• 4 مئی, 2025

مکرم چوہدری عبد اللہ مرحوم کا ذکر خیر

یادرفتگان
مکرم چوہدری عبد اللہ مرحوم کا ذکر خیر

جماعت احمدیہ کولون کے ایک بہت پیارے مخلص اور دیرینہ خادم مکرم چوہدری محمد عبداللہ صاحب مورخہ 14 دسمبر 2020ء کرونا وائرس کی وجہ سے بقضائے الٰہی وفات پاگئے ہیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔

مکرم چوہدری محمد عبداللہ صاحب مرحوم اپریل 1952ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئے، آپ کاآبائی گاؤں:چک سکندر ضلع گجرات ہے۔آپ کے والد محترم کا نام چوہدری عبد الغنی صاحب ابن حضرت مولوی عبد العزیز صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ مرحوم ہے۔ حضرت مولوی عبدالعزیز صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے صحابی تھے۔

یعنی مکرم چوہدری محمد عبداللہ صاحب مرحوم، صحابی حضرت مسیح موعودؑ کی نسل میں سے تھے اور آپ کی رگوں میں صحابی حضرت مسیح موعوؑ کا مبارک خون دوڑ رہا تھا۔ آپ 1968ء میں جرمنی تشریف لائے، آپ کے دو بھائی ہیں، ایک مکرم شکور احمد صاحب ہیں، اللہ تعالیٰ ہمارے ان بزرگ کو صحت و سلامتی والی لمبی عمر عطا فرمائے اور آپ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔ آمین

مکرم چوہدری محمد عبداللہ صاحب کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹا اور دوبیٹیاں ہیں۔

آپ نہایت ہی شفیق انسان تھے۔ اللہ تعالیٰ پر کامل توکل اور پختہ ایمان تھا، خلافت سے محبت کرنے والے،نماز روزہ کے پابند، خوش گفتار، ملنسار، خدمت گزار اور ہمیشہ مسکرانے والا وجود تھے، عزیزوں رشتہ داروں کا خیال رکھنے والے، غریب پرور انسان تھے، واقفین زندگی کا خیال رکھنے والے، جماعتی عہدیداروں کا احترام کرنے والے،مالی قربانی میں پیش پیش،باشرح چندہ ادا کرنے والے اور دعاگو انسان تھے، آپ کے رشتہ داروں نے اس بات کی گواہی دی ہے کہ آپ بے شمار خوبیوں کے مالک تھے، لیکن آپ کی سب سے بڑی خوبی جو ہم نے دیکھی وہ یہ تھی کہ آپ نے کبھی بھی نماز نہیں چھوڑی،بے شک کتنی ہی ناساز طبیعت ہوتی مگر آپ نماز ضرور ادا کرتے۔ آ پ نے اپنے بہن بھائیوں، رشتہ داروں سے ہمیشہ بہت ہی پیار کا تعلق رکھا۔صرف اپنوں کے ساتھ ہی نہیں بلکہ غیروں سے بھی بہت پیار کرتے اور خیال رکھتے تھے۔آپ کسی اجنبی سے بھی ملتے تو خندہ پیشانی سے ملتے اور اجنبی خیال کرتا کہ آپ مجھے شاید بہت پہلے سے اچھی طرح جانتے ہیں۔

پاکستان میں رہنے والے ایک وقف زندگی نے آپ کی وفات پر تحریراا ظہار افسوس کیا، خاکسار اس میں سے کچھ باتوں کا ذکر کرنا چاہتا ہے، میں سمجھتا ہوں کے یہ تحریر چوہدری صاحب مرحوم کی بے شمار خوبیوں اور صفات کی ایک چھوٹی سی جھلک پیش کرتی ہے۔

آپ لکھتے ہیں، چوہدری عبداللہ صاحب نہایت ہی شفیق انسان تھے۔ آج سے چار سال قبل ان سے تعارف واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ ہوا جب انہوں نے اس گروپ میں تعارف کروایا کہ ان کا تعلق چک سکندر تحصیل کھاریاں ضلع گجرات سے ہے تو چونکہ میرا تعلق بھی چک سکندر سے قریب ایک گاؤں سے ہے اس طرح ان سے ذاتی رابطہ ہوا۔ پھر روز ان کی طرف سے دعائیہ پیغام ضرور آتے جس میں کبھی مجھے دعائیں دیتے اور بعض دفعہ جب ان کے کوئی عزیز رشتہ دار بیمار ہوتا تو ضرور ان کی صحت یابی کے لئے دعا کا کہتے۔

پھر 2018ء جون جولائی میں ان کا میسج آیا کہ میں اس دفعہ قادیان جانا چاہتا ہوں لیکن طبیعت خراب رہتی ہے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ صحت عطا فرمائے تو بہت خوشی ہوئی کہ اس سال میں بھی مع فیملی قادیان جا رہا تھا۔ نومبر کے شروع میں انکی طرف سے میسج آیا کہ چند سکے آپ کی خدمت میں بھجوا رہا ہوں اس سے قادیان جانے کی تیاری کریں اور دعا کریں کہ میں بھی سفر میں بخیریت رہوں (یہ ان کے مخصوص الفاظ تھے جب بھی عید آتی بچوں کو ضرور عیدی بھجواتے اور ساتھ لکھتے کہ یہ چند سکے عیدی) پھر نومبر میں ہی آپ انڈیا چلے گئے اور ان کی مختلف مقامات کی سیر کی تصاویر آنے لگیں اور پھر آخر دسمبر میں جب میں قادیان گیا تو بلمشافہ ملاقات ہوئی۔جس سے دل بہت خوش ہوا۔

اسی طرح جب آپ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں خط لکھتے تو بعض دفعہ وہ خط مجھے بھی بھجواتے کہ حضور کی خدمت میں یہ خط لکھا ہے۔ اپنی خوشیوں میں شامل کرتے۔

جون 2022ء میرے والد صاحب کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جب چوہدری عبداللہ صاحب کو بتایا تو روز ان کا فون آنے لگا اور والد صاحب کے لئے پریشان ہونے لگے پھر انہوں نے علاج کے لئے رقم بھی بھجوائی۔مگر جو اللہ کو منظور تھا والد صاحب 3جولائی کو وفات پاگئے۔ جس پر انہوں نے تعزیت کا فون کیا تو دل کو بہت تسلی ہوئی۔

مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ میں کس طرح آپ سب سے تعزیت کروں کیونکہ وہ ایک ایسا وجود تھے جن کی کمی پوری ہونا ناممکن ہے مجھ جیسا کہ جو صرف چار سال میں آپ کاگرویدہ ہو گیا اور آپ سب جن کے والد تھے اور بچپن سے آپ سب نے ان کا پیار دیکھا آپ کو کیسے تسلی دوں بہرحال،

؎بلانے والا ہے سب سے پیارا
اسی پہ اے دل جاں فدا کر

اللہ تعالی چوہدری صاحب مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے،اپنے پیارووں کے قدموں میں جگہ دے، تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آپ کے تمام پیاروں کا حامی وناصر ہو،اور اللہ تعالیٰ ہم سب کو مکرم چوہدری عبداللہ صاحب مرحوم کی تمام نیکیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(محمود احمد ملہی۔جرمنی)

پچھلا پڑھیں

الفضل آن لائن 13 اکتوبر 2022

اگلا پڑھیں

ارشاد باری تعالی