- مکرم امان اللہ امجد تحریر کرتے ہیں:
مورخہ 4دسمبر 2021ء کے شمارہ میں آپ کا اداریہ پڑھنے کو ملا ۔ جو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کے ارشاد مبارک ’’اللہ تعالیٰ سے کبھی بے وفا ئی نہ کرنا‘‘ کے حوالے سے تحریر کیا گیا ۔یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ اللہ تعالیٰ کے انسان پر لاتعداد احسانات ہیں کہ ان کا شکر ادا کرنا بھی خدا کے فضل کے بغیر ممکن ہی نہیں ۔
؎کس طرح تیرا کروں اے ذوالمنن شکر وسپاس
وہ زباں لائوں کہاں سے جس سے ہو یہ کاروبار
اداریہ پڑھ کر بے اختیار دل خدا تعالیٰ کی حمد وثنا سے بھر گیا۔ صرف ایک الفضل اخبار کی مثال لے لیں ۔میں سوچ رہا تھا کہ ایک وہ وقت تھا جب تحریک جدید کے آغاز پر دشمن نے دعویٰ کیا کہ ہم اس آواز کو قادیان سے باہر نہیں نکلنے دیں گے۔لیکن ہمارے قادر خدا نے دشمن کو ناکام ونامراد کیا اور آج ہم گھر بیٹھے الفضل کی روحانی نہر سے فیض یاب ہورہے ہیں۔ الحمد للّٰہ۔
اداریے کے آخر میں آپ نے پیارے آقا کی خدمت اقدس میں یہ عہد دہرایا ہے کہ حضور انور نے خلافت جوبلی کے مبارک اور تاریخی موقع پرجماعت احمدیہ کو خلافت سے وفااور اطاعت کا عہد جو عطا فرمایا ہے ہم اُس کے ہر لفظ پر ایمان لائیں گے اور اس پر عمل کو یقینی بنائیں گے۔بلاشبہ یہ عہد ہر احمدی کے دل کی آواز ہے جو آپ نے اداریے میں پیش کی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حقیقی معنوں میں اس عہد پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ۔
میں اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے خلافت جوبلی پر لئے گئے عہد کو درج کرنا چاہتا ہوں جو حضور انور نے دنیا بھر میں پھیلے احمدیوں سے لیا تھا۔جو یہ ہے۔
أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لَا شَرِیکَ لَہٗ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَ رَسُوْلُہٗ
آج خلافت احمدیہ کے سو سال پورے ہونے پر ہم اللہ تعالیٰ کی قسم کھا کر اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ ہم اسلام اور احمدیت کی اشاعت اور محمد رسول اللہ ﷺ کا نام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کے لئے اپنی زندگیوں کے آخری لمحات تک کوشش کرتے چلے جائیں گے ۔اور اس مقدس فریضہ کی تکمیل کے لئے ہمیشہ اپنی زندگیاں خدا اور اس کے رسول ﷺ کے لئے وقف رکھیں گے ۔اور ہر بڑی سے بڑی قربانی پیش کر کے قیامت تک اسلام کے جھنڈے کو دنیا کے ہر ملک میں اونچا رکھیں گے ۔
ہم اس بات کا بھی اقرار کرتے ہیں کہ ہم نظام خلافت کی حفاظت اور اس کے استحکام کے لئے اولاد در اولاد کو ہمیشہ خلافت سے وابستہ رہنے اور اس کی برکات سے مستفید ہونے کی تلقین کرتے رہیں گے تاکہ قیامت تک سلسلہ احمدیہ کے ذریعہ اسلام کی اشاعت ہوتی رہے اور محمد رسول اللہ ﷺ کا جھنڈا دنیا کے تمام جھنڈوں سے اونچا لہرانے لگے ۔اے خدا تو ہمیں اس عہد کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرما۔ آمین ۔اللھم آمین ۔