• 28 اپریل, 2024

مدرسہ بزبان مورے برکینا فاسو

برکینا فاسو میں 60 سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں مورے، جولا، اور فلفلدے زبانیں شامل ہیں۔ چنانچہ اس سال جماعت احمدیہ برکینا فاسو کو تینوں بڑی زبانوں میں ایک ماہ کے لیے مدرسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی ان مدرسہ جات کا مقصد نومبائعین کی تعلیم و تربیت کرنا اور جماعت احمدیہ کی تعلیمات سے روشناس کروانا تھا۔

مورے زبان میں مدرسہ کا انعقاد یکم ستمبر تا 28 ستمبر 2021ء کو کدگو شہر میں ہوا۔ کدگو شہر برکینا فاسو کا تیسرا بڑا شہر ہے۔ یہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کا مشن ہاؤس مسجد اور ایک ہائی سیکنڈری سکول قائم ہوچکا ہے۔ چنانچہ سکول کی چھٹیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام کلاسز کا انعقاد اسی سکول میں ہی کیا گیا تاکہ شاملین کو مکمل تعلیمی ماحول میسر آسکے۔

مدرسہ کو کامیاب بنانے کے لیے سعادت احمد صاحب ریجنل مشنری کدگو ریجن کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنائی گئی جن میں Sidibe Idrissa ریجنل قائد اور کدگو شہر کے قائد Kabore Moussaصاحب نے خاص طور پر بڑی محنت اور لگن سے انتظامات کو سرانجام دیا۔ مدرسہ کی افتتاحی تقریب کے لیے کونے داؤدا صاحب صدر خدام الاحمدیہ برکینا فاسو تشریف لائے۔

تدریس کا وقت صبح 8 بجے تا 1 بجے رکھا گیا۔ نماز ظہر کے بعد کھانا پیش کیا جاتا نیز عصرکی نماز تک قیلولہ کا وقت مقرر کیا گیا۔ نماز عصر کے بعد کھیل کا انتظام کیا جاتا۔ نماز مغرب کے بعد رات کا کھانا پیش کیا جاتا اور نماز عشاء کے بعد سٹڈی ٹائم رکھا گیا۔ ہر جمعہ کو نماز تہجد کا انعقاد کیا جاتا رہا، نیز روزانہ انفرادی نماز تہجد کے لئے بھی جگانے کا انتظا م کیا گیا۔ ہر جمعہ کو بعد نماز عشاء مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ اسی طرح ہر جمعرات کو بعد نماز عصر وقار عمل کا بھی انعقاد بھی کیا جاتا رہا۔

مدرسہ میں 11 جماعتوں سے 25 خدام اور 9 اطفال شامل ہوئے۔ اختتامی تقریب میں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے شمولیت اختیار کی اور شاملین میں اسناد تقسیم کیں اور قیمتی نصائح کیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ مدرسہ شاملین کے علم وعرفان میں اضافہ کا موجب بنے اور نظام جماعت سے مضبوط تعلق پیدا کرنے کا موجب بنے۔ آمین۔

(رپورٹ: مبارک احمد منیر۔ نمائندہ الفضل آن لائن برکینا فاسو)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین دسمبر 2021ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ