• 28 اپریل, 2024

مجلس انصار اللہ کیپ ٹاؤن

مجلس انصار اللہ کیپ ٹاؤن کی جانب سے
ضرورت مندوں و غریب گھرانوں میں خشک راشن کی تقسیم

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا ہے وَیُطۡعِمُوۡنَ الطَّعَامَ عَلٰی حُبِّہٖ مِسۡکِیۡنًا وَّیَتِیۡمًا وَّاَسِیۡرًا (الدھر: 9) یعنی اور اُس (خدا) کی محبت پر مسکین، یتیم اور اسیر کو کھانا کھلاتے ہیں۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے اس فرمان کے تحت مجلس انصار اللہ کیپ ٹاؤن کو گاہے بگاہے شہر کے اردگرد کے علاقوں میں جہاں غربت بہت زیادہ ہے اور عمومی طور پر لوگ ٹین کی چادروں سے بنائے گئے ایک دو کمروں کے گھروں میں رہتے ہیں خشک راشن تقسیم کرنے کا موقع ملتا ہے۔ کیپ ٹاؤن اور ساؤتھ افریقہ میں طبقاتی تفاوت کی وجہ سے امارت اور غربت میں بہت فرق ہے علاقوں کے علاقے عالیشان گھروں پر مشتمل ہیں جہاں زندگی کی تمام سہولتیں مُیسّر ہیں جبکہ اِن کے پاس بھی ایسی آبادیاں ہیں جن میں بنیادی ضروریات کے لئے لوگوں کو کوشش کرنا پڑتی ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں سے جماعت احمدیہ ساؤتھ افریقہ نے بین المذاہب بھائی چارہ اور ہم آہنگی پر متعدد پروگرام کیے ہیں جس کی وجہ سے دوسرے مذاہب کے نمائندوں سے تعلقات استوار ہوئے اور اُن کی مدد سے مقامی لوگوں تک رسائی ہوئی اور اُنکے مسائل کا عِلم ہوا اور پھر اس سلسلہ میں ایسے لوگوں کی مدد کے پروگرام جماعت کے تحت اور ہیومینٹی فرسٹ ساؤتھ افریقہ کے تحت کیے گئے۔ ایسا ہی پروگرام 17نومبر 2021 ایک عیسائی تنظیم کی سربراہ Mrs. Lorraine M. کی تجویز پر کیا گیا۔ یہ پروگرام ،کیب ٹاؤن سے باہر سمندر کے کنارے ایک بڑے ٹاؤن FISH HOEK کے قریب ٹاؤن MASIPHUMELELE میں کیا گیا۔ یہ ٹاؤن 5500 کی آبادی پر مشتمل ہے جہاں افریقن امیر اور ؑغریب ملے جُلے رہتے ہیں کہیں اچھی عمارت نظر آئے گی مگر ساتھ ہی ٹین کی چادروں کے گھر ہونگے۔ چنانچہ مقامی چرچ کے برآمدہ اور صحن میں آئے ہوئے لوگوں کو خشک پارسل تقسیم کیے گئے۔ جس پر مقامی لیڈروں نے جماعت کا شکریہ ادا کیا۔ خاکسار نے تعارفی کلمات میں جماعت کے نصب العین ’’محبت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کا ذکر کر کے بتایا کہ جماعت احمدیہ بلا تفریق مذہب ملت اور رنگ و نسل ہر انسان سے محبت کرتی ہے اور جہاں کہیں ممکن مدد ہو سکے کر دیتی ہے۔ اِس کار خیر میں صدر مجلس انصارُ اللہ عبد الفریز عبد اللطیف صاحب اور محمد سید صاحب نے نمایاں کردار ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ اِن کو جزائے خیر سے نوازے اور قربانی کرنے والے احباب کو بھی اپنی رحمتوں اور برکتوں سے وافر حِصّہ عطا کرے آمین۔

قارئین الفضل سے ساؤتھ افریقہ جماعت کی ترقی کے لیے دُعا کی درخواست ہے۔

(رپورٹ: منصور احمد زاہد ۔مبلغ سلسلہ ساؤتھ افریقہ)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 26 نومبر 2021

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ