• 28 اپریل, 2024

ریفریشر کورس ناظمینِ اعلیٰ مجلس انصار اللہ کینیا کا انعقاد

اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیا کو15 اور 16 جنوری، 2022 کو تمام ملکی ناظمینِ اعلیٰ کا ریفریشر کورس نیشنل ہیڈ کواٹرز نیروبی میں بفضل اللہ تعالیٰ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للّٰہ علی ذلک

نو منتخب صدرمجلس انصار اللہ کینیا مکرم ومحترم عبدالعزیز گاکوریا صاحب نے اس ریفریشر کورس کی صدارت کی اور نئے سال کے لئے مجلس انصار اللہ کے تمام پروگرامز ترتیب دیے گئے۔ اس ریفریشر کورس کا عنوان مرکز سے روابط کی مضبوطی تھا۔

ریفریشر کورس میں خدمت کے معیاروں کو مزید بہتر کرنے کی طرف توجہ دلائی گئی۔ صدر مجلس انصار اللہ کینیا نے حضر ت امیر المؤمنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دعائیہ پیغام پڑھ کر سنایا جو نئی منظور شدہ نیشنل مجلس عاملہ کے لئے حضور پر نور نے بھیجا تھا۔ اسکے علاوہ تمام ناظمینِ اعلیٰ کو تمام قیادتوں سے اپنے روابط بہتر بنانے کی طرف توجہ دلائی گئی۔

قائد تبلیغ مکرم ومحترم علی وانزیٹسے صاحب نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پیغام کو تمام افراد تک پہنچانے کی طرف توجہ دلائی۔ اسکے علاوہ قائدین تربیت، تبلیغ اور مال نے مجلسِ شوریٰ کی گذارشات پہ عمل کرنے کے لئے تفصیلی منصوبہ جات حاضرینِ جلسہ کو بتائے۔ قائد عمومی مکرم ومحترم سمیر احمدبٹ صاحب نے احباب کو رپورٹس بنانے اور رپورٹ فارمز فل کرنے کا طریق سمجھایا اور عموماً ہونے والی غلطیوں سے اگاہ کیا، تاکہ صحیح رپورٹس حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بھجوائی جا سکیں۔

قائد تجنید مکرم و محترم عبد الحمید گمانگا صاحب نے تمام انصار کے ریکارڈز کو مسلسل اپڈیٹ رکھنے کی طرف توجہ دلائی، اور صحابہ ؓکے نمونہ میں ان 313صحابہؓ کی مثال کو سامنے رکھا جن کی زندگیوں کو سامنے رکھنے سے اور واقعات کو محفوظ کرنے سے اسلام کو بہت فائدہ پہنچا۔اور قیامت تک وہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

قائد تعلیم مکرم و محترم مشہود احمد شیخ صاحب نے تمام انصار کو ہر اتوار کو منعقدہ قرآنِ کریم Zoom Classes میں شامل ہونے کی طرف توجہ دلائی۔ اور سال 2022 کے لئے حضرت مسیح موعود ؑ کی تصنیفِ لطیف اسلامی اصول کی فلاسفی پڑھنے کی تحریک فرمائی۔ اسکے علاوہ تین بنیادی پہلوؤں پہ عمل کرنے کی تحریک کی جن میں بنیادی پہلو نماز باجماعت کا التزام تھا۔

سالِ نَو کے تمام پروگرامز حاضرینِ جلسہ کو بتائے گئے، اس کے بعد خدمت کے معیاروں کو بہتر بنانے کے لئے ناظمین اعلیٰ سے آراء لی گئیں، اور اس امر کا پختہ ارادہ کیا گیا کہ گذشتہ دو سالوں میں کرونا کی وبا کی وجہ سے جن مشکلات کا سامنا رہا ہے اور جو پروگرامز نہیں ہو سکے اب کرونا کے پروٹوکولز کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے وہ سارے پروگرامز کئے جائیں گے۔

ریفریشر کورس کے آخر پہ صدرمجلس انصار اللہ کینیا مکرم ومحترم عبدالعزیز گاکوریا صاحب نے اس دعا کے ساتھ اس پروگرام کا اختتام کیا کہ اس پروگرام کے ذریعہ انصاراللہ کے ایمان، تقویٰ اور نیکی میں اضافہ ہو۔ آمین ثم آمین

(رپورٹ: عدنان ہاشمی۔ نمائندہ الفضل کینیا)

پچھلا پڑھیں

پریس ریلیز

اگلا پڑھیں

میرا انکار خدا تعالیٰ کا انکار ہے