جو انسان اللہ تعالیٰ سے پیار کرتا ہے وہ اس کی مخلوق سے بھی بہت پیار کرتا ہے۔ ایک مومن انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے ہمہ وقت سرشار ہوتا ہے اور اللہ کی رضا چاہتے ہوئے بغیر کسی رنگ و نسل، مذہب اور قوم کی تمیز کے دوسروں کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ خدمتِ انسانیت کے لئے اللہ تعالیٰ کی عطاکردہ صلاحیتوں اور نعمتوں کو بے دریغ خرچ کریں کیونکہ دوسروں کی بھلائی کے لئے کئے گئے کام صدقہ جاریہ کا روپ دھار کر امر ہو جاتے ہیں۔
حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ و السلام فرماتے ہیں:
انسان اگر اللہ تعالی کے لئے اپنی زندگی وقف نہ کرے اور اس کی مخلوق کے لئے نفع رساں نہ ہو تو یہ ایک بیکار اور نکمی ہستی ہو جاتی ہے۔ بھیڑ بکری بھی پھر اس سے اچھی ہے جو انسان کے کام تو آتی ہے۔ لیکن جب یہ اشرف المخلوقات ہو کر اپنی نوع انسان کے کام نہیں آتا تو پھر بد ترین مخلوق ہو جاتا ہے۔
(ملفوظات جلد6 صفحہ91 ایڈیشن 1984)
(مدیحہ مصور کاہلوں۔ ریجائنا، کینیڈا)