• 6 مئی, 2024

بینن (Benin) میں ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح

بینن (Benin) میں ایک خوبصورت مسجد کا افتتاح
مسجد مبارک اسلام آباد کے طرز تعمیر کا شاہکار

محض خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بینن کو ریجن داسا میں ایک نہایت ہی خوبصورت مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی جس کا افتتاح مکرم میاں قمر احمد امیر صاحب بینن نے مؤرخہ 28جنوری 2022ء کو کیا۔

مسجد کی تعمیر داسا شہر سے 12کلومیٹرکی مسافت پر موجود ایک گاؤں Camaté میں ہوئی۔ اس گاؤں میں سن 2016ء میں مبلغ سلسلہ مکرم انوار الحق صاحب کے ذریعہ احمدیت کا پودا لگا۔ صدر صاحب جماعت نے اپنے بیٹے عزیزم گومینا ناصر (Nasir Gominé) کو وقف کر کہ جامعہ احمدیہ کے لئے بھجوایا جو اب بینن میں بطور لوکل مشنری خدمتِ دین کی توفیق پارہے ہیں۔

مؤرخہ 28اکتوبر2021ء کو ریجنل مبلغ سلسلہ داسا مکرم رانا یاسر احمد صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں دعائیہ خط اور صدقات کے بعد مسجد کا سنگِ بنیاد رکھا۔ مسجد کی طرزِ تعمیر میں مکرم مبلغ سلسلہ صاحب نے مسجدمبارک ٹلفورڈ کو مدِّنظر رکھااور ذاتی نگرانی اور توجہ سے مسجد کی تعمیر کا کام مکمل کروایا۔ گاؤں کے احمدی احباب نے نہایت جانفشانی، خلوص اور شوق سے حصہ لیا بالخصوص Gominé Usman صاحب صدر جماعت نے باوجود اپنی پیرانہ سالی کے غیر معمولی جوش اور اخلاص سے خود کو اس کام کے لئے وقف رکھا۔ فجزاھم اللّٰہ احسن الجزاء

تقریبِ افتتاح

مسجد کے افتتاح کے لئے مؤرخہ 28جنوری 2022ء بروز جمعۃ المبارک مکرم امیر صاحب بینن اپنے وفد کیساتھ گاؤں میں پہنچےجہاں ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم رانا یاسر صاحب نے اپنے لوکل احباب کیساتھ جماعتی وفد کا پُرتپاک استقبال کیا۔ وفد کے استقبال میں مخلصینِ جماعت کے نعرہائے تکبیر، خلافتِ احمدیہ زندہ باداور صلیٰ علیٰ کی صداؤں نے تو گویا اس علاقے میں زندگی کی ایک روح پھونک دی۔ افریقہ کے دور دراز علاقے میں امام مہدی ؑ کی محبت اور خلافت سے اخلاص کا یہ دل نشین نظارہ دیدنی تھا۔

پروگرام کا آغاز 10بجے تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ تلاوت اور قصیدہ کے بعد لوکل اتھارٹیز میں سے موجود مہمانان نے مسجد کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے جماعت کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کی ترقی اور توسیع کے لئے دعا دی۔

مہمانان کے اظہارِ جذبات کے بعد مکرم انوار الحق صاحب مبلغ سلسلہ بوہیکوں نے مساجد کی صفائی اور تعمیر کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا اور احبابِ جماعت کو اس خوبصورت تعمیر شدہ مسجد کی دیکھ بھال کی تلقین کی۔

ان تقاریر اور نصائح کے بعد احبابِ جماعت نعرہائے تکبیر بلند کرتے اوردعائیں پڑھتے ہوئے مکرم امیر صاحب کی قیادت میں مسجد میں داخل ہوئے اور جہاں احباب ِ جماعت نے نمازِ جمعہ ادا کی۔ خطبہ جمعہ میں مکرم امیر صاحب بینن نے مساجد کی خوبصورتی ان کے نمازیوں سے ہوتی ہے کے حوالے سے نصائح کیں۔ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد حاضرین کی خدمت میں پُر تکلف ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پُرمسرت تقریب میں 300 کے قریب احباب نے شرکت کی۔

(رپورٹ: مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل آن لائن بینن)

پچھلا پڑھیں

انڈیکس مضامین فروری 2022ء الفضل آن لائن لندن

اگلا پڑھیں

اگر اختلاف رائے کو چھوڑ دیں