مکرم منیر احمد جاوید۔ پرائیویٹ سیکرٹری لندن یہ اطلاع دیتے ہیں کہ حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالی نے مؤرخہ 14 مئی 2022ء بروز ہفتہ دوپہر 12بجےاپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر ایک نماز جنازہ حاضر اور چند نماز جنازہ غائب پڑھائے۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرمہ رضیہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مرحوم (لاٹھیاں والا فیصل آباد۔ حال وانڈز ورتھ ٹاؤن۔ یوکے)
8؍مئی 2022 کو 67سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ پنجگانہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ پاکستان میں جماعتی مہمانوں کی خدمت اور تواضع بڑے شوق سے کرتی تھیں۔ مرحومہ بڑی نڈر داعی الی اللہ تھیں۔ آپ کے مرحوم شوہر کو مخالفت کی وجہ سے مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
1۔ مکرم عبد القیوم صاحب ابن مکرم عبد الرشید مرحوم
23؍ اپریل 2022 کو 66سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کے والد کے نانا حضرت مولا بخش صاحبؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم نے ٹنڈو الہ یار میں جماعت کے باقاعدہ قیام اور اُس کی ترقی میں ایک بنیادی کردار ادا کیا۔ جماعتی مرکز کی تعمیر سے قبل اکثر جماعتی پروگراموں کا انعقاد آپ کے گھر پر ہی ہوا کرتا تھا اور مرکزی مہمانان بھی اکثر ادھر ہی آیا کرتے تھے۔ آپ نے ٹنڈو الہ یار میں قائد مجلس، صدر جماعت اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ قرآن کریم کی تلاوت بہت شوق سے کیا کرتے تھے اور اپنے تمام بچوں کو اِس کی بار بار نصیحت بھی کرتے تھے۔ مرحوم بہت مخلص، شفیق اور ہمدرد انسان تھے۔ خلافت اور نظام جماعت کے لئے بہت غیرت اور محبت کے جذبات رکھتے تھے۔ مرحوم کو کبھی کسی غیر احمدی اہل محلہ سے ناراضگی یا غصہ سے بات کرتے نہیں دیکھا گیا بلکہ جن لوگوں کے بچے احمدی گھروں پر پتھر مارتے تھے اُن کے والدین کی مشکل وقت میں مدد اور راہنمائی بھی کرتے رہے جس کا شریف النفس لوگوں پر بڑا اثرتھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ آپ مکرم کوثر جمیل صاحب مربی سلسلہ (نیامے نائیجر) کے چچا اور سسر تھے۔
-2مکرم عبد الرشید ارشد صاحب
15؍دسمبر 2021 کو 78 سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم نے دفتر وصیت صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں تقریباً 18 سال خدمت کرنے کے علاوہ اپنے محلہ دارالعلوم شرقی حلقہ نور میں صدر محلہ کے علاوہ سیکرٹری مال، سیکرٹری تحریک جدید اور سیکرٹری رشتہ ناطہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت دعا گو، متوکل علی اللہ، بلند ہمت، کم گو، سادہ مزاج، عاجز اور خلافت کے شیدائی ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگا ن میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور چاربیٹیاں شامل ہیں۔
-3مکرم چوہدری ناصر احمد صاحب ابن مکرم محمد حسین صاحب (کینیڈا)
16؍مارچ 2022 کو 78 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ آپ کا تعلق دھیرکے کلاں ضلع گجرات سے تھا۔ آپ کے داداحضرت چوہدری علی محمد صاحبؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ آپ ایک مخلص احمدی ہونے کے ساتھ اعلیٰ اخلاق کے مالک، انتہائی شریف النفس انسان تھے۔ چندوں میں ہمیشہ باقاعدہ رہے۔ جماعتی اور تنظیمی سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ لمبا عرصہ قائد مجلس خدام الاحمدیہ اور جماعتی آڈیٹر رہے۔ آپ پاکستان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی پوسٹ سے ریٹائر ہوئے۔ اپنے اور غیر دونوں آپ کی ایمانداری کی گواہی دیتے تھے۔ اپنی بیماری کے ایام انتہائی صبر اور دعاؤں کے ساتھ گزارے۔ جماعتی عہدیداران، مربیان اور واقفین زندگی اور بزرگان کا بہت احترام کرتےتھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم ڈاکٹر فاتح الدین احمد صاحب واقف زندگی ہیں اور آجکل احمدیہ مسلم ہسپتال کینما (سیرالیون ) میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین
ادارہ الفضل آن لائن ان تمام مرحومین کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتا ہے۔