مکرمہ ریحانہ اظہر اہلیہ مکرم اظہر مصطفیٰ۔ لندن تحریر کرتی ہیں۔
ہماری والدہ مکرمہ بشریٰ ثریا شاہدہ اہلیہ مکرم دین محمد شاہد مرحوم (سابق مربی سلسلہ) 2جون 2022ءکو بعمر 85 سال Airdrie Canada میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔
آپ خدا کے فضل سے موصیہ تھیں۔ آپ کی نمازِ جنازہ مسجد بیت النور کیلگری میں ادا کی گئی اور کیلگری کینیڈا میں تدفین ہوئی۔
مکرمہ بشریٰ ثریا شاہدہ مؤرخہ یکم جولائی 1937ء کو قادیان میں مکرم قاری محمد امین مرحوم اور مکرمہ امۃ العزیز مرحومہ کے گھر پیدا ہوئیں۔ آپ قاری غلام یٰسین صاحب مرحوم صحابی حضرت اقدس مسیحِ موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں۔ آپ نے ابتدائی تعلیم قادیان سے حاصل کی۔ بعدازاں میٹرک تک تعلیم نصرت جہاں گرلز اسکول ربوہ سے حاصل کی۔ آپ کا خاندان ربوہ کے ابتدائی رہنے والوں میں سے تھا۔ مؤرخہ 19؍ دسمبر 1956ءکو آپ کی شادی مکرم دین محمد شاہد مرحوم کےساتھ ہوئی۔ آپ دونوں کا عر صہِ رفاقت تقریباً 65 سال کا تھا جو بے حد محبت پر مبنی تھا۔ آپ نہایت نیک، ملنسار، شفیق، ہمدرد اور پیار کرنے والی ہستی تھیں۔ مرحومہ والدہ صاحبہ دین کا بہت علم رکھنے والی تھیں۔ اباجان مرحوم کے لکھے تمام مضامین اور ان کی کتب کی نہایت باریک بینی سے پروف ریڈنگ کرتی تھیں۔ والدہ مرحومہ بہت خوش الحان تھیں۔ اکثر اجلاسات پہ حضرت چھوٹی آپا کی فرمائش پر نظمیں پڑھا کرتی تھیں۔ درثمین اور کلام محمود کا بیشتر حصہ زبانی یاد تھا جسے اکثر خوش الحانی سے پڑھتی رہتیں۔ نہایت عبادت گذار اور خلافت سے بے پناہ محبت کرنے والی خاتون تھیں۔ ہماری والدہ مرحومہ، اباجان مرحوم کی وفات کے محض ساڑھے چھ ماہ کے عرصے میں مختصر علالت کے بعداپنے مولا کے حضور حاضر ہوگئیں۔
بلانے والا ہے سب سے پیارا
اسی پہ اے دل تُو جاں فدا کر
آپ کے پسماندگان میں دو بیٹےمتین احمد کیلگری کینیڈا، مبارک احمد Airdrie Canada اور تین بیٹیاں ڈاکٹر عائشہ صدیقہ احمد اہلیہ ڈاکٹر محمود احمد شرما سویڈن، طیبہ الطاف اہلیہ الطاف الرحمن Airdrie Canada اورخاکسار ریحانہ اظہر اہلیہ اظہر مصطفیٰ لندن یوکے شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری والدہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
ادارہ الفضل تمام لواحقین سے تعزیت کرتا ہے۔