• 29 اپریل, 2024

ریجنل فٹ بال لیگ

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ مسلمہ گیمبیا کے ایک ریجن فرافینی میں مکرم روحان احمد صاحب، مربی سلسلہ کو مع اپنی ٹیم کے سہ روزہ ریجنل فٹ بال لیگ کروانے کی توفیق ملی۔ الحمدللّٰہ

یہ لیگ ماہ مئی میں کھیلی گئی۔ریجن کی مختلف جماعتوں پر مشتمل چار ٹیمیں بنائیں گئیں۔جن کو امانت،شفاقت، عدالت اورقناعت نام دیے گئے۔ اس لیگ میں کل دس میچز کھیلے گئے اور مؤرخہ15 مئی کو اس کا فائنل امانت اور عدالت کے مابین کھیلا گیا جوکہ ایک دلچسپ مقابلہ کے بعد عدالت نے جیت لیا۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں غیر احمدی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا تاکہ باہمی معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پروان چڑھایا جاسکے۔

پروگرام کی اختتامی تقریب مؤرخہ15 مئی کو صبح گیارہ بجے ریجنل مشن فرافینی میں ہوئی۔ جس میں سو سے زائد افراد نے شرکت کی۔تقریب کے مہمان خصوصی مکرم محمود احمد طاہر صاحب مشنری انچارج و نائب امیر گیمبیا تھے۔ موصوف نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے بعد نصائح کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے گھر اور والدین کے ساتھ منسلک رہنے کے ساتھ ساتھ انکی مکمل عزت کرتے ہوئے فرمانبرداری کے اعلٰی معیار قائم کرنے ہونگے۔اسی سے معاشرہ پھلے پھولے گا اور امن پسند معاشرہ کا قیام ممکن ہوسکے گا۔

اختتامی تقریب میں ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جو کہ جماعتی، خلفاء کی کتب اور جماعت کی طرف سے طبع شدہ قرآن کریم کے مختلف تراجم پر مشتمل تھی۔ فائنل میچ اور اختتامی تقریب کو ایم-ٹی-اے گیمبیا اور ملک کے نیشنل ریڈیو چینل جی-آر-ٹی-ایس نے بھی کور کیا۔

اس تقریب میں ریجن کے بعض نامور غیر احمدی احبا ب بھی مدعو تھے۔جیسے چیف آف آپریشنز پولیس، ڈپٹی کمیشنر آف امیگریجن، اسٹنٹ چیف آف فائر سروس۔انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ اس لئے انکو اکٹھا کرنے اور پیاراور امن کا پیغام پھیلانے کے لئے یہ پروگرام بہت اچھا اور اہم ہے۔ہم جماعت احمدیہ کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اس کا آغاز کیا ہے۔ سب نے خاص طور پر نمائش کو بہت سراہا۔ تمام مہمانوں کو قرآن کریم کے فُلا زبان میں ترجمہ اور لائف آف محمدؐ کی ایک ایک کاپی تحفہ کے طور پر دی گئی۔ تقریب اور دعا کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش گئی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس پروگرام کو بابرکت فرمائے اور آئندہ بھی ایسے پروگرام جاری رکھنے کی توفیق عطاء فرمائے۔آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل گیمبیا)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 22 جون 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالیٰ