اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ27 فروری 2022 کو گیانا کے شہر لنڈن میں چوتھا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ یہ شہر مرکز سے 2 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جلسہ کی کامیابی کے لئے خاکسارنے اس پروگرام کی تیاریاں چند ہفتے پہلے ہی شروع کردی تھی۔
اس جلسہ کاموضع ’’زندگی کا مقصد‘‘ رکھا گیا تھا۔ اس جلسہ کی تشہیر مختلف ذرائع سے کی گئی۔ جس میں سوشل میڈیا اور فلائرز شامل ہیں۔ یہ فلائرز مختلف لوگوں میں تقسیم کیے گئے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس جلسہ میں شامل ہو سکیں۔
نیشنل صدر جماعت، مکرم نورین حسین واشنگٹن صاحب اور دیگر جماعتی احباب کے ساتھ میٹنگز کی گئی تھیں تاکہ سب اس میں شامل ہوں اور اس جلسہ کو کامیاب کریں۔
جلسہ گاہ کی تیاری کے لئے6 افراد نے تعاون کیا اور محنت کے ساتھ جلسہ گاہ کو تیار کیا۔
جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم کے ساتھ دوپہر کے وقت ہوا۔ تلاوت مکرم مظفر مک ٹیر صاحب نے کی جو کہ ایک مقامی معلم ہیں۔ اس کے بعد زیر تعلیم معلم مکرم جاذب سمنر صاحب نے ’’اسلام کا تعارف‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ یہ تقریر بنیادی طور پر غیر مسلم مہمانوں کے لئے تھی۔
اس کے بعد ہیومینیٹی فرسٹ گیانا کا تعارف پیش کیا اور 2021 کی مساعی کی مختصر رپورٹ پیش کی گئی اور ایسے تمام دوست جو خدمت انسانیت کے لئے کوشش اور مدد کرتے رہے ان کے لئے اسناد تقسیم کی گئی۔ اور ایک رضاکارہ جو انتہائی لگن کے ساتھ خدمتِ انسانیت کررہی تھی اس کی حوصلہ افزائی کے لئے انعام بھی دیا گیا۔یہ اسناد پارلیمنٹ ممبر مکرم جرمین فگیرا صاحب، پولیس سارجنٹ مکرم مارک لائٹ صاحب اور لنڈن کی میئر مکرمہ ونیکہ ارنڈیل صاحبہ نے تقسیم کئے۔
پھر خاکسار نے ’’مقصدِ حیات اور اس کے حصول کے طریق‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔اس تقریر کا ماحاصل حضرت مسیح موعود کی معرکۃ الآراء کتاب اسلامی اصول کی فلاسفی سے پیش کیاگیا۔
اس جلسہ کی آخری تقریر مکرم مقصود احمد منصور مبلغ انچارج گیانا کی تھی۔ ان کی تقریر کا موضوع ’’قرآن کریم اور حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی تعلیم کی روشنی میں مقصدِ حیات کا حصول‘‘ تھا۔ آپ نے تفصیل سے بتایا کہ قرآن کریم ہی بہترین طریق پر زندگی کا مقصد بیان کرتاہے اور ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ اسی طرح آنحضورﷺ کی زندگی اور آپ ؐ کا عملی نمونہ اس بھٹکی ہوئی انسانیت کے لئے قطب کی حیثیت رکھتا ہے۔
جلسہ کے آخر پر اہم مہمانان اور شخصیات نے اظہار خیال پیش کیا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس با برکت جلسہ میں شامل ہوئے۔
جلسہ کا اختتام نیشنل صدر صاحب کی دعا سے ہوا۔اس کے بعد مہمانوں کے لئے ظہرانہ پیش کیا گیا اور احبابِ جماعت نے نماز ظہر اور عصر ادا کی۔
الحمد للہ 51 افراد اس جلسہ میں شامل ہوئے۔جس میں سے 8احباب مرکز سے آئے اور باقی مقامی دوست شامل ہوئے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے دور رس نتائج پیدا فرمائے اور اس کی برکات سے اپنوں اور غیروں کی مستفیض ہونے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: فہد پیرزادہ۔ ریجنل مبلغ گیانا)