• 29 اپریل, 2024

’’اوسے ناسے‘‘ گھانا کےیتیم خانہ کے لئے عطیات

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مؤرخہ یکم اگست 2021ء کواکیم اوڈاں زون کے مقام اوسے ناسے (Osenase) کے یتیم خانہ میں شعبہ خدمت خلق کے تحت عطیہ جمع کرانے کا انتظام کیا گیا۔ یہ یتیم خانہ گھانا کے ایسٹرن ریجن کے شہر اسامنکسی کےقریب واقع ہے۔ اس یتیم خانہ میں 20 بچے ہیں جن میں سے 3 یونیورسٹی میں، 2 ووکیشنل اداروں میں، 4 سیکنڈری سکول میں جبکہ باقی بچے پرائمری سکول کی مختلف کلاسوں میں پڑھتے ہیں۔

جماعتی وفد (جو کہ زونل عاملہ کے بعض ممبران اور زونل مشنری صاحب پر مشتمل تھا )نے جمع شدہ عطیات اور تحائف یتیم خانہ کی انتظامیہ کو دئیے۔ ان تحائف میں اشیائے خورونوش مثلا ًچاولوں کے تھیلے، کوکنگ آئل اور مشروبات شامل ہیں۔ان کے علاوہ جوتوں کے جوڑے، صابن وغیرہ، ہینڈ سینیٹائزرز اورٹشوپیپرز بھی ان کو دئیے گئے۔ اس کے علاوہ ریویو آف ریلیجنز کے بعض شمارے بھی ان کو دئیے گئے۔مزید برآں ایک ہزار گھانا سیڈی نقد بھی بطور عطیہ دیا گیا۔

یہی تحائف اور عطیات دینے کے بعد ناظم صاحب خدمت خلق،قائد علاقہ اور زونل مشنری صاحب نے بچوں کو نصائح کرتے ہوئے فرمایاکہ ہمیشہ عاجزی و انکساری سے زندگی گزارنی چاہیے اور بڑوں کے تابع فرمان رہنا چاہیے۔ اس کے علاوہ انہوں نے یتیم خانہ کی انتظامیہ کی بھی حوصلہ افزائی فرمائی۔ اور ان کو نصائح کرتے ہوئے فرمایاکہ اگرچہ یتیم خانہ چلانا نہایت مشکل ہے تاہم بچوں کے ساتھ ہمیشہ صبر و حوصلہ کے ساتھ برتاؤ کرنا چاہیے۔ اس چیز کو ہمیشہ مدنظر رکھنا چاہیے کہ یہ کام کرنے والے اللہ تعالیٰ کے فضل اور رحمتیں کے وارث بنتے ہیں۔

یتیم خانہ کی انتظامیہ نے عطیات اور تحائف کی وصولی پر جماعتی وفد کا دلی شکریہ ادا کیا۔ اور یہ خواہش کی آئندہ بھی اس طرح کے نیک اقدامات میں اس یتیم خانہ کو یاد رکھا جائے گا۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کو جنہوں نے اس کارخیر میں حصہ لیا اپنے فضل سے جزاء خیر عطاء فرمائے اور آئندہ بھی ایسی بے لوث نیکیاں کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل آن لائن گھانا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 16 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ