فَسَیَکْفِیْکَھُمُ اللّٰہُ وھُوَ السَّمیعُ الْعَلیم
(براہین احمدیہ، روحانی خزائن نمبر1، بقیہ حاشیہ نمبر 11)
ترجمہ: اور اُن کی شرارتوں کے دفع کرنے کے لئے خدا تجھے کافی ہے اور وہ سمیع اور علیم ہے۔
یہ حضرت اقدس مرزا غلام احمد مسیح موعودو مہدی معہودؑ بانی سلسلہ احمدیہ کو خدا تعالیٰ کی طرف سے اپنی تائید ونصرت دئے جانے کا الہام ہے۔
بہت پیارے آقا سیّدنا حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایَّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں
پس آج کل کے حالات میں کسی بھی احمدی کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ خدائی وعدے ہیں۔ خداتعالیٰ ہمیشہ ہمارا مدد گار رہا ہے اور ان شاء اللہ رہے گا۔ لیکن جہاں وہ مخالفین کی بیہودہ گوئی کو سن رہاہے کیونکہ آج کل پاکستان میں پھر کافی شور ہوا ہوا ہے۔ اور اس کو علم ہے کہ یہ لوگ احمدیوں کے ساتھ ظلم روا رکھ رہے ہیں اور اپنی تقدیر کے مطابق ایسے لوگوں کی خدا تعالیٰ نے پکڑ کرنی ہے۔ ان شاء اللہ۔ اور ہمارے تجربہ میں ہے کہ ماضی میں بلکہ ماضی قریب میں ایسی پکڑ کے نظارے وہ ہمیں دکھاتارہاہے اور اپنی قدرت نمائی کرتا رہاہے۔ پھر کوئی وجہ نہیں کہ ہمارے دل مایوس ہوں اور ہلکا سا احساس بھی پیدا ہو۔ لیکن ہماری بھی یہ ذمہ دار ی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم پر یہ ذمہ دار ی ڈال رہا ہے کہ پہلے سے بڑھ کر میری طرف رجوع کرو اور میرے سے مانگو تاکہ وہ الٰہی تقدیر جو غالب آنی ہے ان شاء اللہ، تمہیں بھی احساس رہے کہ تمہاری دعاؤں کا بھی اس میں کچھ حصہ ہے اور اللہ تعالیٰ نے تمہاری دعاؤں کو بھی سناہے۔ پس ان دنوں میں بہت زیادہ دعاؤں کی طرف ہمیں توجہ دینی چاہئے۔
(خطبہ جمعہ 13 جون 2003ء، خطبات مسرور جلد1 صفحہ113)
(مرسلہ:مریم رحمٰن)