’بلاشبہ جو شخص صبح کے وقت یہ کلمات کہہ لے، تو شام تک اس کی حفاظت کی جائے گی اور جس نے شام کو یہ پڑھ لیے، تو صبح تک اس کی حفاظت کی جائے گی۔‘‘

ہمارے پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز موجودہ حالات کے پیش نظر مسلسل دعاؤں کی تحریک فرما رہے ہیں۔ آپ ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ UK 2021 کے موقع پر فرمایا:
اللہ تعالیٰ ان دنیا داروں اور دنیاوی حکومتوں کو عقل دے اور اپنی اناؤں کی بجائے انسانیت کو بچانے کی فکر کرنے والے ہوں۔ پس اس لحاظ سے آج ہر احمدی کا کام ہے کہ دعا کرے کہ دنیا تباہی وبربادی سے بچ جائے۔اور واحد اور لاشریک خدا کو مان لے اور آنحضرت ﷺ کی تعلیم کو سمجھنے والی اور عمل کرنے والی بن جائے۔ اور یہی ان کی بقا ہے اور یہی ان کی بقا کی ضمانت ہے، یہی ان کی نسلوں کی بقاء کی ضمانت ہے۔اللہ تعالیٰ ان کو عقل دے۔ سب دنیا کے احمدیوں کو اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے حفاظت میں رکھے۔ ان کے لئے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہرقسم کے شر سے ہر احمدی کو ہرمظلوم کو بچا کے رکھے۔

(اختتامی خطاب جلسہ سالانہ UK2021ء مؤرخہ 8اگست2021ء)

(مرسلہ: مریم رحمٰن)

پچھلا پڑھیں

This week with Huzoor (24ستمبر 2021ء قسط اول)

اگلا پڑھیں

الفضل آن لائن 23 اکتوبر 2021