• 28 اپریل, 2024

یوکرائن سے لٹویا آنے والے پناہ گزینوں کی امداد

اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ عالمگیر کا یہ طرّہ امتیاز ہے کہ وہ ہمیشہ خدمت خلق اور خدمت انسانیّت کے کاموں میں پیش پیش رہتی ہے اور یہ کارخیر دنیا بھر میں سارا سال ہی جاری وساری رہتا ہے۔ آجکل روس اور یوکرائن جنگ کے نتیجہ میں بہت سے لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر یورپ کے مختلف ممالک میں پناہ حاصل کررہے ہیں۔ جماعت احمدیہ مسلمہ ہر مُلک میں کسی نہ کسی رنگ میں ان پناہ گزینوں کی مدد اور خدمت کی توفیق پارہی ہے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ

جماعت احمدیہ لٹویا ایک مقامی تنظیم Labdaribas Lapa کے توسط سے وقتًا فوقتًا لٹویا کے مقامی ضرورتمند افراد اور خاندانوں کی مدد کرتی رہتی ہے۔ اس بار جب اُن سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے کہا کہ یوکرائن سے آنے والے پناہ گزینوں کی مدد کے لئے ہمیں آپ کے تعاون کی ضرورت ہے اور ساتھ ہی اُنہوں نے ہمیں اُس سامان کی تفصیل بھی بتائی جس کی فوری ضرورت تھی۔

ہم نے لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) میں واقع ایک سپر سٹور Promo Cash & Carry سے مطلوبہ سامان خریدا اور مشن ہاؤس لائے۔ مشن ہاؤس میں وہ سارا سامان پیک کیا گیا۔ پیک شدہ ڈبوں کے ایک طرف ’’ایسوسی ایشن احمدیہ مسلمان جماعت لٹویا‘‘ اور جماعت کی ویب سائٹ اور دوسرے رابطہ نمبرز پرنٹ کروائے گئے تھے جبکہ دوسری طرف لٹوین زبان میں ’’محبّت سب کے لئے نفرت کسی سے نہیں‘‘ کے الفاظ طبع کروائے گئے تھے۔

یوکرائن کے پناہ گزینوں کی کثرت کی وجہ سے اس تنظیم کوسامان سٹور کرنے کے لئے شہر کےمضافات میں ایک بہت بڑا Warehouse لینا پڑا۔ ہم نے اپنا یہ پیک شدہ سامان مشن ہاؤس سے لے جاکر اُن کے سپرد کیا۔ وہاں ڈیوٹی پر موجود افراد نے سامان وصول کیا اور ہمارا تعارف پوچھا۔ جب اُن کو جماعت احمدیہ کا اور جماعت کی طرف سے کی جانے والی خدمت انسانیت کا تعارف کروایا گیا تو وہ بہت خوش ہوئے کہ ایک مسلمان جماعت بھی اُن کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

اُن کو جماعت کی طرف سے رضاکار خدام کی خدمات بھی پیش کی گئیں جس پر اُنہوں نے بڑی ممنونیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اُن کو رضاکاروں کی بہت ضرورت ہے۔ اُنہوں نے آئندہ بھی جماعت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا اظہار کیا۔

اس سلسلہ میں جو سامان دیا گیا اُس میں ہاتھ دھونے والے صابن، shower gel، ٹوتھ بُرش، ٹوتھ پیسٹ، سینیٹائزرز، ٹشوز، بچوں کے پیمپرز، عورتوں کا Hygiene کا سامان، بسکٹ، ٹافیاں، نوڈلز، جوس، بےبی فوڈ، چپس، وغیرہ چیزیں شامل تھیں۔

یہ سامان خریدنے، اُسے پیک کرنے اور متعلقہ تنظیم کے سپرد کرنے میں مکرم فضل عمر شاہد صاحب نیشنل سیکرٹری مال، مکرم خاقان احمد صائم صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور خاکسار کی اہلیہ محترمہ خالدہ بشارت صاحبہ کو خدمت کی توفیق ملی۔ فَجَزَاہُمُ اللّٰہُ اَحْسَنَ الْجَزَآء

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت احمدیہ لٹویا کو زیادہ سے زیادہ دُکھی انسانیت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: بشارت احمد شاہد۔ نمائندہ الفضل آن لائن، لٹویا)

پچھلا پڑھیں

خلاصہ خطاب حضرت خلیفۃ المسیح الخامس 43ویں مجلس شوریٰ جماعت UK

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ