اَللّٰهُمَّ اِنِّٓیْ اَسْئَلُكَ فِعْلَ الْخَيْرَاتِ وَ تَرْكَ الْمُنْكَرَاتِ وَحُبَّ الْمَسَاكِيْنِ وَ اَنْ تَغْفِرَ لِیْ وَ تَرْحَمَنِیْ وَاِذٓا اَرَدْتَّ فِتْنَةً فِیْ قَوْمٍ فَتَوَفَّنِیْ غَيْرَ مَفْتُوْنٍ وَّاَسْئَلُكَ حُبَّكَ وَحُبَّ مَنْ يُّحِبُّكَ وَحُبَّ عَمَلٍ يُّقَرِّبُنٓیْ اِلٰی حُبِّكَ
(مسند احمد جلد5 صفحہ:243 بحوالہ خزینۃ الدعا از حافظ مظفر احمد، صفحہ:108۔ 109)
ترجمہ: اے ﷲ! بے شک میں تجھ سے نیک کام کرنے، برائیوں سے بچنے اور مسکینوں سے محبت کی توفیق چاہتا ہوں۔ اور یہ کہ تو مجھے بخش دے اور مجھ پر رحم فرما اور جب تو کسی قوم کو آزمائش میں مبتلا کرنے کا ارادہ کرے تو مجھے بغیر آزمائش میں ڈالے وفات دے دینا، میں تجھ سے تیری محبت کا سوال کرتا ہوں اور اس کی محبت کا جو تجھ سے محبت کرتا ہے اور اس عمل کی محبت کا جو مجھے تیری محبت کے قریب کر دے۔
یہ سید ومولیٰ، فخر الانبیاء، خیر البشر، پیارے رسول حضرت محمدﷺ کی رحم وبخشش کی پیاری دعا ہے۔
حضرت معاذ بن جبل ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسولِ کریمﷺ ایک دفعہ فجر کی نماز میں اتنی تاخیر سے تشریف لائے کہ سورج نکلنے کے قریب ہوگیا۔ آپﷺ نے مختصر نماز پڑھا کر فرمایا کہ سب لوگ اپنی جگہ بیٹھے رہو۔ پھر ہماری طرف متوجہ ہوکر فرمایا میں تمہیں آج فجر کی نماز پر دیر سے آنے کی وجہ بتا دوں۔ میں رات کو تہجدکے لئے اٹھا اور جتنی توفیق تھی نماز پڑھی۔ نماز میں ہی مجھے اونگھ آگئی۔ آنکھ کھلی تو اپنے رب کو خوبصورت شکل میں دیکھا۔ اللہ نے فرمایا اے محمد معلوم ہے فرشتے کس بارے میں بحث کررہے ہیں ؟میں نے کہا مجھے معلوم نہیں۔ دوبارہ اللہ تعالیٰ نے یہی پوچھا تو میں نے یہی جواب دیا۔ پھر میں نے دیکھا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی ہتھیلی میرے کندھے پر رکھی یہاں تک کہ اسکی ٹھنڈک میں نے اپنے سینے میں محسوس کی اور ہر چیز میرے پر روشن ہوگئی۔ پھر اللہ نے پوچھا اے محمد فرشتے کس بارے میں بحث کر رہے ہیں؟ میں نے کہا ’’کفارات‘‘ کے بارے میں۔ اللہ نے فرمایا کفارات کیا ہیں؟ (یعنی وہ چیزیں جن سے گناہ دور ہوجاتے ہیں)۔ میں نے کہا نماز باجماعت کے لئے چل کر مسجد جانا اور نماز کے بعد مسجد میں بیٹھ کر ذکرِ الٰہی کرنا، اور ناپسندیدگی کے باوجود مکمل وضو کرنا۔ پھر اللہ نے پوچھا اور ’’درجات‘‘ کیا ہیں؟ میں نے کہا کھانا کھلانا، نرم کلام کرنا اور نماز پڑھنا جب کہ لوگ سوئے ہوں۔ تب اللہ فرمایا اب مانگو جو مانگتے ہو۔ تب میں نے یہ دعا کی۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا یہ دعا بر حق ہے اسے خود بھی یاد کرو اور دوسروں کو بھی سکھاؤ۔ دعا یہ ہے (مندرجہ بالا دعا)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)