حضرت میاں محمد سعید سعدؔی رضی اللہ عنہ۔ لاہور
حضرت میاں محمد سعید سعدی رضی اللہ عنہ لاہور کی مشہور میاں فیملی کے چشم و چراغ تھے۔ تاریخ احمدیت لاہور میں آپ کا تعارف یوں درج ہے:
’’میاں محمد سعید صاحب سعدی بھی حضرت میاں چراغ دین صاحب رئیس لاہور کے صاحبزادہ تھے۔ بڑے جوشیلے اور غیور احمدی تھے۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتابوں کا گہرا مطالعہ رکھتے تھے، خصوصًا لاہوری فریق کے ساتھ بحث میں انہیں ید طولیٰ حاصل تھا چنانچہ اس سلسلہ میں کئی چھوٹے چھوٹے ٹریکٹ آپ کی یادگار موجود ہیں۔ ….ایک مرتبہ 1917ء میں آپ نے حضرت حکیم خلیل احمد صاحب مونگھیر کے ساتھ مل کر پنجاب کی انجمنوں کی تنظیم کے سلسلہ میں دورہ بھی کیا تھا۔ آپ نے بھی ایک عرصہ تک چیف انجنیئر محکمہ انہار کے دفتر میں ملازمت کی مگر پھر بیماری کی وجہ سے استعفیٰ پیش کر دیا۔‘‘
(تاریخ احمدیت لاہور مصنفہ شیخ عبدالقادر سوداگر مل صاحب صفحہ178)
آپ کے حالات زندگی مہیا نہیں ہو سکے، جماعتی لٹریچر میں آپ کے علمی مضامین محفوظ ہیں جن سے آپ کی علمی وسعت، گہرے مطالعے اور فہم و فراست کا علم ہوتاہے جیسا کہ اوپر بیان ہوا آپ کی خاص فیلڈ غیر مبائعین کے ساتھ بحث تھی، آپ غیرمبائعین کے لٹریچر کا فوری اور غیرت مندانہ جواب دیتے۔ آغاز خلافت ثانیہ میں حضرت مولانا غلام رسول راجیکی رضی اللہ عنہ نے جب لاہور میں غیر مبائعین کی سرگرمیوں کا مقابلہ کیا تو آپ بھی اُن کے ساتھ تھے، چنانچہ تاریخ احمدیت لاہور لکھتی ہے:
’’ان ایام میں غیر مبائعین کے ساتھ بحث کرنے کے لیے حضرت مولوی صاحبؓ کے خاص معاون حضرت میاں محمد سعید صاحب سعدی ابن حضرت میاں چراغ دین صاحب تھے۔ میاں سعدی مرحوم کو مبائعین اور غیر مبائعین کے درمیان متنازعہ تحریرات زبانی یاد تھیں اور اس قسم کی تحریرات پر مشتمل آپ نے بعض ٹریکٹ بھی لکھے تھے۔ حضرت میاں سعدی مرحوم کی وجہ سے اس خاندان کے بعض بچے بھی غیر مبائعین کے ساتھ گفتگو کا خاص ملکہ رکھتے تھے۔‘‘
(تاریخ احمدیت لاہور صفحہ 449)
جماعتی لٹریچر میں شائع شدہ آپ کے مضامین کی ایک فہرست ذیل میں درج کی جاتی ہے:
محمدی ختم نبوت کی اصل حقیقت
(تشحیذ الاذہان اگست 1917ء صفحہ 1 تا 61)
مسئلہ بروز
(تشحیذ الاذہان مئی 1914ء صفحہ 33 تا 38)
مسئلہ نبوت
(تشحیذ الاذہان فروری 1915ء صفحہ 1 تا 80)
نبی آخر الزمان
(تشحیذ الاذہان فروری 1916ء صفحہ 1 تا 32)
تصدیق خلافت احمدیہ
(تشحیذ الاذہان دسمبر 1914ء صفحہ 13 تا 40)
خلیفہ اور انجمن
(تشحیذ الاذہان مارچ 1915ء صفحہ 33 تا 39)
مولوی محمد علی صاحب کا مذہب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سراسر خلاف ہے
(تشحیذ الاذہان ستمبر 1914ء صفحہ21 تا 34)
کامل نبی
(تشحیذ الاذہان ستمبر، اکتوبر و نومبر 1915ء)
احمد موعود اور اس کے امتیازی نشانات
(تشحیذ الاذہان اکتوبر 1918ء صفحہ 21 تا 49)
احمد موعود
(تشحیذ الاذہان ستمبر 1918ء صفحہ 21 تا 34)
پیشگوئی اسمہٗ احمد کا مصداق مسیح موعود ہے
(تشحیذ الاذہان نومبر 1914ء صفحہ 1 تا 10)
چند غور طلب امور
(الفضل 13؍اپریل 1914ء صفحہ 5، 6)
تصدیق المسیح۔ حضرت مسیح موعودؑ کی نبوت پر آپ کے مضامین مختلف اقساط میں
(الفضل 19؍جولائی 1914ء۔ الفضل 26؍جولائی 1914ء صفحہ4۔ الفضل 9؍اگست 1914ء صفحہ 6۔ الفضل 30؍اگست 1914ء)
الأنبیاء اخوۃ لعلات۔ حضرت مسیح موعود کے نبی ہونے پر ایک اور زبردست دلیل
(الفضل 26؍اگست 1915ء صفحہ 6)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے کلام سے غیر مبائعین کے بکلی جھوٹے اور ناحق پر ہونے کا قطعی ثبوت
قسط نمبر 1 (الفضل 3؍ستمبر 1937ء صفحہ6، 7)
قسط نمبر 2 (الفضل 9؍ستمبر 1937ء صفحہ7-9)
غیر مبائعین کا بے اصولا پن مختلف اقساط میں مضمون
(الفضل 15؍اکتوبر 1937ء۔ الفضل 9؍جنوری و 18؍ جنوری 1938ء)
آپ نے آغاز جنوری 1939ء کو وفات پائی، اخبار الفضل نے لکھا: ’’میاں محمد سعید صاحب سعدی ولد میاں چراغ دین صاحب مرحوم رئیس لاہور 3؍جنوری وفات پاگئی، انا للہ و انا الیہ راجعون۔ مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی اور سلسلہ احمدیہ کے مخلص خادم تھے۔ خلافت ثانیہ میں انہوں نے سلسلہ کی نمایاں خدمت کی۔ درخواست ہے کہ تمام جماعت ہائے احمدیہ ان کا جنازہ غائب پڑھیں۔‘‘
(الفضل 6؍جنوری 1939ء صفحہ2)
آپ کی اہلیہ نے ستمبر 1912ء میں وفات پائی۔
(بدر 19؍ستمبر 1912ء صفحہ11)
تاریخ احمدیت لاہور کے مطابق آپ کی اولاد میں بشارت احمد، بشریٰ، سعیدہ، عارفہ تھے۔ اَللّٰھُمَّ اغْفِرْ لَہٗ وَ ارْحَمْہٗ۔
(غلام مصباح بلوچ۔ استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا)